تلنگانہ میں کوویڈ پر قابو پانا ہی حکومت کی اولین ترجیح،قرض حاصل کرنے کیلئے بھی تیار
محکمہ صحت،خانگی شعبہ طب اور دیگر شعبہ جات انسانی ہمدردی کا بھرپور مظاہرہ کریں
جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ
حیدرآباد:24۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانا ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسکے لیے جتنے کروڑ روپئے خرچ ہونگے اُتنی رقم حکومت خرچ کرنے کیلئے تیار ہے اور کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ضرورت پڑنے پر حکومت قرض حاصل کرنے کیلئے بھی تیار ہے کیونکہ ایک طرف کوروناوائرس اور دوسری طرف بلیک فنگس ریاست میں خوفزدہ ماحول بنائے ہوئے ہے۔

ساتھ ہی چیف منسٹر نے کہا کہ ایسے حالات میں ضرورت شدید ہے کہ حکومت کا محکمہ صحت اور عہدیداروں کیساتھ ساتھ خانگی شعبہ طب اور دیگر متعلقہ شعبہ جات انسانی ہمدردی کا بھرپور مظاہرہ کریں۔
ریاست میں کورونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات،بلیک فنگس کی بڑھتی وباء،جاریہ لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل آوری اور کوویڈ ویکسین اندازی جیسے امور پر تبالہ خیال کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ کی قیادت میں آج شام پرگتی بھون میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔
جس میں ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ہریش راؤ،ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار،پرنسپل سیکریٹری چیف منسٹر نرسنگ راؤ، چیف منسٹر کے سیکریٹری،سی ایم او کے خصوصی کوویڈ آفیسر راج شیکھر ریڈی،سیکریٹری چیف منسٹر بھوپال ریڈی،ریاستی ڈی جی پی ایم۔مہندر ریڈی،حیدرآباد،راچہ کونڈہ اور سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے پولیس کمشنران انجنی کمار،مہیش بھاگوت،سجنار،ایڈیشنل ڈی جی پی جتیندر،سیکریٹری محکمہ صحت سید علی مرتضیٰ رضوی،ہیلتھ ڈائرکٹر سرینواس راؤ،اوایس ڈی گنگادھر کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران شریک تھے۔
اس جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندرا شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں کوروناوائرس پرقابو پانے کیلئے دو رُخی منصوبہ پر عمل کیا جائے ایک طرف بخار سروے کے ذریعہ عوام کو میڈیکل کِٹ فراہم کی جائے اور دوسری طرف کورونا ٹسٹنگ کو بڑھایا جائے۔اور ملک کی کسی بھی ریاست میں نہ کیے جانے والے اقدام کے طور پر کورونا کی روک تھام کی غرض سے گھر گھر بخار سروے کرتے ہوئے میڈیکل کِٹ کی فراہمی کو صد فیصد مکمل کیا جائے۔
اور اسکے ساتھ ساتھ پرائمری ہیلتھ سنٹرس سے رجوع ہونے والے تمام افراد کا کویڈ ٹسٹ جاری رکھا جائے اسکے لیے 50 لاکھ ریاپیڈ اینٹی جین کِٹس فراہم کرنے کی تیار کنندگان کو ہدایت دی جائے ساتھ ہی ہیلتھ مراکز پر عملہ کی تعداد میں اضافہ کیلئے ضلع کلکٹران اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو دئیے گئے اختیارات کے تحت عملہ کے تقررات میں سرعت پیدا کی جائے۔چیف منسٹر نے واضح طورپر کہا کہ موجودہ حالات میں کوویڈ کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور اسکے لیے ہونے والے مصارف پر دھیان نہ دیا جائے۔
چیف منسٹر کے۔ چندراشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ بلیک فنگس کی بڑھتی وباء کے پیش نظر ریاست کے ہسپتالوں میں خصوصی بیڈس کا نظم اور اس کی ادویات کا وافر ذخیرہ کیاجائے۔
اس جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ لاک ڈاؤن پر سختی کیساتھ عمل آوری کے باعث ریاست میں کوروناوائرس کے معاملات میں کمی ہورہی ہے۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری ہسپتالوں کے تمام بیڈس کو آکسیجن بیڈس میں تبدیل کیا جائے اور ریاست میں 600 میٹرک ٹن آکسیجن کی پیداوار کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
کورونا ٹاسک فورس کو چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے ہدایت دی کہ کوویڈ ویکسین کا پہلا ٹیکہ لینے والے دوسرے ٹیکہ کے منتظر ہیں اسکے لیے ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں سے بات کرتے ہوئے فوری ویکسین سربراہ کرنے کی ہدایت دی جائے۔اور ساتھ ہی اگر کورونا وائرس کی تیسری لہر آتی ہے تو اس کا سامنا کرنے کیلئے بھی تمام انتظامات کرلیے جائیں۔
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مہاراشٹرا، دہلی اور دیگر ریاستوں میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات حاصل کی جائیں کوویڈ معاملات میں نصف حد تک کمی پر ہی ہم اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
اس اجلاس میں محکمہ صحت کے عہدیداروں نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کو بتایا کہ بلیک فنگس کی بڑھتی وباء کے پیش نظر گاندھی ہسپتال میں 150بیڈس،ای این ٹی ہسپتال میں 250 بیڈس اس طرح جملہ 400 بیڈس مختص کیے گئے ہیں۔
جس پر چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ سروجنی دیوی آئی ہسپتال میں 200 بیڈس اور گاندھی ہسپتال میں 160 بیڈس کا فوری نظم کیا جائےاور جہاں جہاں اس کی ضرورت وہاں بھی انتظام کیا جائے اس طرح بلیک فنگس کے علاج کیلئے پوری ریاست میں جملہ 1,500 بیڈ س کا نظم کیا جائےاور بلیک فنگس کے علاج کیلئے درکار ادویات کا فوری آرڈر دیا جائے ساتھ ہی بلیک فنگس کے علاج کیلئے درکار ڈاکٹرس کے جنگی پیمانے تقررات عمل میں لائے جائیں ۔

