حیدرآباد میں کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی
کانگریسی لیڈر فیروز خان کی دختر تانیہ جاں بحق،دیگر دو محفوظ
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دیگر کا اظہارتعزیت
حیدرآباد:01۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد کی سیاسی و سماجی شخصیت کانگریسی قائد فیروز خان کے مکان میں آج اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب حیدرآباد کے شمس آباد کے قریب ان کی دختر ایک سڑک حادثہ میں اس وقت جاں بحق ہوگئیں جب ان کی کار ایک روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی۔اس کار میں موجود دیگر دو افراد محفوظ رہے۔جنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ نصف شب کے بعد حیدرآباد۔بنگلور قومی شاہراہ پرضلع رنگاریڈی کےشمس آباد بلدی اور سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے حدود میں ساتم رائی کے قریب کار TS13 EV 5243 روڈ ڈیوائیڈر سے ٹکراگئی جس میں افسوسناک طور پر کانگریسی قائدفیروز خان کی دختر تانیہ (25سالہ) جاں بحق ہوگئیں۔اس کار میں سوار ایک اور لڑکی دیویا اور کار چلارہے نوجوان مرزا علی معمولی زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔
بعد پنچنامہ پولیس نے فیروز خان کی دختر کی نعش کوبغرض پوسٹ مارٹم عثمانیہ ہسپتال منتقل کیا۔حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کار کے اگلے حصہ کے پرخچے اڑگئے۔بتایا جارہا ہے کہ مرزا علی کار چلارہے تھے اور تانیہ ڈرائیور کے بازو کی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھیں۔اور دیویا کار کی پچھلی نشست پر تھیں۔حادثہ کی وجوہات کا علم نہیں ہوپایا ہے تاہم میڈیا اطلاعات میں حادثہ کی وجہ کار کی تیز رفتاری بتائی جارہی ہے!َ؟
اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی حیدرآباد کےعلاوہ ریاست بھر میں بھی کانگریسی قائد فیروز خان کی دختر تانیہ کی کار حادثہ میں موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔مختلف سیاسی اور سماجی قائدین نے فیروزخان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے۔
صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے اپنے ٹوئٹ میں کانگریسی قائد فیروز خان کی دختر تانیہ کی کار حادثہ میں موت پر شدید افسوس کا اظہارکرتےہوئے لکھا ہے کہ”شری فیروزخان کی بیٹی محترمہ تانیہ کی بےوقت موت کی اطلاع پر بہت دکھ ہوا۔اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور میں دعا کرتا ہوں کہ خدا انہیں دکھ کی اس گھڑی میں طاقت عطا کرے”۔


