اترپردیش میں کہر کے باعث ویان حادثہ کا شکار
عوام ویان میں موجود تمام مرغیاں لے کر فرار
دہلی /نوئیڈہ : 27۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
موجودہ دؤر میں کسی بھی سڑک حادثہ کے بعد حادثہ کا شکار گاڑیوں میں موجو دزخمی افراد کی مدد کےبجائے اس کی ویڈیو گرافی کرنا ایک لعنت بن کر رہ گئی ہے۔! اگر مال بردار ٹرک ہوں تو قریب میں موجود دیہاتوں کےعوام اور راہ چلتے افراد اس گاڑی میں موجود ڈرائیور،کلینئر اور دیگر افراد کو مدد پہنچانے کے بجائے اس گاڑی میں موجود اشیاء کی لوٹ میں مصروف ہوجاتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں تلنگانہ کے میدک ضلع کے توپران میں ایک مرغیوں سےلدی ہوئی ویان کے الٹ جانےکے بعد وہاں موجود لوگ اس ٹرک میں موجود مرغیاں لےکر فرارہوگئے تھے۔وہیں حیدرآباد کےقریب ایل بی نگر میں وجئے واڑہ ہائی وے پر کوکا کولا کی گاڑی جب الٹ گئی تھی تو عوام کے جم غفیر نے اس حادثہ کا شکار ٹرک میں موجود کولڈ ڈرنک کی لوٹ مار مچادی تھی،تاہم پولیس نےفوری جائے حادثہ پر پہنچ کر اس ٹرک میں موجود نصف کوکا کولا کے باکس لٹیروں سے بچالیے تھے۔
آج ایسا ہی ایک واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا ہے،جہاں گہرے کہر اور دھند کےباعث ایک ویان اور ہیوی ٹرک کے درمیان تصادم ہوگیا۔عوام اور راہ چلتے لوگوں نے اس ٹرک میں موجود ڈرائیور اور کلینئر کی حالت دیکھنے اور انہیں مدد پہنچانے کے بجائےاس ٹرک میں موجود تمام مرغیوں کو لوٹ کر اپنے ساتھ لے گئے۔
حتیٰ کہ کئی لوگ تھیلوں میں بھر کر مرغیاں لے جاتے ہوئے بھی ویڈیو میں دیکھے گئے جو سوشل میڈیا پر گشت کررہا ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ویان کی دونوں جانب سے لوگ مرغیوں کو پکڑ کرلے جارہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق حادثہ کا شکار اس ویان میں دیڑھ لاکھ روپئے مالیتی مرغیاں تھیں جنہیں لوٹ لیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ آج صبح گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر یہ حادثہ صبح 8 بجے جیور پولیس اسٹیشن کےحدود میں دیانت پور علاقے میں ایکسپریس وے کی آگرہ سے نوئیڈا لین پر پیش آیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرآف پولیس (گریٹر نوئیڈا) اشوک کمار نے بتایا کہ اس حادثہ میں کسی بھی شخص کو جان لیوا چوٹ نہیں آئی ہے۔اس حادثہ کے بعد اس ہائی وے پر مزید دیگر گاڑیاں بھی ایک دوسرے سے ٹکراگئیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس(گریٹر نوئیڈا) اشوک کمار نےمزید کہا کہ زیادہ تر تباہ شدہ گاڑیوں کو ہائی وے سے ہٹا دیا گیا ہے اور متاثرہ مقام پر معمول کےمطابق ٹریفک کی نقل و حرکت دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔دھند کی وجہ سےحد نگاہ کم ہونےکے بعد سردیوں کےدوران یہ خطہ سڑک حادثات اور گاڑیوں کے ایک دوسرے سے ٹکرا جانے کے مناظر پیش کرتا ہے۔
” یہ بھی پڑھیں "

