متحدہ ضلع رنگاریڈی میں چار ڈگری کالجس کے قیام کے لیے چیف منسٹرکے سی آر کی منظوری
وقارآباد اور پرگی بھی شامل،وزیر تعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے چیف منسٹر سے کیا اظہار تشکر
حیدرآباد:30۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے متحدہ ضلع رنگاریڈی (وقارآباد، رنگاریڈی اور ملکاجگیری/میڑچل) میں چار ڈگری کالجس کے قیام کو منظوری دی ہے۔ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی نمائندگی پر یہ منظوری دی گئی ہے۔
جس سے ان مقامات کے طلبہ،اؤلیائے طلبہ اور عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی ہے۔چار ڈگری کالجس کے قیام کی منظوری پرمتحدہ ضلع رنگاریڈی کے عوام کی جانب سے وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقارآباد، پرگی ،مہیشورم اور اوپل میں جاریہ تعلیمی سال سے ہی ان ڈگری کالجس میں تعلیم کا آغاز کردیا جائے گا۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ ان چاروں اسمبلی حلقہ جات میں ڈگری کالجس کے قیام کے لیے نمائندگی کی گئی تھی اور ساتھ ہی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے ان چار ڈگری کالجس کے قیام کو منظوری دیتے ہوئے اپنے انتخابی وعدہ کو عملی جامہ پہنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقارآباد ، پرگی ، مہیشورم اور اوپل میں طلبہ کو ڈگری کالجس کی سہولت حاصل نہ ہونے کے باعث وہ دیگر مقامات کا سفر کرتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور تھے۔
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ اب ان چاروں اسمبلی حلقہ جات میں ڈگری کالجس کے قیام کے بعد مقامی طلبہ کے علاوہ دیگر دیہی علاقوں کے طلبہ کو بھی سہولت حاصل ہوگی اور وہ اپنی آگے کی تعلیم جاری رکھ پائیں گے۔
یاد رہے کہ ان چار ڈگری کالجس کے قیام کی منظوری میں ضلع وقارآباد کے حصہ میں دو ڈگری کالجس آئے ہیں جن میں وقارآباد اور پرگی شامل ہیں۔

