لاپتہ بیوی کی تلاش کے لیے تانڈور پولیس کو 48 گھنٹو ں کی مہلت
بعد ازاں بیٹیوں سمیت خودکشی کا انتباہ،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
وقارآباد ضلع میں ہلچل،پولیس چوکس،باپ اور دونوں بیٹیاں بھی لاپتہ!!
وقارآباد/تانڈور: 25۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
لاپتہ بیوی کو تلاش کرنے کے لیے ایک شخص اور اس کی بیٹیوں نے تانڈور پولیس کو 48 گھنٹوں کی مہلت دی ہے اور ساتھ ہی انتباہ دیا ہے کہ اگر پولیس اس میں ناکام ہوجاتی ہے تو پھر انہیں 48 گھنٹوں بعد اجتماعی خودکشی اور ان کی نعشوں کا لوکیشن پولیس کو بھیجا جائے گا۔
باپ اور بیٹیوں کے اس بیان پرمشتمل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ہلچل مچارہا ہے اور پولیس کے لیے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
واقعہ کی تفصیلات کے مطابق وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن کے شیواجی چوک علاقہ کے ساکن ستیہ مورتی کی بیوی اناپورنا(36 سالہ) 6 مارچ کو اچانک اپنے مکان سے لاپتہ ہوگئیں۔اس کے بعد سے شوہر اور رشتہ داروں نے اناپورنا کو ہر جگہ تلاش کرلیا لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔بعدازاں 8 مارچ کو شوہر ستیہ مورتی نے اپنی بیوی کی گمشدگی کی شکایت تانڈور پولیس میں درج کروائی تھی۔
اس وقت شوہر ستیہ مورتی نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ ان کی بیوی کا پتہ بتانے والوں کو ایک لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا جائے گا۔اس کے بعد سے پولیس اور شوہر کی جانب سے تلاش کے باؤجود لاپتہ بیوی اناپورنا کا کوئی سراغ حاصل نہیں ہوا۔
اسی دؤران آج شوہر ستیہ مورتی اور ان کی دو دختران پراہرشا(17سالہ) اور اکشرا(13سالہ) کا ایک سیلفی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس ویڈیو میں دونوں لڑکیاں کہہ رہی ہیں کہ ان کا اپنی ماں اناپورنا کے بغیر زندگی گزارنامشکل ہے تین ماہ سے وہ اس امید میں زندہ ہیں کہ ان کی ماں لؤٹ آئے گی لیکن اب یہ امید ختم ہوگئی ہے۔
ان دونوں لڑکیوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس اور حکومت ان کی ماں کو تلاش کرکے ان کے حوالے کرے۔ورنہ ان کا اپنی ماں کےبغیرزندہ رہنا مشکل ہے۔
جبکہ اس وائرل شدہ ویڈیو میں شوہر ستیہ مورتی نے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ان کی بیوی کے لاپتہ ہونے میں چند بڑے لوگوں کا ہاتھ ہے!!۔اور اس کے پیچھے بہت بڑی سازش ہے۔
انہوں نے اس ویڈیو میں کہا کہ ان کی جانب سے حاصل کردہ تمام سیل فون،اس کا پوراریکارڈ، پین ڈرائیو اورسی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج وہ پولیس کے حوالے کریں گے۔
ساتھ ہی اناپورنا کے شوہر ستیہ مورتی نے اس ویڈیو میں اپنی بیٹیوں کے ساتھ انتباہ دیا ہے کہ اگر تانڈور پولیس نے 48گھنٹوں میں ان کی بیوی کا کیس حل نہیں کیا تو ان تمام کی نعشیں ہی ملیں گی۔انہوں نے انتباہ دیا کہ نعشوں کے لوکیشن سے بھی پولیس کو واقف کروایا جائے گا۔
ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیوں کے اس ویڈیو کےوائرل ہونےکے بعد پورے ضلع اور ریاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ساتھ ہی پولیس بھی میدان میں اتر گئی ہے۔ڈی ایس پی تانڈور شیکھر گوڑ کی قیادت میں لاپتہ اناپورنا کی تلاش کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس سلسلہ میں پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو اپنے اپنے حساب سے اس معاملہ کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

اسی دؤران ستیہ مورتی کے اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ستیہ مورتی اور ان کی دونوں بیٹیاں بھی لاپتہ ہیں۔ان کا مکان مقفل ہے۔ ستیہ مورتی کے ایک رشتہ دار نے پولیس سے شکایت کی ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے ستیہ مورتی اور ان کو دونوں بیٹیاں پراہرشا اور اکشرا تینوں کا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے۔

