آسام سیلاب کی لپیٹ میں،8 ہلاک،چار لاکھ سے زائد افراد متاثر
ٹرین الٹ گئی،پٹریاں،سڑکیں اور پُل بہہ گئے،زمین کھسکنے کے واقعات
انڈین آرمی اور ایئرفورس امدادی کاموں میں مصروف
گوہاٹی/نئی دہلی: 18۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
موسلا دھار اور تیز بارش نے آسام میں تباہی مچارکھی ہے۔جہاں ریاست کے 26 اضلاع سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ریاستی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ دو دنوں کے دؤران اس آفت سماوی سے مرنے والوں کی تعداد اب تک 8 تک پہنچ گئی ہے۔آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایس ڈی ایم اے) کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ پیر کوریاست کے 20 اضلاع میں 1,97,248 سے متاثرہ افراد کی تعداد اب مزید 6 اضلاع کے ساتھ جملہ 26 اضلاع میں 4,03,352 تک پہنچ گئی ہے۔
آسام اور پڑوسی ریاستوں تریپورہ،میزورم اور منی پور میں بھاری مٹی کے تودے گرنے کے بعد بارک ویلی اور دیما ہساو ضلع سے ریل اور سڑک کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔زمین کھسکنے اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات نے ارونا چل پردیش اور میگھالیہ میں بھی تباہی مچائی ہے،کئی علاقوں میں سڑک اور ریل کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔کیچھر سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جہاں 96,697 افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔جبکہ بالترتیب 88,420 اور 58,975 لوگ سیلاب کی زد میں ہیں۔
اسی دؤران علاقائی محکمہ موسمیات،گوہاٹی نے چہارشنبہ تک آسام میں مزید شدید بارش کے ساتھ ساتھ ریاست بھر میں اگلے پانچ دنوں تک بڑے پیمانے پر بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔
40,000 سے زائد سیلاب سے متاثرہ افراد نےمختلف متاثرہ علاقوں میں قائم 89 ریلیف کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔اس سیلاب کے باعث ریاست میں پیر سے اب تک 11 پشتے ٹوٹ چکے ہیں،جبکہ مزید 6 پشتے متاثر ہوئے ہیں،اس کے علاوہ مکانات،سڑکوں،پلوں،ٹین کی پٹریوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔اے ایس ڈی ایم اے کے بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ درینگ ضلع کے گوہاٹی اور کھروپیٹیا کے پانی میں محصور ہوجانے کی اطلاعات ہیں۔
آسام میں سیلاب کی صورت حال مزید خراب ہونے پر انڈین آرمی کو امدادی کارروائیوں کے لیے طلب کرلیاگیا ہے۔جو کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے عوام کو ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔گوہاٹی میں ایک دفاعی ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مدد کی درخواست موصول ہونے کے بعد فوج اور آسام رائفلز نے منگل کو کیچھر کے مختلف حصوں میں سیلاب سے بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے دو کالم شروع کیے ہیں۔
انڈین ایئر فورس جو دیما ہاساو میں پھنسے ہوئے ٹرین کے مسافروں کو ایئرلفٹنگ میں مدد فراہم کررہی ہے،جبکہ ہاف لانگ میں اسٹیشن میں کھڑی ہوئی ٹرین زمین کھسکنے کے باعث الٹ گئی۔انڈین ایئر فورس سے مزید درخواست کی گئی ہے کہ وہ 35 پھنسے ہوئے ریلوے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ نیو ہافلونگ ریلوے اسٹیشن سے بچائے گئے مسافروں کو بھی بچائیں جو ملبے میں دبے ہوئے ہیں۔اس کے آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد ہندوستانی فضائیہ سے کہاگیا ہے کہ وہ آج سے ضلع میں سب سے زیادہ ضروری سامان روانہ کرے۔
دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آسام کو مرکزی حکومت کی جانب سے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ریاستی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے اور مواصلاتی ذرائع کو بحال کرنے کے اقدامات میں مصروف ہے۔آسام کے وزیراعلیٰ ہمانتا بسوا سرما ریاست کے سیلابی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔


