وزیراعظم نریندرمودی سے چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کی ملاقات
کسان قوانین واپس لینے کا مطالبہ،کرتارپور کوریڈور دوبارہ کھولنے کے لیے نمائندگی
نئی دہلی:01۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
پنجاب کانگریس میں جاری جاری ہلچل،صدر پنجاب کانگریس نوجوت سنگھ سدھو اور ان کی تائید میں ریاستی وزیر رضیہ سلطانہ سمیت دیگرتین کانگریسی قائدین کے استعفیٰ،کل پنجاب کے ریاستی کابینہ کے اجلاس کا انعقاد،نوجوت سنگھ سدھو کی جانب سے استعفیٰ واپس لینے سے انکار۔
کانگریس کے سابق چیف منسٹر کیپٹن امریندرسنگھ کی دو دن قبل دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات اور آج کیپٹن امریندرسنگھ کی جانب سے کانگریس پارٹی سے علحدگی اور پنجاب میں نئی سیاسی جماعت کے قیام کی اطلاعات کے درمیان چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی جنہوں نے 20 ستمبر کو اپنے عہدہ کا حلف لیا ہے آج پہلی مرتبہ دہلی میں وزیر اعظم نریندرمودی کی رہائش پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پر چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے وزیراعظم نریندر مودی کو پنجاب کے امرتسر میں موجود مشہور گولڈن ٹمپل کا یادگار مومنٹو پیش کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دؤران وزیراعظم نریندرمودی اور چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کے درمیان پنجاب کے مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندرمودی سے کہا ہے کہ تین کسان قوانین کے خلاف دس ماہ سے دہلی اور اطراف میں احتجاج کر رہے کسانوں سے بات چیت کے ذریعہ اس مسئلہ کو حل کیا جائے۔اس احتجاج میں زیادہ تر پنجاب اور ہریانہ کسان شامل ہیں۔
https://twitter.com/CMOPb/status/1443921358245617667
ساتھ ہی مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے تینوں کسان قوانین کو بھی واپس لینے کا انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیاہے۔ ساتھ چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی نے وزیراعظم نریندرمودی سے نمائندگی کی کہ کوویڈ وبا کے باعث بند کیا گیا کرتار پور کوریڈ دوبارہ کھولا جائے۔

