شیر کا بچہ بنا وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا اسسٹنٹ، ٹوئٹر پر دلنشین ویڈیو کو 13 ملین افراد نے دیکھا

شیر کا بچہ بنا وائلڈ لائف فوٹوگرافر کا اسسٹنٹ
ٹوئٹر پر اس دلنشین ویڈیو کو 13 ملین افراد نے دیکھا

حیدرآباد : 03/مئی
(سحر نیوز / سوشل میڈیا ڈیسک)

سوشل میڈیا کےمختلف پلیٹ فارمز بالخصوص انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر پالتو جانوروں کےعلاوہ جنگلی جانوروں کی انسانوں سے اُنسیت دیکھ کر رشک آتا ہے۔کیونکہ ہر دوسرے دن ایسے واقعات سے ایک خوف کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے کہ انسانی بھیس میں موجود چند ٹولیاں مذہب کے نام پر درندوں میں تبدیل ہوتی جارہی ہیں۔!

انسان جہاں درندگی کی سمت بڑھتا جارہا ہے وہیں ان بے زبان جانوروں نے انسانی میراث سنبھال لی ہے۔کتوں،بلیوں، پرندوں اور دیگر چرند پرند کی دلکش اور حیران کر دینے والی ویڈیوز ایسے انسان نماء درندوں کےلیے ایک سبق ہیں جو محض اپنی مذہبی نفرت کے باعث کسی نہ کسی بہانے انسانوں کا قتل کر دیتے ہیں اور اس قتل پر جشن مناتے ہوئے ویڈیوز لے کر ان کو سوشل میڈیا پر وائرل بھی کردیتے ہیں۔!!جبکہ تمام مذہب کا پہلا پیغام انسان، انسانیت اور تمام مخلوق سے محبت  کا درس ہے۔

بقول ندا فاضلی؎

بدل رہے ہیں کئی آدمی درندوں میں
مرض پرانا ہے اس کا نیا علاج بھی ہو

گذشتہ چند دنوں سےسوشل میڈیا بالخصوص انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ایک دلنشین ویڈیو وائرل ہے۔جس میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک فوٹو گرافر صحراء میں لیٹ کر اپنے کیمرہ سےتصاویر لینے میں مصروف ہے تو ان کےساتھ ایک خوبصورت شیر (ببر) کا بچہ بھی موجود ہے۔ جو کیمرہ اور فوٹوگرافر دونوں کو خاموشی کےساتھ دیکھ رہا ہے۔اس ویڈیو کو دیکھنے والےحیرت کےساتھ ساتھ فوٹوگرافر اور اس شیر کے بچہ کی جم کر ستائش کر رہے ہیں۔وہیں کئی ایک سوشل میڈیا صارفین اس تصویر اور ویڈیو پر تنقید بھی کررہے ہیں کہ اس طرح شیروں کو غلام بنانا ٹھیک نہیں ہے۔!!

” پیٹا پکسل Peta Pixel# "کےمطابق دجامل حدج ائیسا Djamel Hadj Aissa# ایک آزاد فوٹوجرنلسٹ اور پرجوش وائلڈ لائف فوٹوگرافر ہیں.جو الجزائر کے گھاردیہ Ghardaïa# میں مقیم ہیں۔ان کے انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹ پر وہ خوبصورت تصاویر شیئر کرتےہیں جو انہوں نےخود مختلف جنگلی جانوروں، پرندوں،سانپوں اور رینگنے والے مختلف جانوروں تک کی تصاویر لی ہیں۔

دجامل حدج فوٹوگرافر کو پہلی بار 15 سال کی عمر میں فوٹو گرافی سے دلچسپی اس وقت پیداہوئی جب ان کے والد کے ایک فوٹوگرافر دوست نے انہیں بطور تحفہ ایک کیمرہ دیا تھا۔اس کے بعد 2010 کی دہائی کے وسط میں وائلڈ لائف فوٹوگرافی میں آنے اور ذاتی جنون کےمنصوبوں کی جانب توجہ مبذول کرنے سے پہلے دجامل نے کئی دہائیوں تک پریس فوٹوگرافر کے طور پر بھی کام کیا۔

21 فروری کو دجامل نے انسٹاگرام کے اپنے ہینڈل پر اور 24 فروری کو اپنے فیس بک پیج پر ایک انتہائی خوبصورت اور دلنشین تصویر پوسٹ کی تھی۔ بعدازاں 28 فروری کو انہوں نے اسی تصویر سےمتعلق ایک 16 سیکنڈ کا ویڈیو بھی انسٹاگرام کے اپنے ہینڈل پر پوسٹ کیا۔تاہم اب خود دجامل حدج یہ دیکھ کر حیران ہیں کہ ان کا یہ ویڈیو اور تصویر دو ماہ بعد سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئے ہیں۔

اس تصویر اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک صحرائی علاقہ میں دجامل حدج اپنا کیمرہ،ایک چھوٹی سی کرسی اور کیمرہ کا اسٹانڈ رکھ کر فوٹو لینے میں مصروف ہیں کہ ایک خوبصورت شیر(ببر) کا بچہ ان کے پاس بیٹھا ہواہے۔اس کےبعد یہ منظر دیکھنےکے لائق ہےکہ کبھی دجامل مسکراتے ہوئے اس شیر کےبچہ کو دیکھتے ہیں توکبھی شیر کا بچہ خاموشی کےساتھ ان کودیکھتا ہے۔کبھی ان دونوں کی نظریں ایک ہی جانب کسی کو دیکھنے میں مصروف ہوجاتی ہیں۔شاید وہ تصویر اور ویڈیو لینے والے کو دیکھ رہے ہوں۔!!

https://www.facebook.com/Artiste.Alger/videos/1556850778130939

دی ایپوچ ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ دجامل حداج الجزائر کے ایک ممتاز خاندان کے رکن ہیں جنہوں نے شمالی افریقی ملک میں پہلا نجی چڑیا گھر قائم کیا اور یہ خاندان اس وقت 6 مختلف شہروں میں اپنے 6 چڑیا گھروں کے مالک ہیں۔

دجامل حدج کے مطابق اس ویڈیو/تصویر میں نظر آنے والا” شیر (ببر) کا بچہ مادہ ” ہے،جو وہ اپنے سفر میں ساتھ لے کر گئے تھے جو ان کے مکان کے عقبی حصہ میں پیدا ہوئی تھی۔اس ویڈیو اور تصویر کے وائرل ہونے کے بعد دجامل نے ایپوچ ٹائمز کو بتایا کہ ایسا موقع ان کے لیے پہلی مرتبہ تھا کہ ” وہ شیرنی میری چھوٹی سی کرسی پر بیٹھی تھی اور مشاہدہ کرتی رہی کہ میں کیا کر رہا ہوں‘‘ دجامل نے دی ایپوچ ٹائمز کو بتایا کہ ” میرے بھتیجے فیصل نے اس ناقابل یقین لمحہ میں ہماری تصاویر اور ویڈیوز لےلیں۔ہماری پوزیشن اورہمیں ایک ہی سمت میں دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر اور ویڈیو کو بہت پسند کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس تصویر کو شیئر کرنے کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے اپنےکمنٹس میں شک و شبہ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اصلی تصویر نہیں ہے بلکہ بناوٹی ہے۔جسکے بعد ان کا شک دورکرنے کی غرض سے فوٹو گرافر دجامل حدج نے اپنی پیاری دوست اس مادہ شیر کے بچہ کے ساتھ لی گئی اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

اب دجامل کا منصوبہ ہے کہ ایک فوٹوگرافر کےطور پر اپنے کیریئر کو مزید آگے بڑھائیں۔کسی بین الاقوامی ایجنسی یا میڈیا آؤٹ لیٹ کے غیر ملکی نمائندے کے طور پرخدمات انجام دینے کا ارادہ ہے تاکہ وائلڈ لائف فوٹوگرافی کےلیےاپنی مسلسل محبت کومزید ابھارا جائے اور آمدنی کے ذرائع بھی پیدا ہوں۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہےکہ جب دجامل حدج نے اپنی اس تصویر اور ویڈیو کوفیس بک اور انسٹاگرام کےاپنے اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا تو انہیں اتنے زیادہ لائیکس،ویوز اورکمنٹس حاصل نہیں ہوپائے جس کے وہ مستحق تھے۔لیکن جن شخصیتوں اورجنگلی جانوروں کی تنظیموں نے اس تصویر اور ویڈیو کو پوسٹ کیاتو انہیں لاکھوں میں ویوز، لائیکس اور کمنٹس حاصل ہوئے۔جو کہ تعجب خیز ہے۔ٹوئٹر پر دجامل کا ہینڈل موجود ہے لیکن انہوں نے اس کو لاک کیا ہواہے۔لیکن انہیں ٹیگ کرتےہوئے اس تصویر کوبڑی تعداد میں ٹوئٹ کیا گیا ہے جسے لاکھوں کی تعداد میں لائیکس اور کمنٹس حاصل ہوئے ہیں۔

شیرنی کے ساتھ دجامل حدج کے اس 16 سیکنڈ کے ویڈیو کو انیمل بئینگ بروس https://twitter.com/AnimalBeingBro5 نامی ٹوئٹر ہینڈل سے یکم مئی کو ٹوئٹ کیا گیا ہے جسے اب تک 13 ملین (ایک کروڑ 30 لاکھ ) سے زائد افرادنے دیکھا ہے۔اور زائد از 2 لاکھ ٹوئٹر صارفین نے اس ویڈیو کو لائیک کیا ہے۔

https://twitter.com/AnimalBeingBro5/status/1652999146150985728

جبکہ خود دجامل حدج کی جانب سے 24 فروری کوفیس بک کے اپنے پیج پر پوسٹ کیےگئے اس ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ دس ہزار سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے اورانسٹاگرام پر صرف 15,200 صارفین نے دیکھا ہے اور ڈھائی ہزار نے کمنٹ کیے ہیں۔