وقارآباد ضلع کے پوڈور منڈل میں ایک نابالغ لڑکی کا قتل، ہراساں کرنے والے نوجوان پر شبہ!ضلع ایس پی نے جائے مقام کا دؤرہ کیا

وقارآباد کے پوڈور منڈل میں ایک نابالغ لڑکی کا قتل
عشق کے نام پر ہراساں کرنے والے نوجوان پر شبہ!!
ڈاگ اسکواڈ کی مدد، پولیس کلوز ٹیم،فنگر پرنٹ ٹیم نے شواہد حاصل کرلیے
ضلع ایس پی نے جائے مقام کا دؤرہ کیا،والدین سے تفصیلات حاصل کیں

وقارآباد/تانڈور:28۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

ضلع وقارآبادکے پوڈور منڈل کے ایک موضع میں ایک بالغ لڑکی کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔جس نے اس منڈل کے علاوہ پورے ضلع میں نے سنسنی کی لہر پیدا کردی ہے۔

اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق پوڈور منڈل کے انگڑی چٹم پلی موضع کی ساکن پروینا (15سالہ)کی نعش آج صبح جنگل کے ایک سنسان مقام سے برآمد ہوئی۔نعش کو دیکھ کر موضع کے چند افراد نے مقتولہ کے والدین اور پولیس کو اطلاع دی۔

اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد مقتولہ کے والدین اور پوڈور پولیس فوری جائے مقام پر پہنچ گئے۔مقتولہ کی ماں نے شبہ ظاہر کیاہے کہ عشق کے نام پر اس کی لڑکی کو ہراساں کرنے والے نوجوان نے ہی یہ قتل کیا ہوگا؟

اس قتل کے واقعہ کی اطلاع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس بھی جائے مقام پر پہنچ گئے اور لڑکی کے والدین و دیگر رشتہ داروں کے ساتھ نعش کا معائنہ کیا۔اور ان سےمکمل تفصیلات حاصل کیں۔جائے مقام پر پولیس کلوز ٹیم اور  ڈاگ اسکواڈ بھی طلب کر لیا گیا۔

بعد ازاں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اس قتل کے معاملہ کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ مصروف تحقیقات ہیں۔

انہوں نے مقتولہ کے والدین اور گاؤں والوں کو تیقن دیا کہ اس معاملہ میں ملوث خاطیوں کو کسی بھی حال بخشا نہیں جائے گا اورانہیں قانونی طور پر سخت سزا کو یقینی بناتے ہوئے مقتولہ کے والدین کو مکمل انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے بتایا کہ اس لڑکی کے قتل کے واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس سلسلہ میں ڈاگ اسکواڈ، پولیس کلوز ٹیم،فنگر پرنٹ ٹیم کے ارکان نے تمام ثبوت و شواہد جمع کرلئے ہیں۔اس کے ساتھ ہی مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے دستیاب عصری ٹکنالوجی سے بھی مدد لی جائے گی۔

بعد پنچنامہ نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم وقارآباد کے ایریا ہسپتال کومنتقل کردیا گیا۔اس سلسلہ میں پوڈور منڈل پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔باوثوق ذرائع کے بموجب پولیس چند مشتبہ افراد سے تفتیش کرنے میں مصروف ہے!!