وزیراعظم کے ہاتھوں ملک میں 5۔جی انٹرنیٹ سرویس کا افتتاح
حیدرآباد سمیت13 شہروں کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ خدمات کی سہولت
نئی دہلی:01۔اکتوبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
وزیراعظم نریندرمودی نے آج دہلی کےپرگتی میدان میں انڈین موبائل کانگریس (آئی ایم سی) کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاح انجام دینے کے بعد ملک میں انٹرنیٹ 5۔جی سرویس کا افتتاح انجام دیا۔
5۔جی انٹرنیٹ کی پہلےمرحلہ کےتحت ملک کے 13 شہروں میں اس کی خدمات دستیاب رہیں گی۔جن میں دہلی،ممبئی،حیدرآباد،لکھنؤ، پونے،احمدآباد، بنگلورو،چنئی،کولکاتہ،چندی گڑھ،گاندھی نگر،گروگرام اور جام نگر شامل ہیں۔
بعدازاں وزیراعظم نے پرگتی میدان میں آئی ایم سی کی نمائش کا بھی افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر وزیراعظم نریندرمودی نے عہدیداروں سے 5۔جی انٹرنیٹ خدمات کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ریلائنس جیو کے چیرمین آکاش امبانی نے اس موقع پر جلد ہی ملک بھر 5۔خدمات کی سہولت فراہم کیے جانے کی تفصیلات سے وزیراعظم کو واقف کروایا۔اس تقریب میں مرکزی وزیر اشونی ویشنو کے علاوہ دیگر شریک تھے۔مرکزی حکومت کے مطابق اندرون دو سال مرحلہ وار طریقہ سے سارے ملک میں 5۔جی انٹرنیٹ سرویس فراہم کردی جائے گی۔
آج سے آغاز شدہ 5۔جی انٹرنیٹ خدمات موجودہ 4۔جی انٹرنیٹ سے زائداز دس گنا تیزرفتارہوتی ہیں۔اور بلاءرکاوٹ اس کی خدمات جاری رہتی ہیں۔اس سے بالخصوص انٹرنیٹ استعمال کرنے والی کمپنیوں کے کام میں مزید تیزی پیدا ہوگی۔

ٹیلی کام اسپیکٹرم کے ہراج کے موقع پر 5۔جی خدمات کی خریدی کے لیے 1.5 لاکھ کروڑ کی بولیاں لگائی گئی تھیں۔مکیش امبانی کی جیو کمپنی نے 87,946.93 کروڑ کی بولی لگاکر نصف کے قریب 5۔جی انٹرنیٹ سرویس اسپیکٹرم حاصل کیاتھا۔جبکہ گوتم ادانی گروپ نے 400 MHZ کے لیے 211.86 کروڑ کی بولی لگائی جو کہ عام موبائل سرویس خدمات کی فراہمی کے لیے نہیں ہے۔
جبکہ 5۔جی اسپیکٹرم حاصل کرنے کے لیے دوسری سب سے بڑی کمپنی ایرٹیل کے مالک سنیل بھارتی نے 43,039.63 کروڑ کی بولی لگائی تھی۔ وہیں ووڈا۔آئیڈیا نے 18,786.25 کروڑ کی بولی لگائی تھی۔
یاد رہے کہ 5۔جی انٹرنیٹ خدمات عام موبائل فونس پر دستیاب نہیں ہوتیں بلکہ نئے ماڈل کے 5-جی سرویس کے حامل موبائل فونس پر 5۔جی انٹرنیٹ خدمات کا لطف بلا کسی سست رفتاری کے لیا جاسکتا ہے۔

