وقارآباد ضلع : دھارور کی ندی میں ایک شخص بہہ گیا، دوسرے کو بچالیا گیا

وقارآباد ضلع : دھارور کی ندی میں ایک شخص بہہ گیا، دوسرے کو بچالیا گیا

وقارآباد :05۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے بشمول ضلع وقارآباد میں بھی گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اسی ہفتہ 29 اگست کی رات ضلع کے تین مختلف  مقامات پر سیلابی پانی سے لبریز ندیوں کو پار کرنے کی کوشش میں دو کاریں بہہ گئی تھیں جس میں ایک تین دن کی دلہن کے بشمول ایک خاتون،اس کا 8 سالہ لڑکے کے علاوہ دیگر دو افراد شامل ہیں۔ ان تمام کی نعشیں دوسرے دن ندیوں سے برآمد ہوئی تھیں۔اس طرح جاریہ ہفتہ ہی ضلع وقارآباد میں شدید بارش کے باعث پانچ ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

کل سے ضلع میں جاری بارش اور نصف شب کے بعد سے ہونے والی شدید بارش کے باعث ضلع کی ندیاں ، نالے ۔،تالاب ،چیک ڈیمس اور پراجکٹس لبریز ہوکر اپنی سطح کے اوپر سے بہہ رہے ہیں۔

ضلع وقارآباد کے دھارور منڈل کے ڈورنال میں آج سیلابی پانی کے باعث اپنی سطح سے اوپر بہنے والی ندی پار کرنے کی کوشش میں ایک شخص بہہ گیا جبکہ وہاں موجود ایک شخص نے اس کے ساتھی کو بچالیا۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ڈورنال موضع کے ساکن گوریپا اور کرشنا اسٹیشن دھارور میں رات میں منعقدہ محرم کے ایک پروگرام میںباجہ بجانے کے لیے گئے ہوئے تھے۔آج صبح جب یہ واپس اپنے گاؤں کو لوٹ رہے تھے توندی اپنی سطح کے اوپر سے بہہ رہی تھی جہاں نگرانی پر مامور پولیس نے انہیں ندی پار کرنے سے روک دیا اور کہا کہ ندی کی سطح کم ہوجانے کے بعد ہی وہ ندی پار کریں۔

تاہم کرشنا اور گوریپا ندی کے قریب دوسرے مقام سے پانی سے لبریز چیک ڈیم کے اوپر سے گزرتے ہوئے اپنے گاؤں پہنچنے کی کوشش کررہے تھے کہ دونوں چیک ڈیم کی ندی کے پانی میں بہہ گئے تاہم وہاں موجود ایک شخص نے کرشنا کو بحفاظت اس پانی سے باہر نکال لیا تاہم گوریپا اس ندی کے پانی میں بہہ گیاگوریپا کا اب تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔

دھارور منڈل کے ڈورنال موضع کی ندی میں پیش آیا واقعہ ( ویڈیو)