تانڈور میں بی جے پی کو ایک اور جھٹکا،ایک اور رکن بلدیہ وزیرتعلیم سبیتا ریڈی کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شامل

وقارآبادضلع: تانڈور میں بی جے پی کو ایک اور جھٹکا
ایک اور رکن بلدیہ وزیرتعلیم سبیتاریڈی اور رکن اسمبلی روہت ریڈی کی موجودگی میں
کارکنوں کے ساتھ ٹی آر ایس پارٹی میں میں شامل،اندرون ہفتہ دوسرا واقعہ

وقارآباد/تانڈور:07۔جولائی(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں ایک طرف جہاں اپنی سیاسی جڑیں مضبوط کرنےکے لیےبھارتیہ جنتاپارٹی تمام حربے استعمال کرنے میں مصروف ہے وہیں اسی ہفتہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تین بی جے پی کارپوریٹرس جن کا تعلق بی جے پی سے تھا اپنے زعفرانی کھنڈوا اتارکر برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی کا گلابی کھنڈوا پہن لیا تھا۔اسی دؤران کئی اضلاع سے بھی ایسی اطلاعات ہیں کہ بی جے پی کارکن ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں جہاں پہلے ہی سے بی جے پی آپسی خلفشار اور گروپ بندی کا شکارہے۔اسے آج اس وقت ایک اورشدید دھکا لگا جب بی جے پی کی ایک اور رکن بلدیہ سنگیتا اجئے سنگھ ٹھاکر نے بھی بی جے پی سے مستعفی ہوتے ہوئے حیدرآباد میں ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے باقاعدہ ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔وہ بلدیہ تانڈور میں بلدی حلقہ 20 کی نمائندگی کرتی ہیں ان کے ساتھ بلدی حلقہ کے کئی بی جے پی کارکن بھی ٹی آرایس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

اس موقع پر رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،نائب صدرنشین بلدیہ تانڈورپٹلولا دیپانرسملو،رکن بلدیہ سنگیتا نریندرگوڑ،مقامی ٹی آر ایس پارٹی ترجمان راجو گوڑ،ڈاکٹر سمپت کمار،پٹلولا نرسملو،سرینواس چاری،سنتوش گوڑ کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔

ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے رکن بلدیہ اور بی جے پی کارکنوں کو پارٹی کھنڈوا پہناکر ٹی آر ایس میں ان کا استقبال کیا۔ٹی آر ایس پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کے بعد رکن بلدیہ سنگیتا ٹھاکر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں ریاست تلنگانہ کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کی ترقی و فلاح بہبود اور تانڈور کی ترقی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

یاد رہے کہ 30 جون کو ہی کارگزار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیربلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی کی فلورلیڈر بلدیہ تانڈور سندھوجا نریندر گوڑ اور ان کے شوہر نریندر گوڑ کے علاوہ سی پی آئی پارٹی کے فلور لیڈر بلدیہ محمد آصف بھی ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔

یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ 2020 جنوری میں منعقدہ بلدیہ 36 رکنی مجلس تانڈور کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے اکثریت حاصل کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ اور نائب صدرنشین بلدیہ کے عہدوں پر قبضہ کیا تھا۔جبکہ دوسری بڑی پارٹی کے طور پر بی جے پی کے سات ارکان بلدیہ کامیاب ہوئے تھے۔اب ان میں سے دو خاتون ارکان بلدیہ ٹی آرایس میں شامل ہوگئی ہیں۔اب 36 رکنی بلدیہ تانڈور میں بی جے پی کے پانچ، کانگریس کے چار،کل ہندمجلس اتحاد المسلمین کے تین اور تلنگانہ جناسمیتی(ٹی جے ایس)کے ایک رکن بلدیہ موجود ہیں۔