ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ میں ضمنی الیکشن کیلئے نوٹیفکیشن جاری
حیدرآباد 16۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے مرکزی الیکشن کمیشن نے آج نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ساتھ ہی مرکزی الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کے تروپتی کیساتھ ساتھ کرناٹک کے بیلگام کی لوک سبھا نشستوں پر بھی انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

وہیں گجرات کےموراحدف، ، رجھاکھنڈکے مدھو پور ،کرناٹک کے بسواکلیان اورمسکی ، مدھیہ پردیش کے دامو، مہاراشٹرا کے پنڈرپور ۔ میزورم کے سرچیپ ،ناگالینڈ کے نوکسین ، اڑیسہ کے پیپلی ، راجستھان کے سہارا،سجن گڑھ اورراج سمند اور اتر اکھنڈ کےسالٹ اسمبلی حلقہ جات میں بھی ضمنی انتخابات کیلئے آج اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
مرکزی الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق 23 مارچ ،بروز منگل گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا 30 مارچ پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی آخری تاریخ ہوگی جبکہ ان پرچوں کی جا نچ (اسکروٹنی) 31 مارچ کو کی جائے گی۔4 اپریل پرچہ نامزدگیوں سے دستبرداری آخری تاریخ ہوگی۔
17 اپریل بروز ہفتہ بشمول تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر مذکورہ بالا تمام اسمبلی حلقہ جات میں الکٹرنک ووٹنگ مشینوں کے ذریعہ رائے دہی ہوگی اور 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کیساتھ نتائج کا اعلان ہوگا۔
ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ ضلع نلگنڈہ کے ان 12 اسمبلی حلقہ جات میں شامل ہے جو کہ حلقہ لوک سبھا نلگنڈہ کا حصہ ہیں یہاں جملہ رائے دہندگان کی تعداد 1,91,666ہے۔ 2018ء میں منعقدہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ سے ٹی آرایس امیدوار نومولا نرسمہیا نے 83,655 ووٹ حاصل کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ اور کانگریس کے سینئرومضبوط امیدوارکے ۔جانا ریڈی کو شکست دی تھی جنہوں نے 75,884 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ بی جے پی امیدوار نے صرف 2,675 ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی ضمانت بھی ضبط کروالی تھی۔
ناگر جنا ساگر سے منتخب ٹی آرایس کے رکن اسمبلی نومولا نرسمہیا کی یکم ڈسمبر 2020ء کو قلب پر حملہ کے باعث موت ہوگئی تھی۔اس لیے حلقہ اسمبلی ناگر جنا ساگر میں اب ضمنی انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں۔
ٹی آرایس چاہے گی کہ کسی بھی قیمت پر اس حلقہ پر اس کا قبضہ برقرار رہے جبکہ یہ حلقہ کانگریس کا گڑھ مانا جاتا تھا اور اس سحر کو 2018 ء کے اسمبلی انتخابات میں نومولا نرسمہیا نے توڑدیا تھا۔
جبکہ سدی پیٹ ضلع کے اسمبلی حلقہ دوباک کے ضمنی انتخابات اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 44 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی کامیابیوں کے سلسلہ کو آگے بڑھانے کی کوشش میں مصروف نظر آتی ہے جس کی نظر 2023ء میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات پر ہیں ۔
14 مارچ کو ریاست کے دو حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی ،حیدرآباد، محبوب نگر، رنگاریڈی کے علاوہ کھمم ، نلگنڈہ اور ورنگل کیلئے رائے دہی ہوئی ہے جس کے نتائج 17 مارچ کو آئیں گے مانا جارہا ہے کہ ان انتخابات کے نتائج سے واضح ہوگا کہ ناگر جناساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں کس پارٹی کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا!!

