پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری
آج بھی پٹرول کی قیمت میں 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 70 پیسے کا اضافہ
سات دنوں میں جملہ 4 روپئے 70 پیسوں کا اضافہ،مزید اضافہ کا امکان!
نئی دہلی: 29-مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔آج منگل 29 مارچ کو بھی پٹرول کی قیمت میں 80 پیسے اور ڈیزل کی قیمتوں میں 70 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس پر آج صبح 8 بجے سے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔اس طرح ایک ہفتہ کے دؤران ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جملہ 4 روپئے 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
22 مارچ کو شرح نظر ثانی میں ساڑھے چار ماہ کے طویل وقفہ کے خاتمے کے بعد قیمتوں میں آج یہ ساتواں اضافہ ہے۔یعنی سات دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 4.80 روپئے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔22 مارچ سے چار دنوں تک ان پٹرولیم اشیاء کا 80 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا-
جون 2017 سے یومیہ قیمتوں پر نظرثانی شروع کی گئی تھی اس وقت سے روزآنہ کی بنیاد پر ان پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا نیا سلسلہ شروع کیا گیا تھا ہے۔
کوٹاک انسٹیٹیوشنل ایکویٹیس کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں کروڈ آئیل کی قیمت فی بیارل 100 تا 120 فی ڈالر دستیاب ہورہی ہے اس حساب سے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 13 روپئے اور پٹرول کی قیمت میں 10 روپئے 60 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ناگزیر ہے۔ہندوستان اپنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے درآمدات پر 85 فیصد انحصار کرتا ہے۔
آج اضافہ شدہ قیمتوں کے بعد ملک کے دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 100.21 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 91.47 روپئے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے جوکہ ایک ریکارڈ ہے۔وہیں ممبئی میں پٹرول 115.04 روپئے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 99.25 روپئے فی لیٹر ہوگئی ہے۔اسی طرح چنئی میں پٹرول فی لیٹر 105.94 روپئے اور ڈیزل 96 روپئے فی لیٹر،کولکاتا میں پٹرول فی لیٹر 109.68 روپئے اور ڈیزل 94.62 روپئے،بنگلورو میں پٹرول فی لیٹر 105.62 روپئے اور ڈیزل 89.70 روپئے فروخت ہورہا ہے۔
ریاست تلنگانہ کے عوام پر ان بڑھتی ہوئی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے اثر کی بات کی جائے تو آج 29 مارچ کو حیدرآباد میں اضافہ شدہ قیمتوں کے بعد پٹرول کی قیمت فی لیٹر 112.37 روپئے اور ڈیزل 99.07 روپئے پہنچ گئی ہے۔
جبکہ ریاست تلنگانہ اضلاع میں موجودہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں کی بات کی جائے تو "آئیل پرائز ڈاٹ کام” کے مطابق ضلع میدک میں پٹرول کی قیمت فی لیٹر 113.51 روپئے اور ڈیزل کی قیمت 99.18 روپئے ہوگئی ہے۔اسی طرح رنگاریڈی ضلع میں پٹرول فی لیٹر 112.58 روپئے اور ڈیزل 99.07 روپئے،کریم نگر ضلع میں پٹرول فی لیٹر 112.24 روپئے اور ڈیزل 99.24 روپئے،ورنگل ضلع میں پٹرول فی لیٹر 112.6 روپئے،کھمم ضلع میں پٹرول فی لیٹر 112.15 روپئے اور ڈیزل 99.72 روپئے فروخت ہورہا ہے۔
امکان ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا! ملک اور ریاست کے مختلف شہروں اور اضلاع میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فرق کی اہم وجہ ذرائع حمل و نقل کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
مرکزی حکومت اور آئیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے باعث کروڈ آئیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

