پٹریاں عبور کرکے پلیٹ فارم پر چڑھنے کی کوشش
اچانک تیز رفتار ٹرین کی آمد،سوپر مین کی طرح پولیس ملازم نے
ضعیف خاتون کو ایک لمحہ میں پلیٹ فارم پرکھینچ لیا،ویڈیو وائرل
لکھنئو:21۔جون
(سحر نیوزڈاٹ کام/سوشل میڈیا ڈیسک )
ٹرینوں کے گزرنےکے دؤران بعض افراد جلد بازی میں اس یقین کے ساتھ دؤڑتے ہیں کہ آنے والی ٹرین کا فاصلہ ان سےکم ہے اور اس دؤران وہ راستہ عبور کرکے اس طرف پہنچ ہی جائیں گے۔بعض اؤقات ایسی غلطی جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔اکثر ریلوےگیٹس اور ریلوے پلیٹ فارمز پر ایسے نظارے دیکھے جاتے ہیں۔
اسٹیشنوں میں ریلوےفٹ اوور بریج کا استعمال بعض ضعیف،بیماراور کمزورمسافرین کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے۔ایسے میں وہ ایک ریلوے پلیٹ فارم سے کسی طرح نیچے اتر کر دوسرے پلیٹ فارم پر بھی مشکل سے چڑھ پاتے ہیں یا کوئی سہارا دے کر اوپر کھینچ لیتا ہے۔
جبکہ یہ عمل غیر قانونی ہے کسی بھی ریلوے اسٹیشن میں پٹریوں کوعبورکرتے ہوئے پلیٹ فارمز پر چڑھنے پر جرمانہ ہوسکتا ہے یا پھر جرمانہ کے ساتھ سزا بھی ہوسکتی ہے۔
اتر پردیش کے ایک ریلوے اسٹیشن کا ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہےکہ کیسے ایک پلیٹ فارم سے اترکر دوسرے پلیٹ فارم پر چڑھنےکے دؤران ایک سوپر فاسٹ ٹرین آگئی اور خوش قسمتی سے ایک ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نے اس ضعیف خاتون کوایک لمحہ کی تاخیر کے بغیر ہمت و حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جونہی اس خاتون کو اپنے ہاتھوں سے کھینچ لیا ایک دندناتی ہوئی ٹرین پیچھے سےگزرگئی۔
اس ویڈیو کو دیکھنے سے احساس ہوتا ہے کہ اس واقعہ کے بعد اس ضعیف خاتون اور خود ریلوے پولیس جوان کے اؤسان چند منٹوں یا گھنٹوں تک خطا ہوگئے ہوں گے؟ کیونکہ ویڈیو دیکھنے والوں کے لیے ہی یہ نظارہ رونگھٹے کھڑے کردینے والا ہے۔
اتر پردیش کے جھانسی ڈیویثرن کے للت پور ریلوے اسٹیشن میں ہفتہ کی صبح کی اولین ساعتوں میں تین بج کر تین منٹ پر پیش آئے اس ہیجان انگیز واقعہ کی تفصیلات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کملیش کمار دوبے(59 سالہ)جو کہ 18 ماہ بعد ملازمت سے ریٹائرڈ ہونےوالے ہیں۔للت پور ریلوے اسٹیشن پر رات کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
ٹائمز آف انڈیا سے فون پرخصوصی بات کرتے ہوئے کملیش کمار دوبے نے بتایاکہ وہ پلیٹ فارم نمبر 2 اور 3 پر ڈیوٹی کررہے تھے،انہوں نے دو بزرگ خواتین کو پلیٹ فارم سے اترنے کے بعد ریل کی پٹریوں پر چلتے ہوئے دیکھا۔اور اعتراض کیا۔لیکن انہوں نے توجہ نہیں دی اور چند منٹ بعد ہی دونوں بزرگ خواتین پٹریوں کوعبور کرتے ہوئے پلیٹ فارم نمبر 2 کی جانب واپس ہونے لگی تھیں۔انہوں نے ان دونوں بزرگ خواتین کو متنبہ کیا کیا کہ تھوڑی ہی دیر میں اس ریلوے ٹریک سے”مدھیہ پردیش سمپرک کرانتی ایکسپریس”گزرنے والی ہے۔لیکن انہوں نےدوبارہ ان سنی کردی۔
اور ان دونوں میں سے ایک خاتون پلیٹ فارم پر چڑھنے میں کامیاب ہوگئیں،دوسری عمر رسید خاتون ہنوز ریل کی پٹریوں پر ہی تھیں۔پھر بھی کملیش دوبے چلاتے ہوئے اور ہاتھ کے اشارہ سے اس خاتون کو فوری ریلوے ٹریک کےپیچھے خالی جگہ پرجانے اور وہیں کھڑے رہنے کے لیے کہتے رہے۔
لیکن وہ ضعیف خاتون جونہی ریلوے پلیٹ فارم تک پہنچیں انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ٹرین آگئی۔لیکن کملیش دوبے نے حوصلہ نہیں ہارا اور اپنی زندگی کو داؤ پر لگاتے ہوئے پھرتی کے ساتھ بھاگ کر اس ضعیف خاتون کوایک ایسے وقت پلیٹ فارم پرکھینچ کر اپنے دونوں پیروں میں دبا کر پکڑے رکھا جب ان دونوں کے پیچھے سے دندناتی ہوئی ٹرین گزر رہی تھی۔

ریلوے ہیڈکانسٹیبل کملیش کمار دوبے کا تعلق جھانسی ضلع کے مگرپور گاؤں سے ہے جبکہ اس خاتون کی شناخت مدھیہ پردیش کے چھتر پورضلع کی ساکن رام سکھی تیواری کے طور پر ہوئی ہے۔
یہ خاتون اپنے خاندان کے ساتھ ہری دُوار جارہی تھی،لیکن ان کی ٹرین کلنگااتکل ایکسپریس کئی گھنٹے کی تاخیر کے باعث للت پور اسٹیشن نہیں پہنچی تھی۔
اس ہیجان انگیز ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اگر ایک لمحہ کے آخری حصہ میں بھی کملیش یادو یا اس ضعیف خاتون سے تھوڑی سی بھی چوک ہوجاتی تو ضعیف خاتون اور ہیڈ کانسٹیبل کملیش کمار دوبے دونوں کو ٹرین اپنے ساتھ کھینچ کرلے جاتی۔
کملیش کمار دوبے جو کہ چار بچوں کےباپ ہیں نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ یہ ایک کرشمہ ہی تھا اور اس موقع پر ان کی ٹریننگ کام آگئی انہوں نے کہاکہ تربیت نےمجھے توازن برقرار رکھنے میں مددکی جب تیز رفتار ایکسپریس ٹرین گزر رہی تھی اور میں نےعورت کو اپنی ٹانگوں کے درمیان پکڑ لیاتھا۔اس واقعہ کا ویڈیو پلیٹ فارم پر موجود کیمرے میں قید ہوگیا۔
اس ویڈیو کو مرکزی وزارت ریلوے کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاگیا ہے کہ”آر پی ایف جوان کی چوکسی اور بہادری سے خاتون کی جان بچ گئی!جھانسی ڈویژن کےللت پور اسٹیشن پر ٹریک عبورکرنے والی ایک بزرگ خاتون کو وہاں تعینات ریلوےپروٹیکشن فورس کے ہیڈ کانسٹیبل نے اپنی جان پرکھیل کربچالیا۔تمام مسافرین سے گزارش ہے کہ ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لیے فٹ اوور برج کا استعمال کریں”۔


