ایم اے نعیم افو تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئراسوسی ایشن کے بلاء مقابلہ صدرمنتخب
دیگر عہدیداروں کا بھی بلاء مقابلہ انتخاب،نومنتخب عہدیداروں کی رکن اسمبلی سے ملاقات
وقارآباد/تانڈور :19۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
ایم اے نعیم (افو) بحیثیت صدر تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن تین سالہ معیاد 2022-25 کےلیے بلاء مقابلہ منتخب ہوگئے۔ ان کے ساتھ اس تنظیم کے دیگر تمام عہدیدار بھی بلاء مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔
تنظیم کے بائی لاس کے تحت یہ انتخابی عمل الیکشن آفیسر کے ۔تپیا کی نگرانی میں عمل میں لایا گیا۔جنہوں نے نومنتخب عہدیداروں کو سند حوالے کئے۔اس موقع پراپنی تین سالہ معیادکی تکمیل کے بعد صدارت کے عہدہ سےسبکدوش ایم اے قیوم(غنی بھائی)،اوم پرکاش سومانی کےعلاوہ تنظیم کے دیگر عہدیداراور ارکان موجود تھے۔

جبکہ بحیثیت نائب صدور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کنچم مرلی دھر اور عبدالصمد،جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے مرزافیاض بیگ، جوائنٹ سیکریٹریز کی حیثیت سے برج موہن بوب اورمحمد شمشاد حسین اور اے۔سنجیو کمار خازن کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں۔
ساتھ ہی اننتیا یادو،محمد ظفرعلی،وی پی سباراؤ،ایم۔ہیمنت کمار،من سکھ پٹیل،جی۔بسواراج،محمد مشتاق،پی۔رمیش،محمد مکرم الدین،محمد معین الدین اورسید حبیب کا ارکان عاملہ کی حیثیت انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔
اپنے انتخاب کے بعد نومنتخب صدر تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے نعیم افو نے اپنے خطاب میں ان کے انتخاب پر تمام اراکین سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح پتھر صنعت کو درپیش مسائل کو حکومت سے رجوع کرتے ہوئے حل کیا جائے گا اور پتھر صنعت کی ترقی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر اسٹون صنعت سے وابستہ صنعت کار اور سابقہ عہدیدار موجود تھے۔
دوسری جانب نومنتخب صدر تانڈوراسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے نعیم افو،سابق صدر ایم اے قیوم(غنی بھائی)،اوم پرکاش سومانی،جنرل سیکریٹری مرزافیاض بیگ،نائب صدورکنچم مرلی دھر اور عبدالصمد،سنجیو کمار خازن کے علاوہ محمدزین الدین، ہیمنت کمار اور دیگر نے آج رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سے خیرسگالی ملاقات کرتے ہوئے گزشتہ دنوں ان کی جانب سے تانڈور میں کانکنی کے لیے درپیش پتھر کی معدنیات کی لیز کی اجرائی کا مسئلہ ریاستی اسمبلی میں اٹھانے اور حکومت کو واقف کروانے پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے تانڈوراسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کے تمام نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں شال اور گلپوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ساتھ ہی انہوں نے تیقن دیا کہ تانڈور میں موجود پتھر کے کاروبار کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے اور پتھر صنعت کی مزید ترقی کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

