پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم نے مچھلیوں کو غذاء کے ساتھ
پلاسٹک کی تھیلیاں بھی دریا میں پھینک دیں،سوشل میڈیا پر شدید تنقید
معذرت نامہ پرمشتمل ویڈیو جاری،ہر طرف سے ستائش
نئی دہلی:17۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)
انسانی غلطیوں سے ساری دنیا ان دنوں ماحولیاتی تباہی کا باعث بن گئی ہے۔ماحولیات میں تبدیلی کی وجہ سے کہیں سیلابی صورتحال ہے تو کہیں خشک سالی۔انسان جہاں اپنی غلطیوں کی سزا خود غلط بھگت رہے ہیں۔وہیں بے زبان چرند اور پرند کو بھی اس نے سزا دی ہے۔جنگلات کی کٹائی،ندیوں اور تالابوں پر قبضہ،کنکریٹ کے جنگل نماعمارتوں کےباعث مختلف جانوروں اور پرندوں کی نسلیں ختم ہوچکی ہیں۔وہیں بعض نایاب قسم کے چرند اور پرند کی نسلیں بھی ختم ہونے کے دہانے تک پہنچ چکی ہیں۔
ایسے میں پاکستان کی معروف اداکارہ ریشم Resham# جو کہ 1990 کی دہائی سے پاکستانی سنیما (لالی ووڈ)میں اپنے کام اور 2010 کی دہائی سے ٹیلی ویژن ڈرامہ شوز کے لیے مشہور ہیں اور ساتھ ہی وہ سوشل میڈیا پربھی اپنے مداحوں کا بہت بڑا حلقہ رکھتی ہیں.خود بھی مائیکرو بلاگر سائٹ ٹوئٹر کے علاوہ فیس بک پر بھی متحرک رہتی ہیں۔ان کے ویڈیوز کو بہت زیادہ ناظرین دیکھتے اور پسند بھی کرتے ہیں۔انسانی ہمدردی اور عوام کی مختلف طریقوں سے وہ مدد بھی کرتی رہتی ہیں۔
دراصل اداکارہ ریشم نے 11 ستمبر کو اپنے فیس بک پیج پر کئی ویڈیوز پوسٹ کیں۔جب وہ سیلاب سےشدیدمتاثرہ علاقوں میں امدادی کام کرنے کے لیے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر چارسدہ جا رہی تھیں۔
اداکارہ ریشم کی جانب سے پوسٹ کیےگئے ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دوران سفر وہ ایک پل پر اپنی گاڑی روک کر نیچے بہتے ہوئے دریا میں مچھلیوں کے لیے بریڈ،دیگر غذائی اشیاء اور دانہ پھینک رہی ہیں۔ریشم مچھلیوں کے لیے جن پلاسٹک کی پیاکٹ سے نکال کر غذا پھینک رہی تھیں وہ ساتھ میں وہ پلاسٹک کی پیاکٹس بھی دریا میں پھینکتی جارہی تھیں۔
https://www.facebook.com/therealresham/videos/453981090112643
اس ویڈیو کو فیس بک پر 9.6 ملین صارفین نے دیکھا ہے جبکہ ایک لاکھ 33 ہزار صارفین نے اس ویڈیو کو لائیک اور اس ویڈیو پر 57,000 فیس بک صارفین نے ملے جلے ردعمل پرمشتمل ستائشی اور تنقیدی کمنٹس کیے ہیں۔اسی دؤران ان کا یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔اور انہیں ٹرول کیاجانےلگا۔
پاکستانی نامورسماجی کارکن،صحافی اور بلاگر اسماء اعظم نے اداکارہ ریشم کے اس ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ”ان کا اعتماد سے پلاسٹک اس طرح پھینکنا ظاہر کرتا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی اور اس کے نقصانات کا ان کو کوئی اندازہ نہیں۔یہ وہ عمومی رویہ ہے جس کا خمیازہ ہماری زمین بھگت رہی ہے اور ہمیں اس کا نہ احساس ہے نہ دکھ۔افسوس!!”۔
جبکہ صدرہ شیخ جن کے ٹوئٹر پر ڈھائی لاکھ سے زیادہ فالوروز ہیں نے اسی ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ”ریشم مچھلیوں کو کھانا تو کھلارہی ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے پلاسٹک کی تھیلیاں بھی دریا میں پھینک دی ہیں جو مچھلیوں کو ہلاک کرسکتی ہیں”۔
سوشل میڈیا پر اس ٹرولنگ کے بعد اداکارہ ریشم نے لکھاکہ”ہاں مجھے احساس ہوا کہ میں نےپلاسٹک پھینک کرغلطی کی ہے،لیکن خواتین کی روز عصمت ریزیاں ہورہی ہیں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ بڑھ رہا ہے،لیکن پلاسٹک پرتنقید کرنے والے اس معاملہ میں اپنی آنکھیں بند کیے ہوئے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ یہ تمام احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،کیونکہ میں صدقہ کے طور پر مچھلیوں کو غذا پہنچارہی تھی۔اداکارہ ریشم نےلکھا کہ میں دو مرتبہ کوویڈ سےمتاثر ہوئی تھی اور اس کی وجہ سےبھول کر یہ حرکت سرزد ہوگئی۔انہوں نےلکھا کہ میں خاموشی کےساتھ ہزاروں سیلاب زندگان کی مدد کررہی ہوں۔لیکن افسوس کہ لوگ صرف میری ایک غلطی پر مجھے ٹرول کررہے ہیں”۔
اس تمام واقعہ کے بعد اداکارہ ریشم نے ایک ویڈیو جاری کرتےہوئے معذرت چاہی۔اس ویڈیو کے ذریعہ انہوں نے کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ”سب سے پہلے میری معذرت قبول کیجئے۔جو کچھ بھی ہوا نہیں ہونا تھا۔یقین مانئے بے دھیانی اوربے خیالی میں ایسا ہوا،جان بوجھ کر نہیں ہوا،اس کے لیے میں معافی مانگتی ہوں اپنی پوری قوم سے۔
اس ویڈیو میں اداکارہ ریشم نے کہا کہ”میں ذاتی طور پر ہرقسم کی آلودگی کےخلاف ہوں،اپنے ملک کو آلودگی سےپاک رکھناہمارا قومی فریضہ ہے، انسان ہوں، غلطیاں انسانوں سےہوجاتی ہیں مجھ سےبھی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میرے پورے کیریئر کی یہ سب سے بڑی غلطی تھی۔اسی لیے میں قبول کرتی ہوں اور مانتی ہوں۔کوشش کروں گی کہ آئندہ ایسی غلطی کبھی بھی نہ کروں،ایک بارپھر دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں”۔
اداکارہ ریشم کےاس معذرت نامہ والے ویڈیو کو اب تک 1.2 ملین فیس بک صارفین نے دیکھا ہے۔59،000 سے زائد نے لائیک کیا ہے اور 12،000 سے زائد فیس بک صارفین نے مختلف کمنٹس کیے گئے ہیں۔
https://www.facebook.com/therealresham/videos/460157105853811
اداکارہ ریشم کی جانب سے جاری کردہ اس معذرت نامہ کی سوشل میڈیا پر زبردست سراہنا کی جارہی ہے۔صارفین کاکہنا ہے کہ ریشم اچھے کام کرتی ہیں ان کی بھی ستائش کی جانی چاہئے اور ایسی غلطی کو نظرانداز کیا جانا چاہئے۔معذرت نامہ کے بعد اداکارہ ریشم پرتنقید کرنے والے بھی لکھ رہے ہیں کہ اب اس معاملہ کو ختم کردینا چاہئے کیونکہ معافی مانگنا بھی بہت بڑا کام ہے۔
اسماءاعظم نے بھی اس معذرت نامہ کے بعد اداکارہ ریشم کے ویڈیو کو ری۔ٹوئٹ اور انہیں ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”غلطی مان کر اس پہ معذرت ایک خوش آئند چیز ہے۔احساس باقی رہے تو چیزیں آہستہ آہستہ اپنی صحیح جگہ پر واپس آجاتی ہیں”۔
جبکہ شمع جونیجو نے ٹوئٹر پراس معذرت والے ویڈیو کو ٹوئٹ کرتےہوئےلکھا ہےکہ”وہ بیچاری اپنے پیسوں سےٹرک بھر بھر کے سیلاب مُتاثرین کو دیتی رہی،وہ کسی نے نہیں دیکھا،لیکن دوتھیلیاں پھینکنے سے پورے پاکستان کو آلودہ کردیا۔گھٹیا اور ذلیل لوگ۔پھر بھی وہ کہتی رہی کہ میں نے غلطی کی ہے،مجھے معافی مانگنی چاہئے۔ایسے لوگ کہاں ہوتے ہیں آج کل۔۔”


