جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام تانڈورمیں یوم جمہوریہ تقریب منائی جائے گی۔
تانڈور۔25۔جنوری (سحر نیوزڈاٹ کام) مولانامحمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد،صوبہ تلنگانہ،کے بموجب دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد واقع تانڈور پر ملک کی 72ویں یوم جمہوریہ ہند کی تقریب تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائے گی انہوں نے عوام سے کثیر تعداد میں اس تقریب میں شرکت کی خواہش کی ہے۔

اپنے صحافتی بیان میں مولانامحمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآبادنے کہا ہیکہ ہمارے ملک ہندوستان کی تاریخ میں 26 جنوری کو ایک خاص مقام حاصل ہے یہ وہ یادگار دن ہے جس دن ملک کے انتہائی ذہین،تعلیم یافتہ اور اعلیٰ دماغ افراد کی مسلسل اور انتھک کوششوں سے ملک میں بسنے والے تمام طبقات کو تحفظات ومساوات فراہم کرنے والا جامع “دستور ہند”بن کر تیار ہوا جس دستور کی بالادستی سے ملک کے ہر شہری کو باعزت اور پرسکون زندگی اور تمام بنیادی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہوتی ہے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاہم چند ناعاقبت اندیش عناصر کی مسلسل ناپاک کوششوں کی وجہ سے اس دستور اور ملک کی جمہوریت کو شدید خطرہ لاحق ہے اس صورت حال نے ملک کے ہر سیکولر ذہن شہری کو شدید بے چینی میں مبتلا کرکے رکھ دیا ہے۔
ایسے سنگین حالات میں ملک کی جمہوریت کی بقاء وتحفظ اور ملک کی خاطر قابل فخر قربانیاں دینے والے “عظیم سورماؤں”کا تذکرہ ہر شہری کی اولین ذمہ داری ہے۔ا
سی ضمن میں ہر سال کی طرح اس سال بھی 26جنوری 2021ء،بروزمنگل دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد، عقب رائل کانٹا تانڈور پر یوم جمہوریہ تقریب بڑے تزک احتشام کے ساتھ منائی جائے گی ۔تقریب پرچم کشائی ٹھیک 9-15بجے صبح عمل میں لائی جائے گی ۔جس میں شہر کی سماجی، سیاسی شخصیات کے علاوہ اراکین جمعیۃ کی بڑی تعداد شرکت کرے گی ۔
مولانامحمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے عوام سے بلاء لحاظ مذہب و ملت اپیل کی ہیکہ وقت کی پابندی کے ساتھ اس تقریب میں شرکت فرمائیں۔

