حیدرآباد کے سرورنگر میں ناگا راجو کے قتل کا معاملہ
چیئرمین قومی ایس سی کمیشن وجئے سمپلا کا دؤرہ مرپلی
مقتول کے افرادخاندان سے ملاقات،مختلف امدادی اعلانات
وقارآباد/مرپلی: 07۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام؍نمائندہ خصوصی)
چیئرمین قومی کمیشن برائےشیڈول کاسٹس(ایس سی کمیشن) مسٹر وجئے سمپلا نے آج براہ حیدرآباد،سداشیوپیٹ وقارآبادضلع کے مرپلی منڈل مستقر پہنچ کر چہارشنبہ 4 مئی کی رات بین مذہبی شادی کرلینے والے نوجوان بی۔ناگا راجو (26 سالہ) کے ان کی بیوی عشرین سلطانہ(اصل نام آفرین سلطانہ)کے بھائی مبین احمد اوراس کے ساتھیوں کے ہاتھوں ہوئے بہیمانہ قتل کے واقعہ کے بعدمتوفی بی۔ناگا راجو کےوالدین سرینواس اور انوسوجا کے علاوہ متوفی کی بیوی عشرین سلطانہ سے ملاقات کرتے ہوئے اس واقعہ پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور انہیں تیقن دیا کہ اس معاملہ میں قومی کمیشن برائے شیڈول کاسٹس اور وہ خود اس خاندان کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین قومی کمیشن برائے شیڈول کاسٹس(ایس سی کمیشن )مسٹر وجئے سمپلا نے ناگا راجو کے قتل کی واردات اور اس کی وجوہات سے بھی تفصیلی طور پر واقفیت کی اور کہا کہ یہ غیر انسانی عمل ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندان کو تیقن دیا کہ اس قتل کے واقعہ میں ملوث تمام خاطیوں کو قانونی طور پر سخت سزا اور انہیں مکمل انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین قومی کمیشن برائے شیڈول کاسٹس مسٹر وجئے سمپلا نے بتایا کہ انہوں نے اس متاثرہ خاندان سے تمام تفصیلات حاصل کیں۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول ناگا راجو کی بیوی عشرین فاطمہ نے قتل کے واقعہ کی مکمل تفصیلات سے انہیں واقف کروایا۔ جسے سن کر ان کے رؤنگٹھے کھڑے ہوگئے۔مسٹر وجئے سمپلا نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ ناگا راجو کے قتل میں ناگاراجو کی بیوی کے بھائی سمیت جملہ پانچ افراد ملوث ہیں۔جن میں سے پولیس نے دو ملزمین کوگرفتار کرلیا ہے۔
قتل کے واقعہ پر تاسف کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پیش نہیں آناتھا لیکن بدقسمتی سے پیش آگیا۔جس کی وہ شدیدمذمت کرتے ہیں۔
چیئرمین قومی ایس سی کمیشن مسٹر وجئے سمپلا نے کہا کہ اس قتل کے واقعہ پر آج شام حیدرآباد میں ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کماراور ریاستی ڈی جی پی ایم۔مہیندرریڈی کے ساتھ ان کی ملاقات طئے ہے۔اس ملاقات میں دیگر تین خاطیوں کی بھی گرفتاری کے سلسلہ میں وہ بات کریں گے۔
مسٹر وجئے سمپلا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب ایسے واقعات پیش آتے ہیں تو ایس سی ایکٹ کے تحت چند قواعد اور رہنمایانہ اُصول موجود ہیں جس کے تحت ایسے متاثرہ خاندان کو 8 لاکھ 25 ہزار روپئے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔اور اس معاوضہ کا نصف حصہ فوری طورپر حوالے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں ریاستی حکومت نے بتایا ہے کہ تمام اقدامات کیے جارہے ہیں اور کل تک معاوضہ کی رقم اس خاندان کو مل جائے گی۔
” چیئرمین قومی ایس سی کمیشن کی میڈیا سے بات،اس ویڈیو میں "
چیئرمین قومی ایس سی کمیشن مسٹر وجئے سمپلا نے بتایا کہ ایکٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کو ماہانہ 5 ہزار روپئے کا وظیفہ دیا جاتا ہے۔اور اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر وقارآباد اقدامات کررہی ہیں ماہانہ وظیفہ بھی جاری کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان کو ایک پکا مکان بھی دیا جاتا ہے اس سلسلہ میں ضلع کلکٹر وقارآباد نے انہیں بتایا کہ زیرتعمیر ڈبل بیڈروم مکانات میں سے ایک مکان ناگا راجو کے افراد خاندان کو اندرون ایک ہفتہ حوالے کیا جائے گا۔
مسٹر وجئے سمپلا نے کہا کہ مقتول ناگ راجو کے خاندان کوکوئی ذرائع آمدنی نہیں ہے،مقتول ناگا راجو ہی جو کہ گرائجویٹ(بی کام)تھے اور اس گھر کی کفالت کا اصل ذریعہ تھے،تو ناگاراجو کے افراد خاندان کو کاشت کاری کے ذریعہ معاشی ذریعہ پیدا کرنے کے لیے زرعی اراضی دینے کی ضلع کلکٹر کوہدایت دی ہے جس پرضلع کلکٹر نےکہا ہے کہ اس سلسلہ میں بھی اس خاندان کو اراضی جلد ہی حوالے کی جائے گی
چیئرمین قومی کمیشن برائے شیڈول کاسٹس مسٹر وجئے سمپلا نے کہاکہ مقتول ناگاراجو کی بیوی عشرین فاطمہ جو کہ بی۔کام گرائجویٹ ہیں کو ملازمت کی فراہمی کی بھی ضلع کلکٹر وقارآبادکو ہدایت دی گئی ہے،ان کے علاوہ بھی مقتول کے دیگر افراد خاندان کو ملازمتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ناگاراجو کے قاتلوں کوسخت سزا کو یقینی بنایا جائے گا۔اور اس سلسلہ میں وہ آج شام چیف سیکریٹری اور ڈی جی پی کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں بات کریں گے۔
چیئرمین قومی ایس سی کمیشن مسٹر وجئے سمپلاکے آج دؤرہ مرپلی اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کے موقع پر سابق ریاستی وزیر ڈاکٹر اے۔ چندراشیکھر،سابق رکن پارلیمان وویک،رکن قومی ایس سی کمیشن راملو موجود تھے۔
"حیدرآباد کے سرور نگر علاقہ میں پیش آئے ناگاراجو کے قتل کے واقعہ پر مشتمل تفصیلی رپورٹ اس لنک پر پڑھی جاسکتی ہے۔"


