انڈیا۔آسٹریلیا،ٹی۔20 کا آخری اور فیصلہ کن میاچ کل اتوار کو
حیدرآباد کا اُپل اسٹیڈیم تیار،پولیس کی جانب سے سخت انتظامات
شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں مختلف چیزیں لے جانے پر پابندی
حیدرآباد: 24۔ستمبر(سحر نیوز ڈاٹ کام)
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹوئنٹی ٹوئنٹی (T-20) میچوں کی سیریز کا تیسرا،اہم اور فیصلہ کن میاچ کل اتوار 25 ستمبر کوحیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم اُپل میں کھیلا جائےگا۔آج شام آسٹریلیا اور انڈیا کی ٹیمیں حیدرآباد پہنچ گئی ہیں۔اس فیصلہ کن میاچ کواسٹیڈیم میں اور ٹی وی پر دیکھنے کےلیے کرکٹ شائقین میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔وہیں اسٹیڈیم میں میاچ کے انعقاد کے لیے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (HCA) کی جانب سے تمامتر انتظامات کو قطعیت دی جارہی ہے۔
کل صبح دونوں ٹیمیں اس اسٹیدیم میں پریکٹس کریں گی۔جبکہ میاچ کا آغاز کل شام 7 بجے ہوگا۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان اس تین میچوں کی سیریز کا پہلا میاچ 20ستمبر کو آئی ایس بندرا اسٹیڈیم،موہالی میں کھیلاگیا تھا جسے آسٹریلیا نے پانچ وکٹس سے جیت لیا تھا۔
جبکہ 23 ستمبر کو ناگپور کے ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن گراؤنڈ میں کھیلےگئے دوسرے میاچ میں انڈیا نےآسٹریلیا کو 6 وکٹ سےشکست دیتےہوئے مقابلہ کومساوی کردیا۔
اب کل 25 ستمبر کو حیدرآباد کے اُپل میں موجود راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں تیسرا،آخری اور فیصلہ کن میاچ ہونےجارہا ہے۔وہیں اس میاچ کے ٹکٹس کی فروخت کے معاملہ کو لے کر بھی حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کو شدید الزامات کا سامنا ہے اور اس میں اختلافات کی اطلاعات بھی زیر گشت ہیں!!۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کل اتوار کو اُپل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس فیصلہ کن کرکٹ میاچ کے لیے رچہ کونڈہ پولیس کمشنریٹ کی جانب سے سخت اور وسیع تر انتظامات کیے جارہے ہیں۔رچہ کونڈا پولیس کی جانب سے اس میاچ کے دوران2،500 ملازمین پولیس کے ذریعہ بندوبست کیا جارہا ہے۔توقع ہے کہ 40 ہزار کرکٹ شائقین اُپل اسٹیڈیم میں اس میاچ کامشاہدہ کریں گے۔
اس میاچ کےسلسلہ میں پولیس کے بیشترسکیورٹی ونگس،مسلح فورسس کے پلاٹونس،آکٹوپس،ماونٹیڈ پولیس،لاءاینڈ آرڈرفورس،ٹریفک،اسپیشل برانچ، اور سنٹرل کرائم اسٹیشن(سی سی ایس) کو تعینات کیاجائے گا۔
اس سلسلہ میں کمشنر پولیس رچہ کونڈا مہیش بھگوت نے کل پریس کانفرنس منعقد کرتےہوئے بتایا کہ اُپل اسٹیڈیم کے باہری اور اندرونی مقامات کے علاوہ چیک پوائنٹس اور پارکنگ کے علاقوں میں زائداز 300 سی سی ٹی وی کیمرےنصب کیے گئے ہیں۔جن کےذریعہ اُپل اسٹیڈیم اور کرکٹ میاچ کے دؤران سخت نظر رکھی جائے گی۔
کمشنر پولیس رچہ کونڈانے انکشاف کیا کہ ان تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو بنجارہ ہلز میں موجودنیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے جوڑا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ کیمروں کےفوٹیج کی نگرانی کےلیےجوائنٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔جہاں سے انسپکٹرز اور ایک ٹیم کیمروں کے فوٹیج کا مسلسل مشاہدہ کرتی رہے گی۔
کمشنر پولیس رچہ کونڈا مسٹر مہیش بھگوت کےمطابق اس کرکٹ میاچ کے اختتام تک انسداد سبوتاج ٹیمیں میدان پر رہیں گی تاکہ کسی بھی واقعہ پر پولیس ملازمین فوری اقدامات کو یقینی بناپائیں۔انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم پر اسکیانرس نصب کیےگئے ہیں تاکہ اسٹیڈیم میں دھماکہ خیز اشیاء اور دیگرممنوعہ اشیاء کولے جانے سے روکا جاسکے۔وہیں دھماکہ خیز مادہ یا بموں کو ناکارہ بنانے والی ٹیموں اور ڈاگ اسکواڈ کا بھی انتظام کیا گیاہے۔ تاکہ اسٹیڈیم اور پارکنگ کے مقامات پر تمام کےتحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔اسٹیڈیم کے تمام داخلے کےمقامات پر چیک پوسٹس قائم کیےگئے ہیں۔
دوسری جانب رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے آفیشل ٹوئٹر،فیس بک اور انسٹاگرام پیج پر پولیس کی جانب سے میاچ کے دؤران اسٹیڈیم میں عائد کی جارہیں پابندیوں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔میاچ کے دؤران اسٹیڈیم میں مذکورہ اشیاء ⬇️لے جانے پر پابندی عائدرہے گی۔
1)۔ لیاپ ٹاپ۔
2)۔ کیمرے اور ریکارڈنگ کی جانے والی دیگر الیکٹرانک اشیاء۔
3)۔ سیلفی اسٹکس۔
4)۔ پانی کی بوتلیں،شراب اور دیگر ڈرنکس۔
5)۔ سگریٹ ،لائٹرز اور ماچس باکس۔
6)۔ ہیلمٹ۔
7)۔ پالتو جانور۔
8)۔ پٹاخے۔
9)۔ کھانے کی تمام اشیاء۔
10)۔ بیاگس۔
11)۔ بندوق،چاقو اور دیگر ہتھیار۔
12)۔ نشہ آور و ممنوعہ اشیاء۔
https://twitter.com/RachakondaCop/status/1573268051956756481
کمشنر پولیس رچہ کونڈا مسٹر مہیش بھگوت نے کہا ہے مذکورہ بالا ان اشیاء کو کسی بھی حال اسٹیڈیم میں لے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ شائقین ان تمام پہلوؤں اور پابندیوں پر عمل کرتے ہوئے کرکٹ میاچ سے لطف اندوز ہوں اور ساتھ ہی پولیس کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔