تلنگانہ : بودھن میں راتوں رات شیواجی کے مجسمہ کی تنصیب، اعتراض کے بعد حالات کشیدہ، آنسو گیس کا استعمال،دفعہ 144نافذ ،حالات قابو میں

تلنگانہ : بودھن میں راتوں رات شیواجی کے مجسمہ کی تنصیب
ایک فرقہ کے اعتراض کے بعد حالات کشیدہ لیکن قابو میں
آنسو گیس کا استعمال،دفعہ 144 نافذ،زائد پولیس طلب

نظام آباد/بودھن: 20۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)

نظام آباد ضلع کے بودھن ٹاؤن میں راتوں رات چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ کی تنصیب کے بعد دو فرقوں کے درمیان تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔شیوسینا اور بی جے پی کی جانب سے اس مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔

اس طرح راتوں رات امبیڈکر چوک کے قریب نصب کیے گئے اس مجسمہ کے خلاف ایک گروپ نے اعتراض کیا۔اور مجسمہ کو اس مقام سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔اس اطلاع کے عام ہوتے ہی دونوں فرقوں کے قائدین،نوجوانوں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد مذکورہ مقام پر جمع ہونے لگی۔

جس کے باعث حالات مزید خراب ہوگئے۔اور پولیس کی بھاری جمعیت نے جائے مقام پر پہنچ کر دونوں گروپس کو سمجھایا۔بودھن میں اس طرح راتوں رات مجسمہ کی تنصیب سے تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔جس پر اقلیتی فرقہ کے لوگوں نے اعتراض کیا کہ اس طرح مجسمہ نصب کرنے کا یہ کونسا طریقہ ہے؟

اس موقع پر حالات کو بے قابو ہونے سے بچانے کے لیے پولیس نے مداخلت کی۔اور کسی بھی قسم کے واقعہ کو روکنے کی غرض سے بھاری پولیس بندوبست کیا گیا ہے۔پولیس کی مداخلت کے باوجود دونوں گروپ اپنی اپنی جگہ بضد ہیں۔اطلاعات کے مطابق اس موقع پر ایک گروپ کے چند احتجاجیوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا گیا!بتایا جارہا ہے کہ اس مجسمہ کے قریب ریلوے ٹریک بھی ہے جہاں سے پتھر پولیس پر پھینکے گئے۔بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام سے مجسمہ ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کی غرض سے لاٹھی چارج کیا بعدازاں حالات کو دیکھتے ہوئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ربر بلیٹ کے استعمال کی بھی اطلاعات ہیں۔ان واقعات میں ایک پولیس ملازم کے بشمول دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔

اس خبر کے لکھے جانے تک بودھن میں حالات قابو میں ہیں۔جبکہ بی جے پی اور شیوسینا سمیت دیگر تنظیموں کے قائدین اور کارکن سڑک پر بیٹھ کر احتجاج میں مصروف ہیں۔اطلاع ہے کہ پولیس نے بودھن ٹاؤن میں دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہیں۔

اضلاع نظام آباد، کاماریڈی اور عادل آباد کے ضلع ایس پیز اور ڈی ایس پیز بودھن پہنچ گئے ہیں۔ساتھ ہی بودھن میں زائد پولیس فورس طلب کرلی گئی ہے۔ڈی ایس پی پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔اسی طرح پڑوسی اضلاع اور ریاست مہاراشٹرا سے کسی کو بھی بودھن میں داخل ہونے سے روکنے کے اقدامات کیے گئے ہیں اور سرحدوں کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔