واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹاگرام کی خدمات متاثر
دنیا بھر میں چارگھنٹوں سے مشہور سوشل میڈیا سائٹس بند
لندن؍نئی دہلی؍حیدرآباد: 04۔اکتوبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)
آج پیر 4 اکتوبر کی رات 9 بج کر 20 منٹ سے شاید آپ نے بھی واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹا گرام پر پیغامات روانہ کرنے اور وصول کرنے میں مشکلات کا سامنا کیا ہوگا؟

اس دؤران آپ نے موبائل ایس ایم ایس کے ذریعہ پیغامات کی ترسیل کی ہوگی؟
اپنے موبائل فون کا نیٹ ورک،انٹرنیٹ ڈاٹا یا پھر اپنے وائی فائی کنکشن کو بھی کئی مرتبہ چیک کیا ہوگا؟
اور شاید آپ نے اپنے موبائل فون کو بند کرکے دوبارہ آن بھی کیا ہوگا؟
گھبرائیں نہیں یہ مسئلہ ہندوستان سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک کے وہاٹس اپ،فیس بک اورانسٹاگرام کے صارفین کے ساتھ پیش آیا ہے اس دؤران سوشل میڈیا کی یہ تینوں مشہور سائٹس اچانک ڈاون ہوگئی ہیں۔
اس سلسلہ میں واٹس ایپ نے ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ” ہمیں اطلاع ہے کہ چند صارفین واٹس ایپ کے استعمال میں مشکلات کا شکار ہیں،اور ہم اس پر کام کررہے ہیں کہ جلد ہی خدمات بحال ہوں،اور جتنا جلد ممکن ہو ہم آپ کو اپ ڈیٹ کریں گے "

ہندوستان سمیت مختلف ممالک کے تمام صارفین کیساتھ یہ اتفاق اس وقت پیش آیا جب سوشل میڈیا کی مشہور اور بہت زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا سائٹس ” واٹس ایپ” "فیس بک” اور ” انسٹاگرام ” کی خدمات اچانک معطل ہوگئی ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ تکنیکی مسئلہ پیش آجانے سے خدمات متاثر ہوئی ہیں۔ اسی دؤران کچھ وقفہ کے لیے Google# اور Gmail# کی خدمات بھی متاثر رہیں۔

واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام انتظامیہ کی جانب سے چار گھنٹوں کے گزر جانے کے بعد بھی ٹوئٹر کے ذریعہ یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ ان کی خدمات کب تک بحال ہوں گی؟
تاہم اس دؤران مشہور مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی خدمات میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئیں جہاں سینکڑوں ٹوئٹر صارفین واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹاگرام کے ڈاؤن ہوجانے پر مختلف میمس پیش کرتے رہے۔اسی دؤران ٹوئٹر کی خدمات میں بھی خلل پیدا ہونے کے ٹوئٹس آتے رہے۔
یاد رہیکہ فیس بک،انسٹا گرام اور واٹس ایپ ایک ہی مالک مارک زکربرگ کی ملکیت ہیں۔
ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 20-1 بجے ” اس رپورٹ کو دوبارہ اپ ڈیٹ ” کیے جانے تک بھی (یعنی مکمل چار گھنٹوں کا وقفہ گزر جانے کے بعد) واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی خدمات بحال نہیں ہوئی ہیں۔
جس کی وجہ سے صارف واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹاگرام پر پیغامات بھیجنے سے قاصر ہیں۔اسی دؤران واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹا گرام کے صارفین جن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے ٹوئٹر پر پہنچ گئے ہیں اور وہاں لگاتار اپ ڈیٹ کررہے ہیں کہ ان کے پاس واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی خدمات ہنوز بند ہیں۔
جبکہ ٹوئٹر پر واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی خدمات میں اس طرح اچانک اور طویل تعطل پر مختلف ویڈیوس اور فوٹوز پر مشتمل میمس Memes# پوسٹ کیے جارہے ہیں۔اور مارک زکربرگ کے نام کا ہیش ٹیاگ بھی ٹاپ پر ٹرینڈ کررہا ہے۔

امریکی ڈاون ڈٹیکٹر Downdetector جو تمام قسم کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمس کے معاملات اور انکی کم یاختم ہونے والی خدمات پر نظر رکھتا ہے اور بندش کے اصل وقت کا جائزہ فراہم کرتا ہے ٹوئٹر پر لگاتار ٹوئٹس کرتا رہا کہ فیس بک،واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو تکنیکی مسائل درپیش ہیں۔اس کے مطابق ٹوئٹر ،گوگل، ٹک ٹاک،ٹیلیگرام کی خدمات بھی متاثر ہوتی رہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 18 فروری، 19 اکتوبر اور 16 ڈسمبراور جاریہ سال 20 مارچ جمعہ کی رات 11 بج کر 18 منٹ سے 11 بج کر 48 منٹ تک بھی نصف گھنٹے کے لیے ہندوستان کے ساتھ ساتھ کئی ممالک میں واٹس ایپ،فیس بک اور انسٹا گرام کی خدمات اچانک بند ہوگئی تھیں نصف گھنٹہ بعد یہ خدمات بحال ہوئی تھیں۔

