تانڈور کے ایک مقفل مکان میں قفل شکنی کے ذریعہ دو کلو چاندی کا سرقہ، پولیس میں شکایت درج
وقارآباد/تانڈور: 19۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
تانڈور کے ملپا ہوٹل علاقہ میں موجود ایک مقفل مکان سے نامعلوم سارقوں نے قفل شکنی کے ذریعہ دو کلو چاندی اور دس عدد قیمتی ساڑیوں کا سرقہ کرلیا یہ واقعہ آج منظر عام پر آیا ہے۔
سب انسپکٹر پولیس تانڈور گیری کے مطابق تانڈور کے بیوپاری ایس۔راجندر کمار ،ساکن ملپا ہوٹل ،سی سی آئی روڈ نے آج پولیس میں شکایت درج کروائی ہے کہ وہ 4 اگست کو اپنے مکان کو مقفل کرکے اپنے افراد خاندان کے ساتھ حیدرآباد گئے ہوئے تھےاور آج 19 اگست کی دوپہر ایک بجے جب وہ اپنے مکان واپس ہوئے تو مکان کا قفل ٹوٹا ہوا تھا اور دروازے کھلے ہوئے تھے۔
جب مکان میں داخل ہوکر دیکھا تو مکان میں اشیاء بکھری ہوئی پائی گئیں۔مکان میں موجود الماری کھلی ہوئی تھی اور اس میں موجود کپڑے اور دیگر اشیاء بکھری ہوئی تھیں اور اس میں موجود زائد از دو کلو چاندی کے بشمول دس قیمتی ساڑیاں چوری کرلی گئی ہیں۔ نامعلوم سارقوں نے یہ سرقہ کی واردات انجام دی ہے۔

سرقہ کی اس شکایت کے بعد سب انسپکٹر پولیس گیری نے متاثرہ مکان پہنچ کر مشاہدہ کیا اطلاع پر ڈی ایس پی تانڈور لکشمی نارائنا بھی جائے مقام پر پہنچ گئے اور تفصیلات حاصل کیں بعد ازں پولیس کلوز ٹیم طلب کرلی گئی۔اس سلسلہ میں مالک مکان راجندرکمار کی شکایت پر تانڈور پولیس نے ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
تانڈور میں نامعلوم سارقوں کی جانب سے سرقہ کی وارداتوں کی انجام دہی کے باعث عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ 14 اگست کو بھی تانڈور کی گرین سٹی کالونی میں شاہنواز کے مقفل مکان کو نامعلوم سارقوں نے قفل شکنی کے ذریعہ نشانہ بناتے ہوئے دو تولے وزنی سونا کے زیور اور 18,000 روپئے کا سرقہ کرلیا تھا جس کی شکایت پولیس میں درج کروائی گئی ہے۔
اسی طرح 14 اگست کو ہی گاندھی چوک کے علاقہ کی ایک جیولری شاپ سے نامعلوم سارقوں نے ایک سرکاری ٹیچر کلپنا کے پرس کا سرقہ کرلیا تھا جس میں ایک تولہ دو گرام سونا کے زیور موجود تھے۔اس سرقہ کی شکایت بھی تانڈور پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی تھی۔
پولیس سے عوام کا مطالبہ ہے کہ پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور ان نامعلوم سارقوں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔

