دہلی میں تین منزلہ تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے
20 افراد ہلاک، 12 زخمی،مزید ہلاکتوں کا شبہ
نئی دہلی:13۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
آج جمعہ کی شام دیر گئے مغربی دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے۔محکمہ فائر سرویس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ عمارت میں مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور بچاؤ کام جاری ہیں۔
جبکہ دیگر میڈیا اطلاعات میں مہلوکین کی تعداد 25 بتائی جارہی ہے!۔
خبررساں ادارہ اے این آئی کے مطابق دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب تین منزلہ تجارتی عمارت میں آگ لگنے سے 20 لاشیں برآمد ہوئیں اور فائر ڈائریکٹر دہلی اتل گرگ نے اس کی تصدیق کی ہے۔
رات ساڑھے 11بجے خبررساں ادارہ اے این آئی نے سنیل چودھری ڈپٹی چیف فائر آفیسر،دہلی فائر سرویس کےحوالے سے اطلاع دی کہ آگ سے متاثرہ اس تین منزلہ تجارتی عمارت سے اب تک 26 نعشیں نکالی جاچکی ہیں اور بچاؤ کام جاری ہیں۔بعدازاں ہیلتھ منسٹر دہلی ستتیندر جین نے تصدیق کی کہ مہلوکین کی تعداد 27 تک پہنچ گئی اور 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ڈی سی پی شرما نے بتایا کہ اس عمارت سے 50 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ڈی سی پی سمیر شرما نے میڈیا کو بتایا کہ دہلی پولیس نے آج شام دہلی کے منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب آگ لگنے والی عمارت کے مالک ہریش گوئل اور ورون گوئل کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے اس سانحہ پر اپنے غم کا اظہار کیا اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سوگوارخاندانوں سے زخمیوں کی جلدصحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وہیں وزیراعظم نریندرمودی نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”دہلی میں خوفناک آتشزدگی کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا ہے۔میرے ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔میں زخمیوں کی جلدصحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
وزیراعظم نریندرمودی کے دفتر سے کیے گئے ٹوئٹ میں دہلی میں آتشزدگی میں اپنی جان گنوانے والوں کے لواحقین کے لیے پی ایم نیشنل ریلیف فنڈ سے فی کس 2 لاکھ روپے کی امداد اور زخمیوں کو فی کس 50,000 روپے دئیے جانے کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”دہلی کے منڈکا میں آتشزدگی کاواقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔میں متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہوں،انتظامیہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہے۔این ڈی آر ایف بھی جلد ہی وہاں پہنچ رہا ہے ہماری ترجیح لوگوں کو نکالنا اور زخمیوں کو فوری علاج فراہم کرنا ہے”۔
چیف منسٹر دہلی اروندکیجریوال نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”اس اندوہناک واقعہ کے متعلق جان کر میں صدمہ اور تکلیف میں ہوں۔میں مسلسل افسران سے رابطہ میں ہوں۔ہمارے بہادر فائر مین آگ پر قابو پانے اور جان بچانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ خدا سب کا بھلا کرے”۔
کانگریسی قائد ورکن پارلیمان راہول گاندھی نےاپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”منڈکا میٹرو اسٹیشن کے قریب دہلی آتشزدگی میں جانوں کےالمناک نقصان سے غمزدہ ہوں۔سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا”۔


