چیف منسٹر بہار نتیش کمار پر ان کے آبائی ٹاؤن میں
ایک شخص کا عقب سے حملہ، پیٹھ پر گھونسہ رسید کردیا
پٹنہ: 27۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو آج خود ان کے آبائی ٹاؤن میں اس وقت شدید پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب سینکڑوں کیمروں کے سامنے اور سخت پولیس بندوبست کے درمیان منعقدہ تقریب میں ایک شخص نے ان پر عقب سے حملہ کرتے ہوئے انہیں گھونسہ رسید کردیا۔جس سے چیف منسٹر نتیش کمار کی سیکیورٹی میں فاش غلطی آشکار ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق حملہ کے فوری بعد حملہ آورشخص کو گرفتار کرلیا گیاہے اور پولیس اس شخص کو اپنی تحویل میں لے کر اس سےتفتیش میں مصروف ہے۔حملہ آور شخص کی شناخت "شنکر سا” کی حیثیت سے کی گئی ہے۔اس ناخوشگوار واقعہ کے وقت سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پٹنہ ضلع اوپیندر کمار سنگھ اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور ڈاکٹر چندراشیکھرسنگھ کے علاوہ دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔
بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے 51 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود پٹنہ ضلع کے ہی بختیار پور میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق 71 سالہ چیف منسٹر بہارنتیش کمار بختیار پور کے ایک سرکاری ہسپتال کے پروگرام میں شرکت کے لیےبعد وہاں وہ آزادی پسندجنگجوشلبھدر جی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے گئے تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید اس واقعہ کے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیف منسٹر نتیش کمار جونہی مجسمہ کےپلیٹ فارم پر پھولوں کا ہار رکھنے کی غرض جھکے عقب سے تیز تیز چلتے ہوئے ایک نوجوان چیف منسٹر نتیش کمار کے پاس پہنچ گیا اور ان کی پیٹھ کی سیدھی جانب اپنے ہاتھ سے ایک گھونسہ رسید کردیا۔
اس سے پہلے کہ وہ چیف منسٹر پر مزید حملے کرتا قریب ہی موجود سیکوریٹی عہدیداروں نے اس نوجوان کو دبوچ لیا۔اس حملہ میں چیف منسٹر نتیش کمار کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور وہ محفوظ رہے۔چیف منسٹر کے سیکورٹی عملہ نے اس حملہ آور نوجوان کو اپنی گرفت میں لے لیا اور فوری طور پرگھسیٹ کر وہاں سے لے گئے۔ذرائع کے مطابق اس حملہ کے بعد چیف منسٹرنتیش کمار یہ کہتے ہوئے سنے گئے کہ”اسے مت مارو۔پہلے معلوم کرو کہ وہ کیا کہنا چاہتا ہے۔”
یاد رہے کہ نتیش کمار کو 12 نومبر 2020 کو بھی ایک حملہ کا سامنا کرنا پڑا تھا جب وہ بہار کے مدھوبنی میں جاری ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے لیے مہم چلا رہے تھے۔ہرلکھی میں ریالی سے خطاب کے دؤران ہجوم میں سے ان پر پیاز پھینکی گئی تھی۔اس وقت نتیش کمار نے غصہ میں کہا تھا کہ ” خوب پھینکو، خوب پھینکو”۔
گزشتہ چند دنوں سے چیف منسٹر بہارنتیش کمار اپنے قدیم حلقہ لوک سبھا”بارہ” کےمختلف مقامات کا دورہ کر رہے ہیں۔نتیش کمار اس حلقہ لوک سبھا "بارہ” سے 1989 سے 1999 تک پانچ مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔اس نوجوان کی جانب سے نتیش کمار پر حملہ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل پایا ہے۔تاہم بہار جیسی ریاست کے چیف منسٹر کی سیکیورٹی میں اس طرح کے واقعہ پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
” حملہ کا مکمل ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے ”

