حکومت تلنگانہ کی ڈرائیور ایمپاورمنٹ اسکیم
تانڈور کے تین مسلم نوجوانوں کو کاریں حوالے کردی گئیں
حکومت،ایم ایل سی مہندر ریڈی اور سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف کا نوجوانوں نے شکریہ ادا کیا
وقارآباد/تانڈور: 01۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ بیروزگار اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں کے لیے متعارف کردہ ڈرائیور ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت تانڈور کے ساکن ظہیر پاشاہ،محمد تاج الدین اور موضع جنگاؤں،پدیمول منڈل کے محمد پاشاہ کو کل تین سوئفٹ ڈیزائر کاروں کی اجرائی عمل میں لائی گئی۔
ان تینوں نوجوانوں نے آج حکومت کی جانب سے انہیں دی گئیں کاروں کے ساتھ سابق صدر تانڈورٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی اس اسکیم سے مستفید ہونے کے لیے ان کی رہنمائی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر، ریاستی وزیر اقلیتی امور کوپالا ایشور،رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندر ریڈی کا بھی شکریہ اداکیا۔
اس موقع پر سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف نے کہا کہ حکومت تلنگانہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ اقلیتی طبقہ کی بھی معاشی،سماجی اور تعلیمی سطح پر ترقی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ڈرائیور ایمپاورمنٹ اسکیم کا آغاز کیا گیا تھا 2019ء میں اس کے لیے درخواستیں طلب کی گئی تھیں تاہم گزشتہ سال سے کورونا وباء کے باعث اس اسکیم پر فوری عمل آوری ممکن نہیں ہوپائی تھی۔
تاہم ماہ جولائی میں تمام سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت ریاست میں 300مستحق درخواست گزاروں کو کاریں منظور کرتے ہوئے کل یہ کاریں منتخب امیدواروں کے حوالے کی گئیں۔

سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف نے بتایا کہ سات لاکھ 50 ہزار روپئے مالیتی ایک کار کے لیے منتخبہ امیدواروں نے 50 ہزار روپئے ادا کیے ہیں۔جبکہ اس کار پر دو لاکھ 50 ہزار روپئے کا فینانس رہے گا جسے پانچ سال میں ادا کرنا ہوگا۔وہیں ماباقی ساڑھے چار لاکھ روپئے کی سبسڈی حکومت کی جانب سے دی گئی ہے۔
کاریں حاصل کرنے والے ظہیر پاشاہ،محمد تاج الدین اور محمد پاشاہ کو سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ ان کاروں کے ذریعہ اپنی معاشی حالت کو بہتر بنائیں۔اس موقع پر ٹی آرایس قائد سید مسعود احمد اور دیگر موجود تھے۔

