میری صورت پہ نہ جانا،اپنی جیب کو بچانا!!
اداکارہ روپا دتہ کولکاتا بک فیئر میں خواتین کے پرس اور بٹوے چراتے ہوئے گرفتار
پولیس تحقیقات میں کئی انکشافات،مختلف دفعات کے تحت کیس درج
کولکاتا: 14۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
فلمی دنیا کی چکاچوند سے ہر عام انسان متاثر ہوتا ہے اداکاروں کی عالیشان زندگی دیکھ کرحیران بھی ہوتا ہے۔اب اس کے لیے پیسہ کیسے کمایا جاتا ہے یہ اداکاروں اور اداکاراؤں کی کارکردگی اور شہرت پر منحصر ہوتا ہے۔
لیکن کل کولکاتا پولیس نےایک ایسی اداکارہ کو گرفتار کرلیا ہے جس کا پیشہ ٹی وی سیریلس اور فلموں میں کام کرنے کے علاوہ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر خواتین کے پرس اڑانا اور جیب کاٹنا تھا!! جی ہاں یہ سچ ہے۔
کولکاتا پولیس نے کولکاتا میں جاری بین الاقوامی کتاب میلہ میں خواتین کے پرس چوری کرنے کے الزام میں بنگالی فلموں اور ٹی وی کی اداکارہ روپا دتہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

بدھن نگر نارتھ پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ روپالی دتہ کو ہفتہ کے دن اس وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا جب ایک پولیس اہلکار نے اسے پرس کو کوڑے دان میں پھینکتے ہوئے دیکھا۔اس پرس میں 70،000 ہزار روپئے نقد کے علاوہ بڑی تعداد میں” بٹوے” موجود تھے۔
روپا دتہ کی اس گرفتاری اور اس پر عائد الزامات کے بعد بنگالی فلم انڈسٹری میں کہرام مچاہوا ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے روپا دتہ کو کوڑے دان میں پرس پھینکتے ہوئے پکڑے جانے کے بعد پولیس کی تفتیش کے دؤران اس نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ہی پرس چوری کیے تھے۔
پولیس کے مطابق روپا دتہ کے پاس سے نقد رقم کے علاوہ اس کی ایک ذاتی ڈائری بھی برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق اس کی ڈائری سے دستیاب تفصیلات سے پتہ چلا ہے کہ چوری کی وارداتیں انجام دینا روپا دتہ کے لیے عام بات ہے کیوں کہ چوری کی گئیں تفصیلات اس نے خود اپنی ڈائری میں قلمبند کی ہیں اور خود اس بات کا روپا دتہ نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ پیسہ کماکر اپنے شوق پورے کرنے کی غرض سے روپا دتہ زیادہ بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں مرد و خواتین کا دھیان بھٹکاکر پرس اوربٹوے (پاکٹس) اڑایا کرتی تھی جسے حرف عام میں جیب کترا یا Pick Pocketer کہا جاتا ہے۔بعدازاں پولیس نے اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
یہ وہی روپا دتہ ہے جو 2014 میں فلمساز انوراگ کشیپ پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام عائد کرنے کے بعد سرخیوں میں آئی تھی۔اس نے یہاں تک الزام عائد کیا تھا کہ انوراگ کشیپ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت میں ملوث تھے۔
سوشل میڈیا کے اپنے اکاؤنٹس پر روپا دتہ نے خود کے تعارف میں لکھا ہے کہ وہ”کرنی سینا”مغربی بنگال کی صدر ہے۔اور ساتھ ہی یہ خود کو سول فاؤنڈیشن Soul Foundation کی بانی Fiunder،فلاسفر،رائٹر،ڈائرکٹر اور سماجی جہدکار بتاتی ہے۔روپا دتہ نے 2005 میں فلم ساتھی اور 2018 میں فلم گڈنائٹ سٹی میں کام کیا تھا جبکہ جئے ماں ویشنو دیوی سیرئیل میں بھی اداکاری کی۔

