مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سڑک حادثہ،عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئیں تانڈور کی خاتون جاں بحق، دو فرزندان اور بھانجہ زخمی

مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان سڑک حادثہ
عمرہ کی ادائیگی کے لیے گئیں تانڈور کی خاتون جاں بحق
دو فرزندان اور بھانجہ زخمی، تینوں کی حالت مستحکم

وقارآباد/تانڈور: 27۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)

عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع کے تانڈورسے اپنے دو فرزندان اور ایک بھانجہ کے ساتھ سعودی عرب روانہ ہوئیں خاتون گزشتہ رات وہاں ایک خوفناک سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئیں۔اس کار کے حادثہ میں ان کے ساتھ موجود ان کے دونوں فرزندان معمولی زخمی ہوئے تاہم ان کے بھانجے شدید زخمی ہوگئے جنہیں وہاں ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق تانڈور کے ساکن محمدخواجہ میاں مرحوم (پٹرول پمپ) کی اہلیہ محترمہ و امیر جمعیت اہلحدیث تانڈور مولانا محمد عثمان غنی کی والدہ محترمہ امینہ خاتون 66 سالہ اپنے دو فرزندان محمد حیدرعلی مرتضیٰ اور محمد عمرفاروق کے علاوہ اپنے بھانجے محمد زکی الدین ولد محمد افضل الدین ساکن بی ایچ ای ایل کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے 15 اپریل،13 رمضان المبارک کو المیزان ٹورس و ٹراویلس کے ذریعہ حیدرآباد ایرپورٹ سے سعودی عرب روانہ ہوئیں تھیں۔حیدرآباد سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ اس قافلہ میں جملہ 47 عازمین عمرہ تھے۔جن میں سے 6 عازمین کا تعلق تانڈور سے ہے۔

مرحومہ کے فرزند امیر جمعیت اہلحدیث تانڈور مولانا محمدعثمان غنی نے بتایا کہ گزشتہ رات مدینہ منورہ میں نماز تراویح کی ادائیگی کے بعد عمرہ ادا کرنے کی غرض سے ان کی والدہ محترمہ امینہ خاتون اپنے دو فرزندان محمد حیدرعلی مرتضیٰ اور محمد عمرفاروق کے علاوہ اپنے بھانجے محمد زکی الدین کے ساتھ ایک کار کے ذریعہ مدینہ منورہ سے مکہ معظمہ روانہ ہورہی تھیں کہ مدینہ منورہ سے 147 کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرنے کے بعد وادی فرح کے مقام پر کار کے ڈرائیور نے سڑک کے کنارے کھڑی ہوئی سعودی پولیس کی کار کو عقب سے ٹکر دے دی۔

اس حادثہ میں محترمہ امینہ خاتون سر پر چوٹ لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں اور ان کے دو فرزندان محمد حیدرعلی مرتضیٰ اور محمد عمرفاروق بھی زخمی ہوئے۔ وہیں کار کی اگلی نشست پر بیٹھے ہوئے محمد زکی الدین شدید زخمی ہوگئے۔ان تمام زخمیوں کوفوری قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم دؤران علاج محترمہ امینہ خاتون زخموں سے جانبر نہ ہوسکیں۔جبکہ کار ڈرائیور ایر بلون کی وجہ سے محفوظ رہا۔

ڈائرکٹر المیزان ٹورس اینڈ ٹراویلس حیدرآباد حافظ محمد فیاض الدین نے مدینہ منورہ سے فون پر بات کرتے ہوئے سحرنیوزڈاٹ کام کے نمائندہ کو بتایا کہ اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی وہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔بعدازاں وہاں ہسپتال میں زخمیوں کے بہتر علاج کے لیے نمائندگی کی۔انہوں نے بتایا کہ مقامی حکام سے وہ رابطہ میں ہیں اور مرحومہ امینہ خاتون کی جنت البقیع میں تدفین کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

افراد خاندان کی جانب سے دستیاب اطلاع کے مطابق مرحومہ کی تدفین وہیں عمل میں لائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام درکار دستاویزات یہاں سے سعودی حکام کو روانہ کیے جارہے ہیں۔

مرحومہ امینہ خاتون کے لواحقین میں پانچ دختران اور 4 فرزندان شامل ہیں۔مرحومہ انتہائی دیندار،ہمدرد اور ملنسار خاتون تھیں ضرورتمندوں کی مدد کرنا ان کا خاص وصف تھا۔

عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے سعودی عرب میں کار حادثہ میں محترمہ امینہ خاتون کے جاں بحق ہونے کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کے افراد خاندان،رشتہ داروں اور مقامی مسلمانوں میں غم و اندوہ کی لہر دؤرگئی ہے۔مقامی مسلم ذمہ داران نے مرحومہ کے افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

امیر جمعیت اہلحدیث تانڈور مولانا محمدعثمان غنی نے تمام احباب سے ان کی والدہ محترمہ امینہ خاتون کی مغفرت اور اس حادثہ میں زخمی ان کے خالہ زاد بھائی محمد زکی الدین کی عاجلانہ صحتیابی اور ان کے زخمی دونوں بھائیوں محمد حیدرعلی مرتضیٰ اور محمد عمرفاروق کی بھی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔