دفتر کلکٹریٹ وقارآباد میں 5 ہزار روپئے کی رشوت لیتے ہوئے
اسسٹنٹ انجنیئر اے سی بی کے جال میں،عدالت میں پیش
وقارآباد: 18۔اپریل (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کےکسی نہ کسی ضلع سے آئے دن محکمہ اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کی جانب سے رشوت خور سرکاری ملازمین کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیے جانے کی اطلاعات کے باؤجودسرکاری محکمہ جات میں رشوت کا چلن ہنوزجاری ہے۔چند رشوت خور عہدیدار اپنی روِش تبدیل کرنے تیار نہیں ہیں۔!!
ایک ایسے ہی رشوت خور عہدیدار کو آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے عہدیداروں نے دفتر کلکٹریٹ وقارآباد کےدفتر میں ایک شخص سے 5 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔بعد ازاں اس عہدیدار کو تحویل میں لیتے ہوئے عدالت میں پیش کیا گیا۔آج منگل کی بعد دوپہر پیش آئے اس واقعہ نے دفتر کلکٹریٹ اورضلع وقارآباد میں حیرت پیدا کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کلکٹریٹ وقارآباد کے احاطہ میں موجود تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ٹی ایس ای ڈبلیو آئی ڈی سی)میں آؤٹ سورسنگ ملازم محمد عرفان بطور اسسٹنٹ انجنیئر خدمات انجام دیا کرتے ہیں۔
اے سی بی کےمطابق مادھارم کے ساکن کنٹراکٹر مشٹی پربھو سے انہوں نے منا اوورو منا بڈی پروگرام کےتحت انجام دئیے گئے کاموں کے بل کی ادائیگی کے لیے رشوت طلب کی تو اس کنٹراکٹر نے محکمہ اے سی بی سے اس کی شکایت کی۔اے سی بی کے مطابق قبل ازیں بھی اسسٹنٹ انجنیئر اس کنٹراکٹر سے 51 ہزار روپئے کی رشوت طلب و وصول کرچکے ہیں۔
کنٹراکٹر کی شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئےمحکمہ اے سی بی کےعہدیداروں نے آج اپناجال بچھایا۔اسسٹنٹ انجنیئر اس کنٹراکٹر سے طلب کی گئی رشوت کی رقم 5 ہزار روپئے حاصل کررہے تھے کہ عین وقت پر اے سی بی عہدیداروں نےدھاوہ منظم کرتےہوئے انہیں رشوت کی رقم کے ساتھ رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔
بعد پنچنامہ بطور رشوت حاصل کی گئی رقم اورسائٹ انجنیئر عرفان کومحکمہ اے سی بی نے اپنی تحویل میں لے لیا۔اورعدالت میں پیش کیا گیا۔ اے سی بی کے دھاوہ کے بعد دفتر کلکٹریٹ میں سنسنی کی لہر دؤڑ گئی ہے۔
دوسری جانب کلکٹر ضلع وقارآباد نارائن ریڈی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد سے مسلسل عہدیداروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور متنبہ بھی کرتے رہتے ہیں۔سخت گیر مزاج کے حامل ضلع کلکٹر اچانک دورےمنظم کرتے ہوئے اب تک 7 سرکاری عہدیداروں اور ملازمین کو مختلف وجوہات کے باعث معطل بھی کرچکے ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی عہدیدار کی جانب سے کسی بھی کام کے لیے اگر رشوت طلب کی جاتی ہے تو اس کی اطلاع محکمہ اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر دیں تو محکمہ فوری کارروائی کرے گا۔اور ایسے رشوت خور عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنائے گا۔

