وقارآباد ضلع میں شدید بارش کے دؤران زیرتعمیرانڈر بریج کے سیلابی پانی میں خانگی ٹراویلس کی بس پھنس گئی،تمام 50 مسافر محفوظ

شدید بارش کے دؤران زیرتعمیر انڈر بریج کے سیلابی پانی میں خانگی ٹراویلس کی بس پھنس گئی
تمام 50 مسافر محفوظ،وقارآبادضلع میں گزشتہ رات 444 ملی میٹر بارش ریکارڈ، بریج بہہ گیا

وقارآباد: 21۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام )

گزشتہ رات وقارآبادضلع کے مختلف مقامات پر مانسون کی پہلی شدید بارش ہوئی۔جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔اسی بارش کے دؤران رات 11 بجے ضلع کےمومن پیٹ منڈل کے مورنگ پلی میں اس وقت ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب 50 باراتیوں پرمشتمل ایک خانگی ٹراویلس کی بس مورنگ پلی میں زیرتعمیر ریلوے انڈر بریج میں جمع شدہ پانی کے ذخیرہ میں پھنس گئی۔تاہم خوش قسمتی سے اس بس میں سوار تمام مسافر بحفاظت اس پانی سے باہر نکل آئے۔

یہ بس ہنوز آج دوپہر تک بھی نصف سطح تک پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور اس مقام سے پانی کے اخراج کے کام جاری ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ رات جب باراتیوں کو لے کر یہ خانگی بس حیدرآباد واپس ہورہی تھی اس وقت بس ڈرائیور نے پانی کی سطح کو کم سمجھتے ہوئے بس کو آگے بڑھادیا لیکن درمیان میں جانے کے بعد پانی اس بس کے سائلینسر میں داخل ہوگیا اور بس بند ہوگئی۔پریشان اورخوفزدہ مسافر فوری بس سے اترگئے اور پانی سے گزرتے ہوئے سڑک پر آگئے اور دیگر گاڑیوں کے ذریعہ وہاں سے روانہ ہوگئے۔

سب انسپکٹر پولیس مومن پیٹ کے مطابق بورہ بنڈہ حیدرآباد سے شادی کے باراتیوں کی خانگی بس موضع بارواد میں شادی کی تقریب کے اختتام کے بعد واپس ہورہی تھی کہ رات 11بجے کیسارم ریلوے انڈربریج میں ذخیرہ شدہ پانی میں پھنس کرفیل ہوگئی۔اس بس میں سوار تمام باراتی محفوظ طریقہ سے اس بس اور پانی کے ذخیرہ سے باہر نکل آئے۔

آج صبح تک یہ بس سیلابی کے پانی کے ذخیرہ میں مکمل طور پر غرق ہوگئی تھی۔انہوں نے بتایاکہ اس واقعہ کی اطلاع وقارآباد ریلوے کے عہدیداروں کو دے دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ اس بریج کی فوری تکمیل کرلی جائے اور آئندہ اس مقام پر پانی کا ذخیرہ نہ ہو اس کے انتظامات کیے جائیں۔

اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں برہمی پائی جاتی ہے کہ گزشتہ تین سال سے اس انڈر بریج کا کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہےاور ہر سال بارش کے موسم میں یہی مشکلات پیش آتی ہیں اور گزشتہ دو سال کےدؤران دو انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔دوسری جانب گزشتہ رات شدید بارش کے دؤران تگڑ پلی کی ندی پر موجود بریج بھی بہہ گیا ہے۔

گزشتہ رات وقارآبادضلع کےمختلف مقامات پر 444 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔جس میں سب سے زیادہ 90.2 ملی میٹربارش ضلع کے بنٹارم منڈل میں ریکارڈ ہوئی ہے۔جبکہ مومن پیٹ منڈل میں 73.6 ملی میٹر،پوڈور منڈل میں 41.2 ملی میٹر،نواب پیٹ منڈل میں 40.6ملی میٹر، دوما منڈل میں 38 ملی میٹر،بھمرس پیٹ منڈ میں 28 ملی میٹر،کوڑنگل منڈل میں 27.6 ملی میٹر،وقارآباد میں 16 ملی میٹر،تانڈور اور یالال منڈل میں دس،دس ملی میڑ بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔