شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے سے جیل میں ملاقات کی، نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیدار شاہ رخ خان کے مکان پہنچے

شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے سے جیل میں ملاقات کی
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیدار شاہ رخ خان کے مکان پہنچے

ممبئی :21۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام؍ایجنسیز)

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان بالآخر پورے 20 دن کے بعد آج صبح اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھرروڈ جیل پہنچے۔شاہ رخ خان نے جیل میں زائد از 20 منٹ گزارے۔تاہم انہوں نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی۔

یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے آج پہلی مرتبہ اپنے فرزند آریان سے ملاقات کی جنہیں 2 اکتوبر کو ممبئی سے گوا جانے والی کروز سے منشیات معاملہ میں تحویل میں لیا گیا تھا۔

شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان نے گزشتہ جمعہ کو جیل میں قید اپنے بیٹے سے ویڈیو کال پر بات کی تھی اور اس معاملہ میں اب تک شاہ رخ خان نے کوئی عوامی بیان نہیں دیا ہے۔

فلم اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان (23 سالہ) کی درخواست ضمانت کل تیسری مرتبہ ممبئی کی این ڈی پی ایس خصوص عدالت نے مسترد کردی تھی جو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل کے بعد 8 اکتوبر سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں قید ہیں۔

ان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچا کی درخواست ضمانت بھی مسترد کی گئی ہے جنہیں آریان خان کے ساتھ کروز سے تحویل میں لیا گیا تھا۔

شاہ رخ خان کی جیل میں اپنے بیٹے آریان خان سے ملاقات کے چند گھنٹوں بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) عہدیداروں کی ایک ٹیم آج بعد دو پہر شاہ رخ خان کے مکان ” منت ” پہنچی۔

عہدیداروں نے میڈیا کو بتایا کہ این سی بی کی ٹیم نے کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے شاہ رخ خان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا نہ کہ کسی تلاش کے لیے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے اسی وقت شاہ رخ خان کے مکان کا دورہ کیا جب انسداد منشیات ایجنسی کی ایک اور ٹیم نے اداکار اننیا پانڈے کے مکان پر دھاوہ منظم کیا!!

دوسری جانب خبررساں ادارہ اے این آئی کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ آریان خان کی درخواست ضمانت کی 26 اکتوبر کو سماعت کرے گی۔