مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے 600مستحق مسلم خاندانوں میں 9 لاکھ روپئے مالیتی رمضان راشن کِٹس کی تقسیم

مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے 600مستحق مسلم خاندانوں میں
مختلف اشیائے ضروریہ پرمشتمل 9 لاکھ روپئے مالیتی رمضان راشن کِٹس کی تقسیم

وقارآباد/تانڈور:24۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)

مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور،ضلع وقارآباد کی جانب سے تانڈور میں اس کے دفتر واقع اسٹیشن روڈ پر 600مستحق مسلم خاندانوں میں 8 لاکھ 88 ہزار روپئے مالیتی رمضان راشن کٹس کی تقسیم سیکریٹری ویلفیئر ٹرسٹ محمد باسط علی،ڈاکٹرمحمدضیا،سید ارشدحسین کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی۔

سیکریٹری مسلم ویلفیئرٹرسٹ محمد باسط علی نے بتایا کہ اس رمضان کٹس میں چاول،گیہوں کا آٹا،توردال،خوردنی تیل،دودھ،سیویاں،مغزیات ،شکر، ڈالڈہ،مرچ پاؤڈر اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔اور اس فی رمضان راشن کٹ کی قیمت 1,480 روپئے ہے۔

محمد باسط علی،سیکریٹری مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور نے بتایا کہ ٹرسٹ کے ذمہ داران کی جانب سے تانڈور کے تمام 36 بلدی حلقوں میں سروے کے بعد 500مستحق مسلم خاندانوں اور مواضعات کندینلی،ریگنڈی،ممباپور،آڑکی چیرلہ،تٹے پلی کے 100مستحق مسلم خاندانوں کا سروے کرنے کے بعد انتخاب عمل میں لاتے ہوئے ان رمضان کٹس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔

جبکہ مواضعات کے مستحقین کے مکانات تک مسلم و یلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے یہ رمضان راشن کٹس پہنچائی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے گزشتہ 13 سال سے بلا ناغہ رمضان کٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔جبکہ گزشتہ دو سال 2020-21 میں کورونا وبا کے دؤران مستحقین کے مکانات تک یہ رمضان کٹس پہنچائی گئی تھیں۔

آسمان چھوتی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے۔گزشتہ دو سال کے دؤران اتنی ہی رقم میں مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور کی جانب سے 900 مستحق مسلم خاندانوں میں انہی اشیائے ضروریہ پرمشتمل رمضان کٹس تقسیم کی جاتی تھیں۔لیکن اس سال مہنگائی کے باعث 600 خاندانوں کو ہی یہ کٹس تقسیم کرنا ممکن ہوپایا ہے۔!!

سیکریٹری مسلم ویلفیئرٹرسٹ محمد باسط علی نے اس سلسلہ میں اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی مستحق مسلم خاندانوں میں ماہ رمضان میں راشن کٹس کی تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔