سنگِ گراں ہے راہ میں حائل تو کیا ہوا
منزل چھپی ہوئی تو میرے حوصلوں میں ہے
فوج میں بھرتی ہونے کا عزم،روزنصف شب کے بعد دس کلومیٹر کی دؤڑ
پردیپ مہرہ خاندان کی کفالت کے ساتھ اپنی مشق میں مصروف
سوشل میڈیا پر ویڈیو نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے
سابق لیفٹننٹ جنرل کی پیشکش،ہرطرف سے ستائش
نئی دہلی: 24۔مارچ(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)
عزم،ہمت،حوصلہ اور منزل کو پانے کی جستجو کے لیے جہاں سخت محنت درکار ہوتی ہے،وہیں اس کے لیے جنون کی حد تک اپنی کوشش جاری رکھنا لازمی ہوتا ہے۔منزل انہی کو ملتی ہے جو اسے پانے کے لیے بلا تھکن اپنی کوشش جاری رکھتاہے۔زندگی کا کوئی بھی شعبہ ہو محنت،ایمانداری،حوصلہ مندی اور لگاتار اپنے حذف کا تعاقب لازمی مانے جاتے ہیں۔اور ایسوں کی قدر دنیا بھی کرتی ہے۔

گزشتہ تین دنوں سے سوشل میڈیا کے تقریباً تمام پلیٹ فارمز پر ایک باہمت اور حوصلہ مند 19 سالہ لڑکے کے ویڈیوز کی سونامی آئی ہوئی ہے۔اور شاید سوشل میڈیا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس کے تمام پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو کروڑہا ناظرین نے دیکھا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
سوشل میڈیا کے بعد یہ لڑکا نیشنل میڈیا اور کئی علاقائی زبانوں کےنیوز چینلوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔اورسوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ میڈیا کے ذریعہ بھی یہ لڑکا دنیا بھر کے کروڑہا لوگوں تک پہنچ گیا ہے۔اس لڑکے کا وہ ویڈیو جس نے بھی دیکھا تعریف کیے بنا نہیں رہ سکتا۔
نامور فلمساز و صحافی ونود کاپری VinodKapri@ جن کی پیدائش 1972 میں سکندرآباد (حیدرآباد) میں ہوئی ہے۔ویسے ان کا تعلق اتراکھنڈ کے پتور گڑھ سے ہے لیکن چونکہ ان کے والد آرمی میں تھے تو انہوں نے سکندرآباد،جموں و کشمیر،ادھم پور، سلی گری،مغربی بنگال،بریلی اور اترپردیش میں خدمات انجام دے ریٹائرڈ ہوئے۔اس طرح ونود کاپری کی تعلیم ان تمام مقامات کے کیندریہ ودیالیہ میں ہوئی۔ایک اور چونکادینے والا انکشاف یہ ہے کہ بیباک اور نامور صحافی "ساکشی جوشی” SakshiJoshi@ ونود کاپری کی اہلیہ ہیں۔
صحافی ساکشی جوشی چند سال سے گودی میڈیا کے چندمکروہ چہروں کے درمیان غیر جانبدار اور بیباک صحافت کی ایک اعلیٰ مثال کے طور پر یوٹیوب،فیس بک اور ٹوئٹر کے علاوہ دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شہرت کے عروج پر ہیں۔
ونود کاپری کئی نامور میڈیا چینلس پر مختلف اور انوکھے واقعات کو پیش کرتے ہوئے شہرت حاصل کرچکے ہیں۔بعدازاں وہ فلمسازی کی جانب راغب ہوئے اور 2014 میں اپنی ڈاکیومنٹری فلم پر انہیں نیشنل ایوارڈ بھی حاصل ہوا۔ونودکاپری نے 2015 میں فلم”مس تنک پور حاضر ہو”کے ذریعہ اداکار امیتابھ بچن،فلمساز راج کمار ہیرانی،مدھر بھنڈارکر کی ستائش حاصل کی۔
ونود کاپری کا تعارف یہاں اس لیے لازمی سمجھا گیا کہ ان کی زندگی بھی جہدمسلسل اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بین ثبوت ہے۔
دراصل ونود کاپری نے 20 مارچ کو اپنے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل پر ایک” تین منٹ دس سیکنڈ” کا ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”یہ خالص سونا ہے۔کل رات 12 بجے نوئیڈا کی سڑک پر میں نے اس لڑکے کو کندھے پر بیاگ لیے بہت تیزی سے بھاگتے دیکھا۔میں نے سوچا کہ کسی پریشانی میں ہوں گے،لِفٹ دی جائے۔بار بار لِفٹ کی پیشکش کی لیکن اس نے انکار کر دیا۔وجہ سنیں گے تو آپ کو اس بچے سے پیار ہو جائے گا ️😊 "
https://twitter.com/vinodkapri/status/1505535421589377025
ونود کاپری کی جانب سے پوسٹ کیے گئے اس ویڈیو کو تین دنوں کے دؤران آج تک 11.1 ملین ناظرین نے دیکھا ہے۔جبکہ 30,0487 ٹوئٹر صارفین نے اس ویڈیو کو لائیک کیا ہے۔جبکہ اس ویڈیو کو 90,300 ٹوئٹر صارفین نے ری۔ٹوئٹ کیا ہے۔وہیں 12,800 افراد نے کمنٹ کیے ہیں۔جبکہ انٹرنیشنل میڈیا ادارہ Brut نے بھی ونود کاپری کا یہ ویڈیو تیار کیا ہے۔جس کو صرف ٹوئٹر پر ہی 45،000 سے زائد ناظرین دیکھ چکے ہیں۔اس کے علاوہ فیس بک،انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو لاکھوں صارفین نے دیکھتے ہوئے اس ویڈیو اور اس ویڈیو میں دؤڑ رہے لڑکے کی جم کر تعریف کررہے ہیں۔
جبکہ ساکشی جوشی کی جانب سے ان کے یوٹیوب چینل Sakshi Joshi@ جس کے 6,16,000 سبکرائبرس ہیں پر اب تک اس ویڈیو کو 2,41,696 یوٹیوب صارفین نے دیکھا ہے۔
وہیں ساکشی جوشی جن کے فیس بک پیچ پر 9.31.000 فالوورس ہیں پر اسی ویڈیو کو 7.2 صارفین نے دیکھا،1,15,000 صارفین نے اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے اور 11،000 فیس بک یوزرس سے کمنٹس کیے ہیں۔اس کے علاوہ اس ویڈیو کو بی بی سی سمیت کئی بین الاقوامی میڈیا اداروں نے بھی استعمال کیا ہے۔بہرحال اس لڑکے کا ویڈیو کروڑہا افراد نے دیکھا ہے۔
اسی طرح 21 مارچ کو”این ڈی ٹی وی (ہندی)” کی جانب سے فیس بک پر پوسٹ کیے گئے اسی ویڈیو کو اب تک 9.6 ملین صارفین نے دیکھا ہے،جبکہ اس ویڈیو کو 7،97،000 فیس بک صارفین نے لائیک کیا ہے،37،000 صارفین نے فیس بک پر شیئر کیا ہے۔اور 10،000 سے زائد کمنٹس کیے گئے ہیں۔
یہ ویڈیو نصف شب کے بعد لیا ہوا ہے۔اس ویڈیو میں کار میں سوار ونود کاپری اور سڑک پر دؤڑ لگارہے پسینہ میں تربتر 19 سالہ پہاڑی لڑکے”پردیپ مہرہ”PradeepMehra#"کے درمیان ہونے والی گفتگو پرمشتمل ہے پردیپ مہرہ اتراکھنڈ کا ساکن ہے۔

اس ویڈیو میں ونود کاپری اور اس 19 سالہ دؤڑ لگارہے پردیپ مہرہ کے درمیان جاری گفتگو کے دؤران اس لڑکے کے چہرہ پر مسکراہٹ تھی جو کہ ونود کاپری کے مختلف سوالات کا دؤڑتے ہوئے ہی جواب دے رہا تھا۔جس کا لبِلباب یہ ہے کہ پردیپ مہرہ "میاک ڈونالڈ” کمپنی واقع سیکٹر 16 میں ملازمت کرتاہے۔اور اپنے بڑے بھائی کے ساتھ نوئیڈا کے برولا میں رہتا ہے۔روز رات کو اپنی ملازمت کے بعد وہ اسی طرح دؤڑ لگاتے ہوئے دس کلومیٹر کے فاصلہ پر برولا میں موجود اپنے مکان پہنچتا ہے۔
پردیپ مہرہ نے بتایا کہ وہ ہندوستانی فوج میں بھرتی ہونا چاہتا ہے۔اسی لیے روز اتنی سخت اور طویل دؤڑ لگاتا ہے۔اس نے ونود کاپری کو بتایا کہ اس کی بیمار ماں فی الوقت ہسپتال میں شریک ہے۔
اس واقعہ کے دوسرے دن صبح پروڈیوسر اور فوٹوگرافر اتل کبسیکر AtulKabsekar@نے Puma# پوما کمپنی کے شوز،موزے،ٹریک سوٹ اور دیگر اشیا پرمشتمل ایک بیاگ فلمساز ونود کاپری کے مکان پہنچایا تاکہ یہ تمام اشیا وہ پردیپ مہرہ تک پہنچائیں اور اس سے اسے مشق میں مدد حاصل ہو۔جسے ونود کاپری نے پردیپ مہرہ کے حوالے کردیا۔
بعد ازاں ونود کاپری اور ان کی اہلیہ صحافی ساکشی جوشی نے نوجوان پردیپ مہرہ سے خود ملاقات کی۔انہیں اپنے مکان لایا۔اس موقع پر انتہائی خوش نظر آرہے پردیپ مہرہ نے ان دونوں کی جانب سے ملک کے لوگوں کے نام پیغام پوچھنے پر اس نوجوان کا جواب تھا کہ "محنت کے آگے دنیا جھکتی ہے”۔

پردیپ مہرہ بالخصوص قوم کے ان نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے جو رات دن سوشل میڈیا کی لت میں گرفتار،رات بھر پان کے ڈبوں،حقہ سنٹروں،ہوٹلوں اور چبوتروں کو آباد کرتے ہوئے،دن میں پارکوں اورسینما تھیٹروں کو اور شام کو شادیوں اور ولیمہ کے علاوہ دیگر تقریبات میں مست مگن رہتے ہیں!! پھر اس پر ان کا یہی رونا ہوتا ہے کہ انہیں ملازمتیں نہیں مل رہیں!اور نہ ہی کوئی ڈھنگ کی نوکری ہی مل رہی ہے۔!!
یاد رہے کہ 19 سالہ نوجوان پردیپ مہرہ میاک ڈونالڈ میں ملازمت کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کررہا ہے اور ساتھ ہی فوج میں بھرتی ہونے کی غرض سے روزآنہ نصف شب کو ملازمت کے بعد دس کلومیٹر کی دؤڑ لگاتے ہوئے اپنی مشق جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے کہا ہے کہ” محنت کے آگے دنیا جھکتی ہے ۔”
19 سالہ پردیپ مہرہ اب سوشل میڈیا کا ہیرو بن گیا ہے۔کئی نیوز چینلس نے پردیپ مہرہ کو اپنے اسٹوڈیو میں طلب کرتے ہوئے ان سے انٹرویو بھی لیا۔جس پر مشہور سوشل میڈیا یوزر”رافل گاندھی” Rofl Gandhi@ نے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ”اسٹوڈیو میں کیوں بھگارہے ہو بھائی،بابا کا ڈھابہ ٹائپ بنادیں گے اب اس کو؟”
پردیپ مہرہ کے اس ویڈیو کو دیکھ کر ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے ملک کے مشہور صنعت کار آنند مہندرا AnandMahindra@ نے ٹوئٹ کیا ہے کہ”یہ واقعی متاثر کن ہے۔حقیقت یہ ہے کہ وہ بہت آزاد ہے اور سواری کی پیشکش سے انکار کرتا ہے۔اسے مدد کی ضرورت نہیں ہے۔وہ آتم نربھر ہے!”
اسی طرح پردیپ مہرہ والے ونود کاپری کے اس ویڈیو کو ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے”لیفٹنٹ جنرل ستیش دُواء Lt Gen Satish Dua@” (ریٹائرڈ) نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”اس کا جوش قابل ستائش ہے،اور اس کی میرٹ پر بھرتی کے امتحانات پاس کرنے میں مدد کرنے کے لیے میں نے کمان رجمنٹ کے کرنل،مشرقی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل رانا کلیتا سے بات چیت کی ہے۔وہ اپنی رجمنٹ میں بھرتی کے لیے لڑکے کو تربیت دینے کے لیے ضروری انتظام کررہے ہیں۔جئے ہند 🇮🇳 "
VinodKapri#
SakshiJoshi#
PardeeepMehra#
Army#
Twitter#

