تانڈور اور کوڑنگل کے ارکان اسمبلی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں،کانگریسی قائدین کا مطالبہ
آر ڈی او آفس پر تانڈور اور کوڑنگل کے کانگریسی قائدین اور کارکنوں کا دھرنا،سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے
وقارآباد/تانڈور:29۔جولائی (سحرنیوزڈاٹ کام)
رمیش مہاراج نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور اور ایم۔کرشنم راجو ریاستی سیکریٹری یوتھ کانگریس اور تانڈور،کوڑنگل اسمبلی حلقہ جات کے کانگریسی قائدین نے تانڈور اور کوڑنگل کے درمیان ، دونوں اسمبلی حلقوں میں خراب سڑکوں کی مرمت میں ناکام برسر اقتدار ٹی آرایس کے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی اور رکن اسمبلی کوڑنگل پی۔نریندرریڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں فوری طورپر اپنے اپنے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں۔
ان دونوں اسمبلی حلقہ جات جن کے درمیان 18 کلومیٹر کا فاصلہ ہے کی خراب سڑکوں کے خلاف احتجاج کے طور پر آج تانڈور ڈویثرن میں شامل حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے یوتھ کانگریس کے ریاستی سیکریٹری ایم۔کرشنم راجو کی قیادت میں ایک پدیاترا منعقد کی گئی تھی جسے پولیس سے ناکام بناتے ہوئے خصوصی گاڑیوں کے ذریعہ اپنی نگرانی میں تانڈور کے دفتر آرڈی او پہنچایا۔

جہاں ان کی قیادت میں کوڑنگل کے کانگریسی قائدین اور کارکن احتجاج کررہ تھے جن سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔رمیش مہاراج کی قیادت میں مقامی پارٹی قائدین اور کارکن بھی شامل ہوگئے۔
اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔رمیش مہاراج اور یوتھ کانگریس کے ریاستی سیکریٹری ایم۔کرشنم راجو اور دیگر کانگریسی قائدین نے کہا کہ تانڈور اور کوڑنگل کی سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہوگئی ہے اور ان دونوں حلقہ جات کے ارکان اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور پی۔نریندر ریڈی اس مسئلہ کو نظر انداز کررہے ہیں۔
ان کانگریسی قائدین نے دونوں ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے سی آر اور ریاستی وزیر کے ٹی آر زندہ آباد کے نعروں کے ذریعہ اپنی وفاداری ثابت کرنے کے بجائے سڑکوں کی حالت درست کریں جس سے دونوں اسمبلی حلقہ جات کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ان کانگریسی قائدین نے الزام عائد کیا کہ اسمبلی انتخابات کے موقع پر ریاستی وزیر کے ٹی آر نے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کو اپنی نگرانی میں لیتے ہوئے ترقی کا وعدہ کیا تھا تاہم آج تک کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔
نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و انچارج حلقہ اسمبلی تانڈور ایم۔رمیش مہاراج اور یوتھ کانگریس کے ریاستی سیکریٹری ایم۔کرشنم راجواور دیگر کانگریسی قائدین نے کہا کہ ان انتہائی ابتر سڑکوں کے باعث ہنگامی حالات میں تانڈور سے کوڑنگل اور کوڑنگل سے تانڈور کا سفر انتہائی مشکل ہوگیا ہے اور حادثات کے باعث انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کے حل کیلئے دونوں ارکان اسمبلی اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیں۔
کوڑنگل سے تانڈور آنے والی پدیاترا کو پولیس کی جانب سے روکے جانے پر بھی انہوں نے تنقید کی کہ یہ جمہوری حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ان کانگریسی قائدین نے انتباہ دیا کہ اگر اندرون پندرہ یوم سڑکوں کی حالت درست نہیں کی گئی تو عدالت کی اجازت کے ذریعہ اسکے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔
ان کانگریسی قائدین نے بعد ازاں آرڈی او تانڈور اشوک کمار کو ایک تحریری یادداشت حوالے کی۔
اس احتجاج میں کانگریس کے سینئرقائدین سابق نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور ایم اے علیم،اتم چند،جناردھن ریڈی،انیتا ریڈی،رکن ضلع پریشد پدیمول دارا سنگھ،نائب صدر یوتھ کانگریس ضلع وقارآباد عامر عبداللہ،صدر ٹاؤن کانگریس و رکن بلدیہ پربھاکر گوڑ،فلورلیڈر بلدیہ سرینواس ریڈی،سابق فلورلیڈربلدیہ لنگادلی روی کمار،ستیش کمار،پرشانت،بویا اشوک صدر یوتھ کانگریس تانڈور،انیل گوڑ،باتولا وینکٹیا کے علاوہ تانڈور اور کوڑنگل کے دیگر کانگریسی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعدا د موجود تھے۔

