چنئی۔حیدرآباد انڈیگو فلائٹ میں بم رکھے جانے کی جھوٹی دھمکی، حیدرآباد ایئرپورٹ کو فون کرنے والا شخص ایئرپورٹ سے ہی گرفتار

چنئی۔حیدرآباد انڈیگو فلائٹ میں بم رکھے جانے کی جھوٹی دھمکی
حیدرآباد ایئرپورٹ کو فون کرنے والا شخص ایئرپورٹ سے ہی گرفتار

حیدرآباد : 20۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ(شمس آباد ایرپورٹ) کو آج دوپہرموصول ہونےوالے ایک فون کال نے ہلچل مچادی۔فون کرنے والے نامعلوم شخص نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو دھمکی دی کہ چنئی۔حیدرآباد انڈیگو کی فلائٹ میں بم رکھا گیا ہے۔جس کے فوری بعد ایئر پورٹ انتظامیہ مستعد ہوگیا۔

ایئر پورٹ انتظامیہ کی شکایت پر راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پولیس چوکس ہوگئی اور فوری ایئر پورٹ کی تلاشی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ساتھ ہی ایئر پورٹ سیکیورٹی پر مامورسنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس(سی آئی ایس ایف CISF#) کی ٹیمیں بھی چوکس ہوکر ایئر پورٹ میں تلاشی مہم میں مصروف ہوگئیں۔بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کوبھی طلب کرلیا گیاتھا۔کئی گھنٹوں تک پولیس،سی آئی ایس ایف،بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی جانب سے ایئر پورٹ کی تلاشی کے بعد عہدیداروں نے بتایا کہ یہ دھمکی آمیز فون کال جھوٹا ثابت ہوا۔اور کہیں سے بھی بم برآمد نہیں ہوا۔

تاہم سی آئی ایس ایف کے عہدیداروں نے پتہ لگایا کہ ایئر پورٹ کو فلائٹ میں بم رکھے جانے والا دھمکی آمیز فون کال کرنے والا شخص ایئر پورٹ میں ہی موجود ہے۔تلاشی کےبعدسیکیورٹی ٹیم نے ایئر پورٹ سے ہی اجمیرا بھدریا نامی شخص کو اپنی تحویل میں لے لیا۔جو کہ چینائی میں سینئر انجینئر کےطور پر ملازمت کرتا ہے۔پولیس تفتیش کے دؤران انکشاف ہوا کہ سفر کے لیے تاخیر سے ایئر پورٹ پہنچنے پر ایئر لائن اسٹاف نےسینئر انجینئر اجمیرابھدریا کو سفر کی اجازت نہیں دی۔جس کےبعد اس نے ایئر پورٹ کو یہ دھمکی آمیز فون کال کیاتھا۔بعدازاں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پولیس نے اس شخص کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

دوسری جانب خبر رساں ادارہ اے این آئی نے انڈیگو ایئر کےحوالے سے کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھاہےکہ انڈیگو کی فلائٹ 6E 6191 جو دہلی سے دیوگڑھ پرواز پر تھی،آج بم کی دھمکی کے بعد اس کا رخ لکھنؤ کی جانب موڑ دیا گیا۔تمام ضروری حفاظتی پروٹوکول پرعمل کیا گیا اور طیارہ کو ٹیک آف کے لیے کلیئر نس دیا گیا۔IndiGo# انتظامیہ اس تحقیقات میں سیکیورٹی ایجنسیوں کے قوانین کی پیروی کر تے ہوئے ان کا تعاون کر رہا ہے۔