وقارآباد ضلع کے تانڈور کی اندرا نگرکالونی میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ، 135مکانات کی تلاشی، 108؍گاڑیاں ضبط

وقارآباد ضلع کے تانڈور کی اندرانگر کالونی میں پولیس کا کارڈن اینڈ سرچ
ڈی ایس پی کی قیادت میں 135 مکانات کی تلاشی،108 گاڑیاں ضبط
دو گھنٹوں تک کالونی کا محاصرہ،مکینوں کی تفصیلات کا حصول،دستاویزات کی جانچ

وقارآباد/تانڈور:29۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس کی ہدایت پر آج منگل کی صبح کی اولین ساعتوں میں اچانک ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا کی قیادت میں پولیس نے تانڈور کے بلدی حدود میں موجود اندرانگر کالونی میں کارڈن اینڈ سرچ کے ذریعہ 135 مکانات کی تلاشی لی۔اس کارڈن اینڈ سرش کے دؤران مکان مالکین اور کرایہ داروں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ان کے آدھارکارڈز کی جانچ کی گئی۔اور ساتھ ہی مشتبہ افراد سے بھی متعلق بھی پوچھ تاچھ کی گئی۔

پانچ بجے صبح انجام دئیے گئے اس کارڈن اینڈ سرچ میں بڑی تعداد میں پولیس نے حصہ لیا۔زائداز دو گھنٹوں تک پولیس فورس نے اندرانگر کالونی کا محاصرہ کرتے ہوئے تلاشی لی اور اس دؤران 91 موٹرسیکلیں،9 آٹورکشا اور 8 کاروں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ پولیس کی جانب سے آج پہلی مرتبہ اندرانگر کالونی میں کارڈن اینڈ سرچ انجام دیا گیا ہے!!۔

اس تلاشی مہم کے بعد ڈی ایس پی تانڈورلکشمی نارائنا نے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں اعتماد بحال رکھنے،ان کے تحفظ ، غیر سماجی افراد کی نشاندہی کے ذریعہ جرائم پر قابو پانے اورامن و امان کی برقراری کی غرض سے ہی کارڈن اینڈ سرچ انجام دیا گیا۔تاکہ شہری خود کو محفوظ سمجھیں کہ پولیس ہمیشہ چوکس رہتی ہے اور ان کی مدد کے لئے کبھی بھی پہنچ سکتی ہے۔

ڈی ایس پی لکشمی نارائنا نے تحویل میں لی گئیں جملہ 108 گاڑیوں کے مالکین کومشورہ دیا کہ وہ پریشان نہ ہوں اور ساتھ ہی ہدایت دی کہ وہ مناسب دستاویزات پیش کریں تو جانچ کے بعد یہ تمام گاڑیاں مالکین کے حوالے کردی جائیں گی۔

اس موقع پر سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندرریڈی،سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور(رورل) رام بابو،سب انسپکٹران پولیس تانڈور ایم اے رؤف،اروند کمار،مدھوسدھن ریڈی،ارکان بلدیہ محمد اسلم،بھیم سنگھ راتھوڑ اور دیگر موجود تھے۔