تانڈور میں ریاستی وزیر مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کے ہاتھوں 230 کروڑکے ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد

وقارآباد ضلع: تانڈور میں ریاستی وزیر مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کے ہاتھوں
230 کروڑ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد،261 ایکڑ پر انڈسٹریل پارک بھی شامل
قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر 74 کروڑ کے صرفہ سے انڈر بریج کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد
جنگورتی میں 18 کروڑ کے مصارف سے تعمیر کردہ مینارٹی ویلفیئر اسکو ل کا افتتاح بھی شامل

وقارآباد/تانڈور : 06؍اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/نمائندہ )

ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ تمام طبقات کی یکساں فلاح و بہبود کے معاملہ میں سارے ملک میں اول مقام پرہے۔انہوں نے کہاکہ پالمور۔رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن سےضلع وقارآباد کی 3 لاکھ 42 ہزار ایکڑ اراضی سیرآب ہوگی۔اور ضلع کے اسمبلی حلقہ جات وقارآباد، تانڈور،پرگی،کوڑنگل اور چیوڑلہ کی اراضیات سرسبز و شاداب ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ مشن بھاگیرتا اسکیم کےتحت گھر گھر پینے کا پانی پہنچاتےہوئے حکومت نےخواتین کی مشکلات اور پریشانیوں کوختم کر دیا ہے۔

قبل ازیں ریاستی وزیر اطلاعات ومعدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کےساتھ مل کرتانڈورکے مختلف مقامات پر جملہ 230 کروڑ روپئے کے مصارف سے تکمیل شدہ سرکاری عمارتوں کا افتتاح انجام دیا اور مزید ترقیاتی و فلاحی کاموں کی انجام دہی کے لیے سنگ بنیاد رکھے۔جن میں

⬅️ 74 کروڑ روپئے کے صرفہ سے قدیم تانڈور کے ریلوے گیٹ پر عوامی سہولت کے لیے اور برسوں سے درپیش مشکلات کو ختم کرنے کی غرض سے ریلوے انڈر بریج کی تعمیر کے سنگ بنیاد۔
⬅️ قدیم تانڈور میں ایک کروڑ روپئے کے صرفہ سے مسلم کمیونٹی ہال کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد۔
⬅️ تانڈور منڈل کے موضع جنگورتی کے قریب 18 کروڑ کے صرفہ سے تعمیر کردہ مینارٹی ویلفیئر اسکول کی عمارت کا افتتاح۔
⬅️ 75 لاکھ کےخرچ سے ٹرائبل ویلفیئر اسکول کی کمپاؤنڈ وال کا افتتاح ، اسی اسکول میں 5 کروڑ روپئے کے صرفہ سے مزید کلاس رومس کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد۔
⬅️ تانڈور منڈل کےموضع جنگورتی کےقریب ہی 21 کروڑ 30 لاکھ روپئے کےمصارف سے 261 ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل پارک کی تعمیر کےلیے سنگ بنیاد اور بھومی پوجا۔


⬅️ 30 کروڑ 23 لاکھ روپئے کے مصارف سے پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے مشن بھاگیرتا اسکیم کا باقاعدہ آغاز۔
⬅️ حیدرآباد روڈ پر سیلابی پانی کے بہاؤ کو روکنے کے لیے 16 کروڑ روپئے کے صرفہ سے ڈرینس کی تعمیر کے لیےسنگ بنیاد۔
⬅️ موضع انتارام میں 12 کروڑ 26 لاکھ روپئے کے مصارف سے لاری پارکنگ اور آٹو نگر کے قیام کے لیے سنگ بنیاد۔
⬅️ فی کس دو کروڑ روپئے کے صرفہ سے بی سی بھون اور بنجارہ بھون کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد۔
⬅️ راجیو گروہا کالونی کے قریب دو کروڑ 35 لاکھ روپئے کے مصارف سے علحدہ علحدہ مسلم اور ہندو قبرستانوں کے قیام کے لیے سنگ بنیاد۔

⬅️ 50 لاکھ روپئے کے صرفہ سے کرسچین بھون کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد۔
⬅️ بیلکٹور ندی پر 3 کروڑ 70 لاکھ روپئے کے خرچ سے بریج کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد شامل ہیں۔

ان مواقعوں پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر اطلاعات و معدنیات ڈاکٹر پی۔مہیندرریڈی نے کہا کہ متحدہ ضلع رنگاریڈی (وقارآباد/رنگاریڈی اور میڑچل)تعلیمی اداروں اورصنعتوں کا ہب بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ میں موجود اسکیمات ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ہیں اور ریاست تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں کے لیے ایک رول ماڈل ہیں، جو کہ بی جے پی اورکانگریس کو برداشت نہیں ہو رہی ہیں۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ماضی میں ریاستی وزیر ڈاکٹر پی۔مہیندر ریڈی کی جانب سے تانڈور کی ترقی کے لیے کروڑہا روپئے منظور کروائے گئےتھے اور بے مثال ترقی ہوئی تھی۔اب اسی طرز پر تانڈور کی مزید ترقی کےلیے اقدمات کیے جارہے ہیں اور مستقبل میں مزید کروڑہا روپئے کے فنڈس سے تانڈور کو تاریخی ترقی دی جائے گی۔

ان افتتاحی اور سنگ بنیاد کی تقاریب میں صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ،صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو، کرنم پرشوتم راؤ،صدر زرعی مارکیٹ کمیٹی ونی سرینواس چاری، صدر ٹاون بی آر ایس ایم اےنعیم افو، صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈور عبدالہادی  شہری کےعلاوہ تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئراسوسی ایشن کےنمائندے،ارکان بلدیہ،سابق ارکان بلدیہ،بی آر ایس پارٹی قائدین اور دیگر موجود تھے۔