رکن پارلیمان چیوڑلہ رنجیت ریڈی نے ندی میں بہہ کر ہلاک اسحاق پاشاہ کی بیوہ سے ملاقات کی
ایک لاکھ روپئے کا چیک حوالے،مزید امداد کا تیقن،واقعہ پر افسوس کا اظہار
مرحوم کی دونوں جڑواں لڑکیوں کو اپنے ہاتھوں میں اٹھالیا
وقارآباد: 30۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے آج رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند کے ساتھ وقارآباد منڈل کے موضع پلسومامڑی پہنچ کر پیر کی رات موضع کی ندی میں موٹرسیکل سمیت بہہ کر ہلاک ہونے والے وارڈ ممبر اسحاق پاشاہ کے مکان پرمتوفی اسحاق پاشاہ کے افراد خاندان اور ان کی اہلیہ ثمینہ بیگم سے ملاقات کرتے ہوئے نوجوان کی موت پر شدید رنج وغم اظہار کیا اور انہیں پرسہ دیا۔
اس موقع پر متوفی اسحاق پاشاہ کی اہلیہ ثمینہ بیگم جنہیں دو ماہ کی دو جڑواں بیٹیاں بھی ہیں کو روتے ہوئے دیکھ کر رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے انہیں حوصلہ دیا۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی اور رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند نے ان دونوں نومولود جڑواں لڑکیوں کو اپنے ہاتھوں میں اٹھالیا۔
بعدازاں رکن پارلیمان ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے رنجیت ریڈی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک لاکھ روپئے کی ابتدائی امداد کا چیک اسحاق پاشاہ کی بیوہ ثمینہ بیگم کے حوالے کرتے ہوئے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے امداد کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور مستقبل میں وہ اور رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند اسحاق پاشاہ کے خاندان کی تمام ضروریات کا خیال رکھیں گے۔
رکن پارلیمان چیوڑلہ اور رکن اسمبلی وقارآباد نے اس موقع پر اسحاق پاشاہ کے والد خواجہ میاں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اس واقعہ پر تاسف کا اظہار کیا اور انہیں پرسہ دیا۔
رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔رنجیت ریڈی نے متوفی اسحاق پاشاہ کی بیوہ ثمینہ بیگم کو حوصلہ دیتے ہوئے تاکید کی کہ وہ اپنی ان دونوں جڑواں لڑکیوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی قسم کی ضرورت ہو تو انہیں اطلاع دیں وہ اس خاندان کے لیے ہمیشہ دستیاب رہیں گے اور تمام امداد کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے۔

یاد رہے کہ کل ہی ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند،ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا ،رکن ریاستی بی سی کمیشن شبھاپردھ پٹیل، نائب صدر ضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار،ایڈیشنل کلکٹر موتی لالموضع پلسومامڑی پر پہنچ کر اس متاثرہ خاندان سے ملاقات کی تھی۔ اور تیقن دیا تھا کہ حکومت اس خاندان کے ساتھ ہے اور تمام ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے ضلع کلکٹر وقارآباد نکھیلا کو ہدایت دی تھی کہ متوفی اسحاق پاشاہ کی اہلیہ ثمینہ بیگم کو آؤٹ سورسنگ کے تحت ملازمت فراہم کی جائے۔

