وارانسی میں سڑک کے گڑھے میں لیٹ کر سابق کونسلر کا احتجاج، ایک ہفتہ سے بہنے والے پانی کو روکنے کا مطالبہ

وارانسی میں سڑک کے گڑھے میں لیٹ کر سابق کونسلر کا احتجاج
ایک ہفتہ سے بہنے والے پانی کو روکنے کا مطالبہ،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

وارانسی: 06۔فروری
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

وارانسی جو کہ وزیراعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ ہے میں آج پیر کے دن نئی سڑک (بینیا) علاوہ کے سابق کونسلر شاہد علی نے منفرد انداز میں گڑھے میں بہتے پانی میں لیٹ کر احتجاج کیا۔ان کے ہاتھ میں موجود پوسٹر پر لکھا تھا کہ” جلکل سنستھان کی لاپرواہی دیکھو، سات دن سے پانی بہہ رہا ہے۔”

گذشتہ چند دنوں سے اس علاقہ میں موجود زیر زمین پینے کے پانی کی پائپ میں شگاف کی وجہ سےوارانسی کی نئی سڑک پر لگاتار پانی بہہ رہا ہےاور اس پانی کے بہاؤ کی وجہ سےسڑک پر کئی مقامات پر گڑھے پڑگئے ہیں۔جس کے خلاف سابق کونسلر شاہد علی نے اس انوکھے انداز میں احتجاج کیا۔
سابق کونسلر شاہد علی کا نے احتجاج کے دؤران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کئی روز سے پینے کے پانی کی پائپ لائن میں شگاف پڑ جانے کی شکایت کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔جس کی وجہ سے بنیا،نیو روڈ سے لگڑا حافظ مسجد تک سڑک پر پیدل چلنے والے اور گاڑیاں پھسل کر گررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جلکل سنستھان کی اس لاپرواہی کی وجہ سےعوام کو اس سڑک پر سے آنے جانے میں پریشانی ہو رہی ہے۔جس سے مقامی لوگوں میں برہمی پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب پائپ لائن میں شگاف کے باعث روزآنہ ہزاروں لیٹر پینے کا پانی ضائع ہو رہا ہے۔جس کی وجہ سے پانی کی قلت کے بحران کے باوجود محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کی کارکردگی کی پول کھل رہی ہے۔

سابق کونسلر شاہد علی کے اس احتجاج کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ میں عہدیداروں کی ایسی تساہلی کے کیا معنی لیے جائیں۔