وزیراعظم نریندرمودی کی سالگرہ
راہول گاندھی کی چارلفظی مبارکباد،مودی کے مداح برہم
نئی دہلی: 17۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
وزیراعظم نریندرمودی آج 17ستمبر کو اپنی 71 ویں سالگرہ منارہے ہیں جن کی پیدائش 17ستمبر 1950 کو شمالی گجرات کے مہسانہ ضلع میں ہوئی۔
نریندر مودی کا سیاسی سفر 1984ء میں شروع ہوا۔بچپن سے ہی وہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آرایس ایس ) کے رکن رہے۔2001ء میں نریندر مودی کواس وقت کے چیف منسٹر گجرات کیشوبھائی پٹیل کی جانب سے صحت کی بناء پر استعفیٰ دینے کے بعدگجرات کے چیف منسٹر کی ذمہ داری تفویض کی گئی تب سے وہ زائد از 13سال گجرات کے چیف منسٹر رہے۔
بعدازاں 2014ء اور 2019ء کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد سے وہ ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے اپنی دوسری معیاد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نریندرمودی کی سالگرہ کے دن آج کانگریس ملک بھر میں "بیروزگاری دن” UnEmployment Day کے طور پر منارہی ہے جو کہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر ٹرینڈ کررہا ہے۔
آج سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وزیراعظم نریندر مودی کو سالگرہ کی مبارکباد دی جارہی ہے۔
مبارکباد دینے والوں میں سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان راہول گاندھی بھی شامل ہیں۔جنہوں نے ٹوئٹر اور فیس بک پر سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ” Happy Birthday,Modi ji ” لکھا ہے۔
جس کے خلاف سوشل میڈیا پر وزیراعظم نریندر مودی کے مداح،بی جے پی کارکن اور ہمدردبرہمی ظاہر کررہے ہیں کہ ملک کے وزیراعظم جیسے بڑے عہدہ پر فائز نریندرمودی کو اتنی مختصر اور چار لفظی مبارکباد کیسے دی جاسکتی ہے؟جبکہ وزیراعظم نریندرمودی کے مداحوں کی شکایت یہ بھی ہے کہ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نریندر مودی کو ٹیاگ کرتے ہوئے مبارکباد نہیں دی ہے! اور یہ بھی سوال کیا جارہا ہے کہ مبارکباد کے ساتھ وزیراعظم کی تصویر کیوں نہیں لگائی گئی؟
وہیں دوسری جانب راہول گاندھی کے مداح ان کی تعریف کررہے ہیں کہ تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وزیر اعظم کو سالگرہ کی مبارکباد دینا ایک اچھا عمل ہے۔
اس سلسلہ میں سابق رکن اسمبلی چاندنی چوک،دہلی اور کانگریسی قائد الکا لامبا نے راہول گاندھی کے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” بالکل،سالگرہ مبارک مودی جی، نیرؤمودی اور للت مودی کے لیے نہیں "
آج وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند،نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو،مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ تمام وزرا، بی جے پی کے چیف منسٹرس اور قائدین نے ٹوئٹر کے علاوہ فیس بک پر انہیں مبارکباد دی ہے۔

