وقارآباد ضلع : جادو ٹونا کے نام پرنقلی بابا کی غیرانسانی کرتوت، 18سالہ لڑکی کو آگ پر چلایا، دونوں پیر اور ایک ہاتھ جھلس گئے، لڑکی ہسپتال میں زیرعلاج

وقارآباد ضلع میں جادو ٹونا کے نام پر نقلی بابا کی غیرانسانی حرکت
18 سالہ لڑکی کو آگ پر چلایا، دونوں پیر اور ایک ہاتھ شدید جھلس گئے
متاثرہ لڑکی کی خانگی ہسپتال میں زیر علاج،جادو ٹونا کے نام پر لوٹ

وقارآباد/پرگی:18۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

آج کے سائنسی دؤر میں ہر شعبہ میں ترقی ہوئی اور اس ترقی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔اسی کے ساتھ شعبہ طب میں بھی مختلف امراض کی نشاندہی اور ان کے بہتر علاج کی سہولت بھی موجود ہے۔اور اس کے لیے سرکاری اور خانگی ہسپتال بڑی تعداد میں موجود ہیں۔لیکن افسوس کہ اسی سائنس نے آج تک اندھا اعتقاد،بدعقیدگی اور جادو ٹونا کےشکوک و شبہات کا کوئی نسخہ دریافت نہیں کرپائی ہے!!۔

یہی وجہ ہے کہ جادو ٹونا اور بدعقیدگی پر یقین کرنے والے زیادہ تر افراد چند نقلی باباؤں اور جادوگروں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں اور اپنے لاکھوں،ہزاروں روپئے کی رقم سے محروم ہوجانے کے باؤجود انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوتا اور ساتھ ہی صحت بھی مزید بگڑجاتی ہے۔جبکہ ہر قسم کے علاج کے لیے مختلف ہسپتال موجود ہیں۔

ایسی ہی بدعقیدگی اور ایک نقلی بابا کی جاہلیت کی وجہ سے ایک 18 سالہ لڑکی اب ایک ہسپتال میں موت اور زندگی کی جنگ لڑرہی ہے جسے ایک نقلی بابا نے اس کے بدن پر شیطان کے حاوی ہوجانے کا خوف دلاکر جہاں رقم کھینچ لی وہیں اس معصوم لڑکی کو علاج کے نام پر آگ کے جلتے کوئلوں پر چلاتے ہوئے اس لڑکی کے دونوں پیروں اور ایک ہاتھ کو شدید جھلسادیا۔

ریاست تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے دھارور میں آج رات دیر گئے تاخیر سے منظر عام پر آنے والے اس واقعہ کی تفصیلات متاثرہ لڑکی کے والدین کے مطابق دھارور منڈل کے”کوکندہ موضع” کی ساکن اشونی 18 سالہ کے والدین اپنی معمولی اور سست مزاج بیٹی کے علاج کے لیے نقلی بابا رفیع کے پاس لے گئے۔

جو کہ وقارآباد ضلع کے ہی پرگی کے موضع نسکل کے سنسان اور جنگلاتی علاقہ میں موجود ایک درگاہ میں ہر جمعہ کے دن جادو ٹونا اور بھانامتی کے علاج کے نام پر اپنا دھندہ چلاتے ہیں۔جن پر الزام ہے کہ وہ اس کاروبار کے ذریعہ اب تک اندھا اعتقاد رکھنے والوں سے لاکھوں روپئے لوٹ چکے ہیں؟۔

جب اشونی کے والدین گزشتہ جمعہ کو اپنی بیٹی کو لے کر اس نقلی بابا رفیع سے رجوع ہوئے تو انہوں نے بتایا کہ لڑکی پر ایک شیطان حاوی ہے اور وہ اس کے علاج میں ماہر ہیں۔علاج سے قبل پہلے جمعہ کو اس نقلی بابا نے لڑکی کو بیڑیاں پہنائیں اور پھر واپس یہ کہتے ہوئے بھیج دیا کہ آئندہ جمعہ کو آئیں مکمل علاج ہوگا۔

متاثرہ لڑکی کے والدین کے مطابق جب وہ دوسرے جمعہ 13 مئی کو اس نقلی بابا کے پاس پہنچے تو اس نے ان سے بڑی رقم حاصل کرتے ہوئے لڑکی کو شیطان کے بدن پر حاوی شیطان کو بھگانے کے نام پر جلتے ہوئے کوئلوں پر چلایا اور خود بھی اس لڑکی کے پیروں پر اپنے پیر رکھ کر پانچ تا 6 منٹ کھڑا ہوگیا۔بعدازاں انہی کوئلوں سے اشونی کا ایک ہاتھ بھی جلایا۔جس کے باعث اشونی کے دونوں پیر اور ایک ہاتھ شدید جھلس گئے۔

جب اس غیرانسانی علاج کے بعد والدین اپنی بیٹی کو لے کر مکان واپس ہوئے تو جھلسے ہوئے پیروں اور ہاتھ کے درد سے اشونی تڑپ رہی تھی تو اس کے والدین نے فوری اپنی بیٹی کو وقارآباد کے ایک خانگی ہسپتال کو منتقل کیا۔جہاں وہ زیرعلاج ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق اشونی کی حالت مستحکم ہے اور آج ہی آپریشن کیا گیا ہے ساتھ ہی اس لڑکی کو بہتر طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

آج رات دیر گئے اس واقعہ کی اطلاع میڈیا کو حاصل ہونے کے بعد محکمہ پولیس بھی چوکس ہوگیا ہے۔امکان ہے کہ اس نقلی بابا کو پولیس اپنی تحویل میں لے کر تفتیش کرے گی اور اس کی باقاعدہ گرفتاری کا بھی امکان ہے!! 

” ہسپتال میں زیر علاج متاثرہ لڑکی کی ماں کا بیان ”