تبلیغی جماعت کا وقارآباد ضلع کے پرگی میں 8,7,6 جنوری کوسہء روزہ صوبائی اجتماع، حکومت تلنگانہ نے ڈھائی کروڑ روپئے منظور کیے

تبلیغی جماعت کا وقارآباد ضلع کے پرگی میں 6 ، 7 اور 8 جنوری کوسہء روزہ صوبائی اجتماع
حکومت تلنگانہ کی جانب سے مختلف انتظامات کے لیے زائد از ڈھائی کروڑ روپئے منظور
رکن اسمبلی پرگی کی کامیاب نمائندگی، 180 ایکڑ اراضی پر اجتماع گاہ، انتظامات جاری

وقارآباد: 14۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

ریاست تلنگانہ کے ضلع وقارآبادکے حلقہ اسمبلی و منڈل پرگی کے نعمت نگرمیں 6، 7 اور 8 جنوری کو تبلیغی جماعت کا سہء روزہ اجتماع کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔جس کی تیاریاں 6 ماہ سے جاری ہیں۔تبلیغی جماعت کے اس صوبائی سطح کے اجتماع میں ریاست تلنگانہ، آندھرا پردیش کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کرناٹک اور مہاراشٹرا سے بھی زائد از چار لاکھ افراد کے شرکت کا امکان ہے۔

منتظمین کے مطابق اس اجتماع کا آغاز 6 جنوری کو نماز فجر کے ساتھ ہوگا اور 8 جنوری کو بعد نماز ظہر دعاء کےساتھ اختتام ہوگا۔اس اجتماع گاہ میں مختلف امور کی انجام دہی کےلیے کل ریاستی حکومت کی جانب سے 2 کروڑ 45 لاکھ 93 ہزار 847 روپئےمنظور کرتےہوئےچیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ یہ رقم کلکٹر ضلع وقارآباد کو فوری جاری کی جائے۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی سےحلقہ اسمبلی پرگی کےنومنتخب رکن اسمبلی و صدر کانگریس ضلع وقارآباد ٹی۔رام موہن ریڈی نے اس تبلیغی اجتماع کے انتظامات کےلیے دو دن قبل ہی مناسب فنڈکی اجرائی کےلئے نمائندگی کی تھی ان کےساتھ سینئر کانگریسی قائد محمد علی شبیر،وزیراعلیٰ کے بڑے بھائی تروپتی ریڈی اور حافظ محمد یوسف (کوڑنگل)نے بھی وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو اس جانب توجہ دلوائی تھی۔

اس کے فوری بعد کل 13 ڈسمبر کی شام سیکریٹری ریاستی اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس نے اس ضمن میں جی او نمبر G.O.No.Rt.123 جاری کرتے ہوئے رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی کی موجودگی میں رقمی منظوری پر مشتمل جی او کی کاپی تبلیغی جماعت ملے پلی مرکز کے ذمہ دار باشا محی الدین،پرگی کے ذمہ داران محمد رفیق،امجد خان،مرزا قیصر بیگ،محمد پاشاہ،حافظ محمد یوسف کوڑنگل، شکیل احمد اور عبدالکریم کے حوالے کی۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/878324573942947

تبلیغی جماعت کے منتظمین اور ذمہ داروں نے اس رقم کی اجرائی پر وزیراعلیٰ ریونت ریڈی،رکن اسمبلی پرگی ٹی۔رام موہن ریڈی،جناب محمدعلی شبیر،جناب سید عمرجلیل،تروپتی ریڈی اور حافظ محمد یوسف (کوڑنگل) سے اظہار تشکر کیا ہے کہ نمائندگی کے بعد چند گھنٹوں میں ہی یہ رقم منظور کی گئی۔

اس جی او کےتحت ریاستی حکومت کی جانب سےجاری کردہ مذکورہ رقم میں سے اجتماع گاہ میں 85 لاکھ روپئے کےصرفہ سے مشن بھاگیرتا کے ذریعہ پانی کی سربراہی اور دو عارضی تالابوں کی تعمیر کی جائے گی،جبکہ 68 لاکھ روپئے عارضی تالابوں سے وضو خانوں تک پانی کی سربراہی کے لیے پائپ لائن بچھائی جائے گی۔

اسی طرح محکمہ پنچایت راج کےشعبہ انجینئرنگ کی جانب سے اجتماع گاہ تک سڑکیں بچھانے اور پارکنگ قائم کرنےکےلیے 40 لاکھ روپئے صرف کئے جائیں گے وہیں بلاء وقفہ برقی سربراہی کےلیے 48 لاکھ 35 ہزار 847 روپئے کےمصارف سےمحکمہ برقی کی جانب سے اجتماع گاہ میں خصوصی برقی ٹرانسفارمرس نصف کیےجائیں گے اور رؤشنی کا نظم کیا جائے گا اور ساتھ ہی مزدوروں،ٹریکٹرس اور ٹرالی کے علاوہ صفائی کے دیگر امور پر 4 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔اور یہ فنڈ کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی کو جاری کیا گیا جائے گا اور یہ تمام امور چیف ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ بطورنوڈل آفیسر کی نگرانی میں انجام دئیے جائیں گے۔

اجتماع گاہ میں عارضی تالاب کی کھدائی۔

تبلیغی جماعت کےمنتظمین شبانہ روز اجتماع گاہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔امیر تبلیغی جماعت پرگی محمدرفیق کی نگرانی میں جاری ان کاموں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے محمد رفیق نے نمائندہ سحر نیوز کو بتایا کہ 6 ماہ قبل نعمت نگر میں اجتماع گاہ کی تعمیر کے لیے کسانوں اور زمینداروں سےجن میں مسلم،ایس سی،گریجن اور بی سی طبقہ کےکسان شامل ہیں سے جملہ 130 ایکڑ زرعی اراضیات حاصل کی گئیں اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے علحدہ 50 ایکڑ اراضی حاصل کرتے ہوئے کسانوں کو معاوضہ ادا کیا گیاکہ وہ اجتماع کے اختتام تک اپنی اراضیات پر کاشت کاری نہ کریں۔

محمد رفیق نے بتایاکہ اراضی حوالے کرنےکےلیے تمام کسانوں نےخوشی کے ساتھ رضامندی ظاہر کی اور اپنی جانب سے کوئی معاوضہ طئے نہیں کیا تاہم انہیں مناسب معاوضہ ادا کیا گیا۔اس کے بعد ایک دوسرے سے منسلک ان اراضیات کو مسطح کرنے اور ان کی صفائی میں ایک ماہ صرف ہوا۔

امیر مقامی تبلیغی جماعت پرگی محمد رفیق نے تفصیلات سے واقف کر واتے ہوئے بتایا کہ اجتماع گاہ میں دو عارضی تالاب قائم کیے جارہے ہیں جن میں فی کس ایک کروڑ لیٹر پانی کا ذخیرہ ہوگا اور روزآنہ اس اجتماع کےدؤران دونوں عارضی تالابوں سے دیڑھ کروڑ لیٹر پانی کا صرفہ ہوگا جبکہ اجتماع کے شرکا کےلیے صاف و شفاف پینے کے پانی کا علحدہ نظم ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اجتماع گاہ میں 26 طعام خانے قائم کیے جارہے ہیں اور ایک طعام خانہ میں ایک ساتھ 5 ہزار شرکاء کے طعام کا نظم ہوگا۔ اسی طرح 26 وضو خانے بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔پرگی میں منعقد ہونے والے اس صوبائی تبلیغی جماعت کے سہء روزہ اجتماع میں دہلی کے مرکز نظام الدین سے اکابرین و ذمہ داران شرکت کریں گے۔ریاستی حکومت کی جانب سے رقمی منظوری کے بعد آج مذکورہ بالا متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار اجتماع گاہ پہنچ گئے اور کاموں کا آغاز کر دیا گیا۔

" یہ بھی پڑھیں "

پارلیمنٹ کی گیلری سے دو افراد دھواں چھوڑنے والے ڈبوں کے ساتھ کود گئے