حیدرآباد کے ایک مکان سے 50 ہزار روپئے مالیتی تھائی لینڈ نسل کی بلی کی چوری
پولیس اسٹیشن میں شکایت درج،واقعہ سی سی ٹی وی میں قید،تحقیقات جاری
حیدرآباد: 10۔جنوری (سحر نیوز ڈاٹ کام)
حیدرآباد میں ایک پالتو بلی کی چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے جسے اس کے مالک نے 50 ہزار روپئے میں خریدا تھا۔لیکن ایک نامعلوم شخص نے دیدہ دلیری کےساتھ مکان سے منسلک ایک مقفل ایرکنڈیشنڈ شاپ کے باہر چبوترے پر بیٹھی ہوئی سفید رنگ کی بلی کو اٹھاکر آرام کےساتھ اس کا سرقہ کرلیا۔
اس واقعہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھاجاسکتاہے کہ کس طرح ایک نامعلوم شخص اسکوٹی پر اس مکان کو پہنچتا ہے اور اپنی گاڑی سڑک کے کنارے روک کر بلی کو اٹھاکرلےجاتا ہے۔بلی کے مالک نے باقاعدہ پولیس اسٹیشن میں اپنی بلی کی چوری کی شکایت درج کروائی ہے۔اب پولیس اس سلسلہ میں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بلی کو چرانے والے شخص کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔بلی کے مالک کا کہنا ہے کہ اس بلی کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس کی دونوں آنکھیں الگ الگ رنگ کی ہیں۔
حیدرآباد کے ونستھلی پور م کے جہانگیر نگر میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کےمطابق ایس کےغزوان محمد نامی نوجوان نے دیڑھ سال قبل کاہو منی نسل کی بلی جوکہ تھائی لینڈسے لائی گئی تھی کواپنے ایک قریبی رشتہ دار کے پاس سے خریدا تھا اور تب سےیہ بلی ان کے زیر پرورش تھی۔جس کا نام انہوں نے نومنی رکھا تھا۔تاہم اس بلی کو کسی نامعلوم شخص نے چرالیا۔
اس بلی کی چوری کا پورا واقعہ اس مکان کے سامنے موجود ایک مکان کے سی سی ٹی وی کیمرہ میں ریکارڈ ہوگیا ہے۔کہ کس طرح ایک نامعلوم شخص اسکوٹی پر اس مکان تک پہنچتا ہےاورمکان کے قریب ہی سڑک کے کنارے اپنی گاڑی کھڑی کرکےاس بلی کو اٹھاکر اپنی گاڑی تک آتا ہے اور بعدازاں گاڑی پر اس بلی کو لے کر نکل جاتا ہے۔اس موقع پر وہاں کوئی چہل پہل بھی نہیں ہوتی اور بلی کا سرقہ کرنے والا انتہائی اطمینان کے ساتھ یہ واردات انجام دیتا ہے۔
بلی کی چوری شکایت اس کے مالک اظہرمحمد نے باقاعدہ ونستھلی پورم پولیس اسٹیشن میں درج کروائی ہے۔انہوں نےاپنی شکایت میں لکھا ہے کہ یہ واقعہ پیر کی رات 10 بجے پیش آیا ہے۔
ان کا کہناہے کہ اس سے قبل بھی ان کےمکان سے ایک پرشین بلی چوری کرلی گئی تھی۔شکایت درج کرنےکے بعد ونستھلی پورم پولیس نے اس واقعہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کیا اور ایک پولیس ٹیم اس بلی اور اس کا سرقہ کرنے والے کی تلاش میں مصروف ہے۔
” اس واقعہ کا سی سی ٹی وی فوٹیج یہاں دیکھا جاسکتا ہے "
” مسروقہ بلی "


