تلنگانہ میں تین دن تک گرما کی شدت میں زبردست اضافہ کی پیش قیاسی، بلاء ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ

تلنگانہ میں تین دن تک گرما کی شدت میں زبردست اضافہ کی پیش قیاسی
بلاء ضرورت گھروں سے باہرنہ نکلنےپبلک ہیلت ڈپارٹمنٹ کا مشورہ

حیدرآباد:7۔ مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں موسم سرما کے اختتام اور ماہ مارچ کے آغاز کے ساتھ ہی سے موسم گرما اور دھوپ کی شدت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ صبح    8 بجے سے ہی شدید دھوپ کے باعث عوام کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔

ایسے میں مرکزی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آج 7 مارچ سے تین دن تک بشمول حیدرآباد ریاست کے اضلاع میں شدید دھوپ اور گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔

اس سلسلہ میں ڈائرکٹر تلنگانہ پبلک ہیلت ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رویندر نائیک نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیاہے کہ وہ بلاء ضرورت دوپہر 12بجے سے سہء پہر 3 بجے تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ،انتہائی ضروری کام ہوتو ہی باہر آئیں۔

دوسری جانب دھوپ اور گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث عوام کا برا حال ہے دن بھر سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں ،ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے۔کئی مقامات پر دن اور رات کے وقت برقی کی سربراہی میں خلل کے باعث بھی عوام پریشان ہیں۔

ساتھ ہی ماہرین موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ 18 مارچ یا  19 مارچ کے بعدسے تلنگانہ میں شدیدغیر موسمی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے لیے تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کیساتھ شدیدبارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ ماہ مارچ کے اختتام پر ہونے والی بارشیں گذشتہ دو ماہ قبل ریکارڈ کی گئیں بارشوں سے زیادہ شدید ہوسکتی ہیں۔!جس سے گرما کی شدت میں کمی واقع ہوگی۔

محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد ڈاکٹر س بھی عوام کو مشورہ دے رہے ہیں کہ صرف انتہائی ضروری کاموں کی انجام دہی کے لیے اپنے مکانات سے باہر نکلیں ورنہ اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں۔
⭕ صبح 10بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری دھوپ میں نہ گھومیں۔
⭕ انتہائی ضرورت پر گھروں سے باہر جانا ہوتو اپنے ساتھ پانی کی بوتل ضرور لے جائیں۔
⭕ گرماء کی شدت کے پیش نظر ضعیف، بیمار افراد اور بچوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہیں بھی بلاء وجہ دھوپ میں نہ جانے دیں۔
⭕ گھروں میں بھی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کی کوشش کریں۔
⭕ دھوپ میں کام یا مزدوری نہ کریں۔
⭕ دھوپ میں کھیل کود سے دور رہیں اور ساتھ ہی بناء سر کو ڈھانپے اوربناء چپلوں کے باہر دھوپ میں نہ گھومیں۔
⭕ اسی طرح دھوپ کےوقت پارک کی گئیں گاڑیوں میں بچوں اور اپنے پالتو جانوروں کو نہ بٹھائیں۔
⭕ خواتین بھی اپنے کچن سے دور رہیں تو بہتر ہوگا۔
⭕ تازہ کھانے کا استعمال کریں۔
⭕ قدرتی ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ کریں۔

یہ مشورہ بھی دیا جارہا ہے کہ گرماء کی شدت کے دوران شراب، چائے، کافی، مٹھائی اور کول ڈرنکس کا استعمال نہ کرنا بھی بہتر ہوتا ہے۔اگر کسی شخص کا جسمانی درجہ حرارت 40.5 سنٹی گریڈ سے زیادہ ہو، زیادہ پسینہ کا اخراج، زیادہ پیاس لگنا، جسمانی نقاہت اور کمزوری، چکر آنا اور سردرد جیسی علامات نظر آئیں تو فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔

یہ بھی پڑھیں 

وقارآباد ضلع : بلدی ٹیکس فوری ادا کیے جائیں ورنہ جائدادیں ضبط کی جائیں گی، کمشنر بلدیہ مدھوسدھن ریڈی کا انتباہ