وزیرآبکاری تلنگانہ سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش کا پردہ فاش، 15کروڑ کی سُپاری دینے تیار،8گرفتار: کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا

وزیرآبکاری تلنگانہ سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش کا پردہ فاش
15کروڑ کی سُپاری دینے تیار،8 ملزم گرفتار
سابق ایم پی جتیندرریڈی کے رول کی بھی تحقیقات ہوں گی
کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندراکے پریس کانفرنس میں سنسنی خیز انکشافات

حیدرآباد: 02۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ کے وزیر آبکاری و سیاحت سرینواس گوڑ کے قتل کی سازش کو سائبرآباد پولیس نے ناکام بناتے ہوئے اس معاملہ میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے آج شام دیر گئے پریس کانفرنس میں سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ 23 فروری کو فاروق اور احمد علی سچترا کے قریب ایک لاج میں مقیم تھے۔25 فروری کو یہ دونوں چائے پینے کی غرض سے لاج سے باہر نکلے تھے کہ ناگا راجو اور دیگر ان دونوں کو قتل کرنے کی غرض سے چاقووں کے ساتھ ان کا تعاقب کیا تاہم یہ دونوں اس حملہ میں اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے۔فاروق اور احمد علی نے اس واقعہ کے پانچ گھنٹوں بعد پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تو پولیس نے 307.120B,115،34 IPC, اور 25 AB آرمس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ تحقیقات کے دؤران چند انکشافات ہوا کہ ناگاراجو، یادیا اور وشواناتھ نامی تین افراد محبوب نگر سے حیدرآباد آئے اور کوم پلی کے علاقہ میں سچترا کے قریب فاروق اور احمد علی کا تعاقب کرکے حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم ناکام ہونے کے بعد ان تینوں نے اس علاقہ کے مختلف لاذجس میں ان دونوں کو تلاش کیا۔کمشنر پولیس نے بتایا کہ 26 فروری کو ناگاراجو، یادیا اور وشواناتھ کو پولیس نے گرفتار کرلیا گیا اور انہیں 27 فروری کو عدالتی تحویل میں دیا گیا۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ اس دؤران ناگا راجو نے اپنے اقبالی بیان چند انکشافات کیے کہ راگھویندر راجو نے دیگر کے ساتھ مل کر قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔جس کے بعد تحقیقات کی گئیں تو پتہ چلا کہ راگھویندر راجو، مونور روی اور مدھو سدھن راجو دہلی میں موجود ہیں۔بعدازاں جب ان تینوں کے موبائل سگنل کے ذریعہ لوکیشن کی جانچ کی گئی تو سابق رکن ایم پی جتیندر ریڈی کے ملازمین کے کوارٹرس میں ان کے موجود رہنے کا انکشاف ہوا۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ بتایا کہ ان تینوں کو مذکورہ مقام سے گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔اسی دؤران قتل کے منصوبہ کا انکشاف ہوا۔راگھویندر راجو، روی، مدھوسدھن اور امریندرمحبوب نگر سے وشاکھا پٹنم روانہ ہوئے اور وہاں سے وہ دہلی جاکر روپوش ہوگئے۔

 

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ انہیں سابق ایم پی جتیندر ریڈی کے پی اے اور ڈرائیور نے پناہ دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سروینٹ کوارٹرس میں نوٹس دے کر ان تمام کو تحویل میں لینے کے بعد حیدرآباد لایا گیا۔تفتیش کے دؤران اس قتل کی سازش کا انکشاف ہوا۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ان کے پاس سے چند ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔راگھویندر راجو کے قبضہ سے دو راؤنڈ کا ایک 9 ایم ایم کا ریوالور، دندیگل کے جنگلاتی علاقہ سے راجو کے قبضہ سے 6 راؤنڈ کا ریوالور برآمد کیا گیا۔بعد ازاں ان تمام کی باقاعدہ گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کردیا گیا

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے انکشاف کیا کہ راگھویندر راجو نے تفتیش کے دؤران بتایا کہ ریاستی وزیر آبکاری و سیاحت سرینواس گوڑ کی سازش تیار کی گئی تھی۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فاروق سے ربط قائم کیا گیا تھا اور ساتھ ہی کہا گیا کہ اگر وہ قتل نہیں کرسکتا کسی اور سے ملادے تو ان سے اس منصوبے کو پورا کروانا ہے۔اس نے ریاستی وزیر کے قتل کے لیے 15 کروڑ روپئے تک کی سپاری دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔

کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ اس معاملہ میں جملہ 8 ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔جن میں راگھویندر راجو،مونور روی،امریندر راجو،مدھوسدھن اور انہیں پناہ دینے والے شخص کے علاوہ اس سازش میں شریک مزید تین افراد شامل ہیں۔انہوں نے کہا اس کیس کے اصل سرغنہ امریندر راجو اور مدھوسدھن ہیں جنہوں نے قتل کے لیے 15 کروڑ کی سپاری دینے تیار تھے۔ان تمام ملزمین کو ریمانڈ کردیا گیا۔کمشنر پولیس سائبرآباد نے بتایا کہ ان تمام کو پولیس تحویل میں لے کر مکمل تفتیش کی جائے گی۔

ایک صحافی کے سوال پر کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ اس سازش میں سابق رکن پارلیمان محبوب نگر جتیندر ریڈی کے رول کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ سابق ایم پی کے پی اے راجو اور ڈرائیور تھاپا نے ساؤتھ ایونیو میں ان ملزمین کو پناہ دی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس سازش کی گہرائی کے ساتھ مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی۔اور اصل خاطیوں کا پتہ لگایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ ہتھیار اتر پردیش سے خریدے گئے ہیں۔اور پیٹ بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں کیس درج ہونے اور ناگا راجو کے گرفتار ہونے کے بعد ملزمین کے یہ حقائق سامنے آئے ہیں۔