تلنگانہ : ریاستی وزیر کے ٹی آر کی سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے والے تین ملازمین کو میمو جاری، کے ٹی آر نے کمشنر بلدیہ بیلم پلی کو معطل کرنے کا حکم دیا

تلنگانہ: ریاستی وزیر کے ٹی آر کی سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے والے
تین ملازمین کو کمشنر بلدیہ نے میمو جاری کرتے ہوئے کارروائی کا انتباہ دیا
کے ٹی آر کا کمشنر بلدیہ بیلم پلی کو فوری خدمات سے معطل کرنے کا حکم

حیدرآباد:29۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

بعض اؤقات چندسرکاری عہدیداراپنے اعلیٰ عہدیداروں یا پھر اس محکمہ کے وزرا کوخوش کرتے ہوئے ان کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایسا ہی خانگی اداروں میں بھی اکثر دیکھا جاتا ہے۔

ایسی ہی ایک کوشش ریاست تلنگانہ میں ایک کمشنر بلدیہ کو اس وقت زیادہ مہنگی ثابت ہوئی جب انہوں نے ریاستی وزیر آئی ٹی،بلدی نظم ونسق و صنعت کے۔تارک راماراؤ (کے ٹی آر) کی سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے والے بلدیہ کے ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی۔جب اس واقعہ کی اطلاع ریاستی وزیر کے ٹی آر کو موصول ہوئی تو انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ بلدیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس کمشنر بلدیہ کو فوری طور پر خدمات سے معطل کردیا جائے۔

واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم ونسق کے۔تارک راماراؤ کی 24 جولائی کوسالگرہ تھی۔اس سلسلہ میں منچریال ضلع کے بیلم پلی کے سرکاری ہسپتال میں سالگرہ تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں بلدیہ بیلم پلی کی جانب سےتمام بلدی عہدیداروں اور ملازمین کو واٹس ایپ کے ذریعہ میسیج روانہ کرتے ہوئے اس سالگرہ تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔

تاہم بلدیہ بیلم پلی کے تین ملازمین ٹی۔راجیشوری (سینئر اسسٹنٹ)،پونم چند (جونیئر اسسٹنٹ) اور موہن(سسٹم مینجئر) نے ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤ کی اس سالگرہ تقریب میں شرکت نہیں کی۔
جس پر کمشنر بلدیہ بیلم پلی نے ان تینوں بلدی عہدیداروں کو ایک میمو جاری کرتے ہوئے وجہ طلب کی کہ کیوں نہ ان کے خلاف ریاستی وزیر کی سالگرہ تقریب میں شرکت نہ کرنے پر کارروائی کی جائے؟؟

اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راماراؤنے ریاستی کمشنر اینڈ ڈائرکٹوریٹ آف میونسپل اڈمنسٹریشن(سی ڈی ایم اے) کو ہدایت جاری کی کہ فوری طورپر کمشنر بلدیہ بیلم پلی کی اس حرکت پر ان کےخلاف کارروائی کرتے ہوئےانہیں خدمات سے معطل کردیا جائے۔اس سلسلہ میں ریاستی وزیر کے ٹی آر نے ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔