علاج کی غرض سے پائی پائی کی شکل میں جمع کیے گئے دو لاکھ روپئے کے نوٹوں کو چوہوں نے کتردیا

علاج کی غرض سے پائی پائی کی شکل میں جمع کیے گئے دو لاکھ روپئے کے نوٹوں کو چوہوں نے کتر دیا

محبوب آباد :17۔جولائی(سحر نیوزڈاٹ کام)

موسموں کی سختی کو برداشت کرتے ہوئے اپنی خواہشات کو دباکر ترکاری بیچ کر اپنے علاج کی غرض سے جمع کیے گئے دو لاکھ روپیوں پر مشتمل نوٹوں کو جب چوہے کتر دیں تو سوچیں اس انسان کی کیا حالت ہوجائے گی!

جی ہاں تلنگانہ کے ضلع محبوب آبادکے ویمونور گرام پنچایت میں موجود اندرانگر تانڈہ کے ایک ترکاری فروش بھوکیا ریڈیا کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا ہے جس نے اس کی چہرے پر فکر اور پریشانیوں کی لکیروں کو مزید گہرا کردیا ہےکہ اس کی جانب سے اپنی دیگر ضروریات اور خواہشات کو دباکر پائی پائی جوڑکر جمع کی گئی اتنی بڑی رقم کو چوہوں نے کتردیا۔

بھوکیا ریڈیا گاؤں گاؤں گھوم کر ترکاری اور سبزی فروخت کرتے ہوئے اپنا ذریعہ معاش حاصل کرتا ہے اور اپنے خاندان کی کفالت بھی اسی کاروبار سے کرتا ہے۔

بیماری میں مبتلاء بھوکیا ریڈیا چند سال سے اپنے آپریشن کی غرض سے پائی پائی جوڑتا رہا اور اس رقم کو اپنے مکان کی الماری میں محفوظ کرتا گیا کہ چوہے اس الماری میں داخل ہوگئے اور اس کی جمع شدہ دو لاکھ روپیوں پر مشتمل رقم جو کہ نوٹوں پرمشتمل ہے کو کتردیا۔

ان چوہوں نے ایک نوٹ کو بھی نہیں چھوڑا اور سارے نوٹ کتردئیے۔ تمام رقم 500 روپیوں کے نوٹوں پر مشتمل ہے۔
اس کی جانب سے جمع کی گئی اس رقم کی حالت دیکھ کر بھوکیا ریڈیا سکتے میں آگیا۔

بھوکیا ریڈیا چوہوں کی جانب سے کتر دی گئی مکمل رقم کے ساتھ محبوب آباد کے اسٹیٹ بینک آف انڈیا پہنچ گیا تو بینک عہدیداروں نے اسے کہا کہ یہ تمام نوٹ ناقابل قبول اور ناقابل چلن ہیں اور بینک میں جمع نہیں کروائے جاسکتے یا پھر انہیں تبدیل کرنا بھی ممکن نہیں ہے جس کے بعد بھوکیا ریڈیا مزید مایوسی کا شکار ہوکر اپنے مکان لوٹ آیا۔

مایوس اور بیمار بھوکیا ریڈیا نے اپیل کی ہے کہ کوئی اس کے علاج کیلئے اس کی مدد کریں۔

جبکہ ریاستی اور مرکزی حکومت سے عوامی مطالبہ ہے کہ بیمار اور پریشان حال بھوکیا ریڈیا کے ان نوٹوں کو ریزرو بینک آف انڈیا کے ذریعہ تبدیل کرتے ہوئے اس غریب کی مدد کی جائے۔