جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد اور تانڈور کے زیراہتمام
تانڈور میں سیرت النبیﷺ کوئز و تحریری مسابقہ کا کامیاب انعقاد
500 سے زائد طلبہ اور خانہ دار خواتین نے حصہ لیا، غیرمسلم طالبات بھی شامل
19 نومبر کو منعقدہونے والے جلسہ سیرت النبیﷺمیں انعامات کی تقسیم
وقارآباد/تانڈور:23۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

جمعیت اہلحدیث وقارآبادضلع اور مقامی جمعیت اہلحدیث کے زیراہتمام آج 23 اکتوبر،بروز اتوار،تانڈور کےکنگس پیالیس فنکشن ہال میں سیرتالنبی ؐ کوئز و تحریری مسابقہ کا اہتمام کیا گیا۔اس سیرت النبیﷺ مسابقہ میں اسکولوں اور کالجوں کےطلبا و طالبات کےعلاوہ خانہ دار دختران ملت کے بشمول اقلیتی اقامتی جونیئر کالج کی طالبات نے بھی حصہ لیا۔ان میں چند غیر مسلم طالبات بھی شامل تھیں۔اس طرح اس سیرت النبی ؐ کوئز و تحریری مسابقہ میں 500 سے زائد طلبا و طالبات کے علاوہ خانہ دار خواتین نے حصہ لیتے ہوئے عشق رسولﷺ کا مظاہرہ کیا۔
مقامی مسلم قائدین و ذمہ داروں محمدخورشید حسین ،عبدالاحد،محمد بابر،سیدعبدالغفورپاشاہ،سید اسد اللہ،مولانا محمدعبداللہ اظہر قاسمی،مولانا شکیل احمد نظامی،مولانا محمد خلیل الرحمن محمدی ،مولانا شکیل احمد عمری،محمد طاہر قریشی،محمدلائق علی پرنس،مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی،محمد جمیل احمد،حسن الدین صدیقی اور دیگرنے کنگس پیالیس کادورہ کرتےہوئے اس مسابقہ میں شرکت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی سراہنا کی۔

جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد اور تانڈور کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس مسابقہ کے نتائج کا اعلان اور انعامات کی تقسیم 19 نومبر کو تانڈور کے اے آر گارڈن میں منعقد کیے جانے والے جلسہ سیرت النبیﷺ میں عمل میں لائی جائے گی۔
اس مسابقہ کے انعقاد کےموقع پر امیر جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد مولانا نذیر احمد جامعی اور خازن مولانا عبدالرشید جامعی،مقامی امیر جمعیت اہلحدیث مولانامحمد عثمان غنی،جنرل سیکریٹری عبدالرحمن مجاہدی اور خازن ایم اے علیم شلو کے علاوہ جمعیت اہلحدیث کے ضلعی اور مقامی ذمہ داران نے نگرانی کی۔
اس سلسلہ میں جمعیت اہلحدیث ضلع وقارآباد وتانڈور کے ذمہ داران نے سیرت النبیﷺ کوئز و تحریری مسابقہ کے انعقاد کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور اس میں کثیر تعداد میں حصہ لینے والے طلبا،طالبات اور خانہ دار خواتین کاشکریہ ادا کیا ہے۔اور اس مسابقہ کے انعقاد میں پرنسپل اقلیتی اقامتی اسکول برائے طالبات،تانڈورمحترمہ محبوب فاطمہ سے اسکول کی طالبات کو حصہ لینے کی اجازت دئیے جانے پر اور فنکشن ہال کی فراہمی پر اس کے مالک عبداللہ مجاہدی سے بھی شکریہ کا اظہار کیا ہے۔


