مدھیہ پردیش: حاملہ خاتون کو جے سی بی کے ذریعہ سیلابی پانی میں سےمنتقل کیا گیا، خراب سڑک کے باعث ایک اور خاتون نے آٹو رکشا میں بچے کو جنم دیا

مدھیہ پردیش: حاملہ خاتون کو جے سی بی کے ذریعہ سیلابی پانی میں سےمنتقل کیا گیا
خراب سڑک کے باعث ایک اور خاتون نے آٹو رکشاء میں بچے کو جنم دیا

بھوپال:26۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک)

مدھیہ پردیش کےکھرگون ضلع میں 14 اپریل کورام نومی کی شوبھایاترا کے موقع پر پتھراؤ کے الزامات کے بعدکئی مکانات اور دکانات کو غیرقانونی تعمیرات قرار دیتے ہوئے جے سی بی مشینوں کے ذریعہ منہدم کردیا گیا تھا۔جس میں حسینہ فخرو نامی ایک غریب اور ضعیف خاتون کا وہ مکان بھی شامل تھا جسے مرکزی حکومت کی اسکیم”پردھان منتری آواس یوجنا”کے تحت ڈھائی لاکھ روپئے جاری کیے گئے تھے۔

اب سوشل میڈیا پر اسی مدھیہ پردیش کا ایک ایساویڈیو وائرل ہوا ہے جسے دیکھنے کے بعد احساس ہوتا ہے کہ جے سی بی مشینیں صرف انہدامی کارروائیوں،توڑ پھوڑ اور غریبوں کی بستیاں اُجاڑنے کے لیے ہی نہیں بنائی گئی ہیں بلکہ اس سے انسانی جانیں بھی بچائی جاسکتی ہیں۔

مدھیہ پردیش کے ایک ضلع میں ایسا ہی ایک نظارہ دیکھا گیاجہاں ایک حاملہ خاتون کو جے سی بی کے ذریعہ بریج کی سطح سے اوپر بہہ رہے سیلابی پانی میں سے ایک جانب سے دوسری جانب منتقل کیا گیا کیونکہ ایمبولنس اس خاتون کے مکان تک پہنچنے میں ناکام ہوگئی تھی۔

جبکہ مدھیہ پردیش کے ہی ایک اورضلع میں خراب سڑک کےباعث آٹورکشا کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیے جانے کے دؤران ایک اور حاملہ خاتون نے آٹو رکشاء میں ہی بچے کو جنم دیا۔( دونوں ویڈیوز یہاں دیکھے جاسکتے ہیں ⬇️ )

مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع Neemuch# میں پیش آئے پہلے واقعہ کےمتعلق بتایا گیا ہے کہ اس حاملہ خاتون کو دردزہ کی شکایت پر مقامی ایم ایل اے نے مقامی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں جے سی بی فراہم کی۔یہ واقعہ نیمچ ضلع کے راوت پورہ گاؤں میں پیش آیا۔جو مدھیہ پردیش کے ان 39 اضلاع میں شامل ہے جہاں شدید بارش کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب مدھیہ پردیش میں ہی اترپردیش کی سرحد سےمتصل ریوا ضلع میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا ہے۔جہاں بارش سے تباہ سڑک کی وجہ سے ہیلتھ کیئر سنٹر پہنچنے میں تاخیر کی وجہ سے ایک خاتون نے آٹورکشا میں ہی بچے کو جنم دیا۔

اس واقعہ کا ویڈیوبھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں دیکھا اور اس خاتون کے رشتہ دار کو سنا جاسکتا ہے جو کہہ رہا ہے کہ فون کرنے پر خراب سڑک کے باعث ایمبولنس نہیں آتی۔اس لیے خاتون کو دردزہ کی شکایت پر دیگر رشتہ دار خاتون کے ساتھ آٹو رکشاء کے ذریعہ ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس خاتون نے آٹو رکشا میں ہی بچے کو جنم دیا۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ مدھیہ پردیش میں جہاں کے کئی اضلاع چند دنوں سے شدید بارش کےباعث سیلابی صورتحال کاشکار ہیں اور ذخائرآب لبریز ہوکر اپنی سطح سے اوپر بہہ رہے ہیں۔ریاست میں گزشتہ دو دنوں کے دوران 4,300 سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور 2,100 افراد کوسیلاب زدہ علاقوں سےبحفاظت نکال لیا گیا ہے۔دارالحکومت بھوپال سمیت مدھیہ پردیش کے کئی حصوں میں گزشتہ چند دنوں سے بارش کاسلسلہ جاری ہے اورعوام کو برقی سربراہی میں خلل سے ہونے والی مشکلات اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔