حیدرآباد میں نقلی نوٹ تیار کرنے والا ریاکٹ بے نقاب،پانچ گرفتار،16 لاکھ روپئےکے نقلی نوٹ ضبط

جرائم و حادثات ریاستی خبریں

حیدرآباد میں نقلی نوٹ تیار کرنے والا ریاکٹ بے نقاب

پانچ گرفتار،16 لاکھ روپئےکے نقلی نوٹ ضبط

حیدرآباد:19۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد پولیس نے آج ایک نقلی نوٹ تیار کرنے والے ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضہ سے 16 لاکھ روپئے کے نقلی نوٹوں کے علاوہ ان نقلی نوٹوں کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا لیاپ ٹاپ ، اسکیانراور پرنٹر بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔

اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے نقلی نوٹوں ، گرفتار شدگان اور ضبط شدہ اشیاء کو میڈیا نمائندوں کے روبرو پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار شدگان پانچوں کا تعلق سدی پیٹ سے ہے اور ان میں ایک بارڈر سیکورٹی فورس سے معطل شدہ کانسٹیبل سنکرا سرینواس بھی شامل ہے۔

کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ اس گروہ نے حیدرآباد کے جوبلی ہلز میں اپنا اڈہ قائم کرتے ہوئے پہلے 500 روپئے کے حامل دو نقلی نوٹ تیار کیے اور انہیں بازار میں چلایا ان نقلی نوٹوں کی کسی نے پہچان نہیں کی تو اس گروہ نے بڑے پیمانے پر نقلی نوٹ چھاپ دئیے۔

کمشنر پولیس انجنی کمارنے بتایا کہ اس گروہ کا اصل سرغنہ چکاپور م سنتوش کمار29سالہ جو کہ سدی پیٹ کا ساکن ہے یہ ایم بی اے کی تکمیل کے بعد بطور فوٹو گرافر ایک لیاب قائم کرنا چاہتا تھا تاہم اس کے پاس رقم نہیں تھی جس کے لیے اس نے نقلی نوٹ چھاپنا شروع کردیا۔

اور اس کے لیے چکاپورم سنتوش کمارنے سائی کمار24سالہ،نیرج کمار21 سالہ اور جلگم رام 20سالہ (دونوں طالب علم بتائے گئے ہیں) کے ساتھ مل کر اس کے لیے ایک گروہ تیار کرتے ہوئے نقلی نوٹ چھاپنے کے لیے درکار اشیاء جمع کیں اورانہوں نے ہوبہو اصلی نوٹوں کی طرح نقلی نوٹ تیار کیے

ان کی جانب سے چھاپے گئے نقلی نوٹوں کو بازار میں چلانے کی غرض سے بی ایس ایف کے معطل شدہ کانسٹیبل سنکرا سرینواس 31سالہ کو اپنے گروہ میں شامل کرلیا جس نے کمیشن کی غرض سے اس ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی۔

کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بتایا کہ اس گروہ نے 500 روپیوں کے نوٹوں کے حامل 16 لاکھ روپئے کے نقلی نوٹ چھاپ دئیے تھے۔

مصدقہ اطلاع کے بعد ٹاسک فورس (ویسٹ) نے ان نقلی نوٹوں کی تقسیم سے قبل ہی دھاوہ منظم کرتے ہوئے اس پانچ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے نقلی نوٹوں کے علاوہ ان کی تیاری میں استعمال شدہ اسکیانر ، پرنٹر اور لیاپ ٹاپ ضبط کیا گیا۔بعد ازاں اس گروہ کو ضبط شدہ نقلی نوٹوں اور دیگر اشیاء کے ساتھ جوبلی ہلز پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے